کورونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد 75 ہزار سے متجاوز، کیسز 13 لاکھ سے زائد

اپ ڈیٹ 07 اپريل 2020
جہاں دنیا بھر میں کورونا کے مریضوں میں مسلسل اضافہ دیکھا گیا وہیں اس سے 2 لاکھ 91 ہزار سے زائد صحت یاب بھی ہوچکے ہیں - فائل فوٹو:اے ایف پی
جہاں دنیا بھر میں کورونا کے مریضوں میں مسلسل اضافہ دیکھا گیا وہیں اس سے 2 لاکھ 91 ہزار سے زائد صحت یاب بھی ہوچکے ہیں - فائل فوٹو:اے ایف پی

دنیا بھر میں پھیلے کورونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد 75 ہزار سے تجاوز کرگئی جبکہ تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 13 لاکھ سے بھی زائد ہے۔

عالمی ادارہ صحت اور متعدد عالمی اداروں کی جانب سے بنائے گئے کورونا وائرس کے عالمی آن لائن میپ کے مطابق 7 اپریل کی شام تک کورونا وائرس سے 75 ہزار 973 ہلاکتیں ہوچکی تھیں جبکہ وائرس کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 13 لاکھ 60 ہزار رہی۔

جہاں دنیا بھر میں کورونا کے مریضوں میں مسلسل اضافہ دیکھا جا رہا ہے، وہاں دنیا بھر میں اس سے ہلاکتیں بھی جاری ہیں اور 6 اپریل تک دنیا بھر میں ہلاکتوں کی تعداد 72 ہزار 638 سے زائد ہو چکی تھی۔

عالمی میپ کے مطابق دنیا بھر میں بیمار ہونے والے مریضوں میں سے 7 اپریل کی شام تک 2 لاکھ 91 ہزار 991 افراد صحت یاب بھی ہوچکے تھے، جس میں سے سب سے زیادہ مریض چین میں 77 ہزار کے قریب صحت یاب ہوچکے ہیں۔

چین میں پہلی بار صفر ہلاکت

دنیا بھر کے 180 سے زائد ممالک کو اپنی لپیٹ میں لینے والی وبا کورونا وائرس کے مرکز چین سے گزشتہ 3 ماہ میں پہلی بار کوئی ہلاکت رپورٹ نہیں ہوئی۔

کورونا وائرس کا آغاز دسمبر 2019 میں چینی صوبے ہوبے کے شہر ووہان سے ہوا تھا اور چینی حکومت نے جنوری 2020 میں ہلاکتوں کی تعداد فراہم کرنا شروع کی تھی۔

حکومت کی جانب سے اٹھائے گئے سخت اقدامات کی وجہ سے ہی مارچ 2020 کے آغاز میں چین نے کورونا وائرس پر قابو پالیا تھا اور پہلی بار مارچ کے وسط میں وبا کے مرکز ووہان سے کوئی کیس رپورٹ نہیں ہوا تھا۔

چین میں اس وقت تقریباً 3 ہزار کے قریب مریض ہسپتالوں میں زیر علاج ہیں اور چینی حکام نے تصدیق کی ہے کہ چین میں پہلی بار 6 اپریل کو کورونا وائرس کی وجہ سے کوئی بھی ہلاکت نہیں ہوئی۔

مزید پڑھیں: کورونا وائرس سرجیکل ماسک پر 7 دن تک زندہ رہ سکتا ہے، تحقیق

چین میں اب تک متاثرہ افراد کی تعداد 82 ہزار 718 تھی، جس میں سے 3 ہزار 335 کے قریب ہلاکتیں جب کہ 77 ہزار 410 مریض صحت یاب ہوچکے تھے۔

امریکا میں ایک روز میں 1200 ہلاکتیں

امریکی حکام کی جانب سے خطرناک ہفتے کے انتباہ کے بعد رواں ہفتے کے پہلے روز ہی امریکا میں ایک روز میں ایک ہزار 200 کے قریب ہلاکتیں ریکارڈ کی گئیں جس کے بعد ملک میں اموات کی مجموعی تعداد 11 ہزار کے نزدیک پہنچ گئی۔

امریکا میں کورونا وائرس سے اب تک کل ہلاک ہونے والوں کی تعداد 10 ہزار 993 ہوگئی جبکہ تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 3 لاکھ 68 ہزار 449 ہے۔

ایک رپورٹ کے مطابق نیو یارک میں یونیفارم پہنے پولیس اہلکاروں میں سے 20 فیصد کورونا وائرس سے متاثر ہوچکے ہیں جن میں سے 12 پولیس اہلکار ہلاک بھی ہوچکے ہیں۔

امریکا ریاست نیو یارک جسے کورونا وائرس کا مرکز بھی کہا جارہا ہے، وائرس سے سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے، دوسری جانب صرف یورپ میں ہی کورونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد 50 ہزار سے تجاوز کرگئی۔

جو عالمی سطح پر ہونے والی 76 ہزار سے زائد ہلاکتوں میں سے یہ ایک بڑا حصہ ہے۔

اٹلی، اسپین اور فرانس میں ہلاکتوں کی شرح میں کمی

اٹلی، اسپین اور فرانس میں کورونا وائرس سے روزانہ کی بنیاد پر ہونے والی ہلاکتوں میں کمی دیکھی گئی ہے جس وجہ عوام کی جانب سے لاک ڈاؤن احکامات پر عمل کرنا بتایا جارہا ہے۔

اٹلی میں گزشتہ دو ہفتوں میں سب سے کم ہلاکتیں ریکارڈ کی گئیں جبکہ تشویش ناک حالت میں مریضوں کی تعداد میں بھی کمی آئی۔

اٹلی میں وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد 16 ہزار 523 ہوگئی ہے جبکہ ایک لاکھ 32 ہزار 547 تصدیق شدہ کیسز سامنے آچکے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: چین میں پہلی بار کورونا سے اموات نہ ہونے کی تصدیق

سول پروٹیکشن ایجنسی کی سربراہ اینجیلو بوریلی نے اپنی روزانہ کی بریفنگ میں کہا کہ ’ہمارے محافظ کو گرنے نہیں دینا ہے، عوام گھروں میں ہی رہیں‘۔

اسپین جہاں اٹلی کے بعد دنیا بھر میں کورونا وائرس سے سب سے زیادہ ہلاکتیں ہوئی ہیں، میں مسلسل چوتھے روز مرنے والوں کی تعداد میں کمی دیکھی گئی،

اسپین میں پیر کے روز 637 ہلاکتیں ہوئیں جو 24 مارچ کے بعد سے کم تر تھیں۔

اسپین میں کورونا وائرس سے کل ہلاکتوں کی تعداد 13 ہزار 798 ہے جبکہ تصدیق شدہ کیسز کی تعداد ایک لاکھ 40 ہزار 510 ہے۔

وزیر صحت سلواڈور الا نے نیوز کانفرنس کے دوران بتایا کہ ڈٰیٹا اس بات کی تصدیق کرتا ہے کہ لوگوں کو گھروں میں رکھنا کام کر رہا ہے۔

فرانس میں کورونا وائرس سے پیر کے روز 357 افراد ہلاک ہوئے جو اس سے ایک روز قبل کے 441 کے مقابلے میں کافی کم تھے۔

وزارت صحت کا کہنا تھا کہ لوگوں کے آئی سی یو میں داخل ہونے کے کیسز بھی کم ہوگئے پیں۔

فرانس میں 17 مارچ کو عوام کو گھروں میں رکھنے کا فیصلہ کیا گیا تھا تاکہ وائرس کے پھیلاو کو روکا جاسکے۔

جرمنی میں کورونا وائرس سے ایک ہزار 607 افراد ہلاک

جرمن میں 24 گھنٹوں میں تصدیق شدہ وائرس کی تعداد 3 ہزار 834 ہوگئی جس کے بعد مجموعی تعداد 99 ہزار 225 ہوگئی۔

واضح رہے کہ گزشتہ 4 دن سے مریضوں کی تعداد میں بتدریج اضافہ ہورہا ہے۔

مزید پڑھیں: دنیا بھر میں کورونا کے کیسز کی تعداد 13 لاکھ سے زائد، ہلاکتیں 72 ہزار سے تجاوز

خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق ہلاکتوں کی تعداد 173 اضافے کے ساتھ ایک ہزار 607 ہوگئی۔

وزیر اعظم بورس جانسن کی بہترین دیکھ بھال کی جارہی ہے، برطانوی وزیر

برطانیہ کے کابینہ کے وزیر مائیکل گوو کا کہنا تھا کہ برطانوی وزیر اعظم بورس جونسن لندن میں انتہائی نگہداشت یونٹ میں ہی ہیں جبکہ ان کی وہاں بہترین دیکھ بھال کی جارہی ہے۔

خیال رہے کہ برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن کو لندن کے سینٹ تھامس ہسپتال کے انتہائی نگہداشت یونٹ میں منتقل کر دیا گیا تھا۔

برطانوی میڈیا کے مطابق حکام کا کہنا تھا کہ طبیعت بگڑنے کے بعد بورس جانسن کو ’احتیاطی تدابیر‘ کے طور پر انتہائی نگہداشت یونٹ منتقل کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ برطانیہ بھی کورونا وائرس سے بری طرح متاثر ہوا ہے جہاں اب تک 52 ہزار 302 تصدیق شدہ کیسز سامنے آچکے ہیں جن میں سے 5 ہزار 385 افراد ہلاک بھی ہوچکے ہیں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں