کورونا سے کیسے بچا جائے؟ علی گل پیر کا سندھی میں پیغام

اپ ڈیٹ 11 اپريل 2020
گلوکار و ریپر علی گل پیر، فوٹو: انسٹاگرام
گلوکار و ریپر علی گل پیر، فوٹو: انسٹاگرام

کورونا وائرس سے اس وقت صرف پاکستان ہی نہیں بلکہ پوری دنیا متاثر ہورہی ہے اور ایسے میں ڈاکٹرز کے ساتھ ساتھ لوگ خود بھی ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے اس وائرس کے حوالے سے دوسروں کو آگاہ کررہے ہیں۔

سوشل میڈیا پر کوئی گانے بنا کر اس وائرس کے حوالے سے لوگوں کو اپنی حفاظت کرنے کا پیغام دیتا نظر آیا تو کسی نے ہاتھ دھونے کی ویڈیوز بناکر آگاہی کا پیغام شیئر کیا۔

مزید پڑھیں: کورونا کے خلاف قومی محاذ بنائے بغیر اس پر قابو پانا ممکن نہیں، احسن خان

اسی طرح کسی نے گھر کی صفائی کرنے کا پیغام دیا تو کسی نے سماجی فاصلہ اختیار کرنے پر زور دیا۔

ایسے ہی میں پاکستان کے ایک نامور گلوکار اور ریپر علی گل پیر نے بھی ایک ویڈیو تیار کی ہے جس میں وہ لوگوں کو ہاتھ دھونے کی اہمیت بتاتے نظر آئے تاہم دلچسپ بات یہ ہے کہ انہوں نے لوگوں کو یہ پیغام سندھی زبان میں دیا۔

یہ اینی میٹڈ ویڈیو روخان نامی اسٹوڈیو نے تیار کی جس کے مرکزی کردار کو علی گل پیر نے اپنی آواز دی ہے۔

ویڈیو میں دکھایا گیا کہ ایک شخص گاؤں کے لوگوں کو بتارہا ہے کہ وہ صرف ہاتھ دھونے، سماجی فاصلہ اختیار کرنے اور غیر ضروری گھروں سے باہر نہ نکلنے سے ہی کورونا کو ہرا سکتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: مایا علی لاک ڈاؤن کے دوران کیا کررہی ہیں؟

اسٹوڈیو روخان اس سے قبل اردو زبان میں بھی ایسی ویڈیو بنا چکا ہے جس میں کورونا وائرس کے حوالے سے عوام میں اردو زبان میں شعور اجاگر کیا گیا۔

کورونا وائرس ہے کیا؟

کورونا وائرس ایک عام وائرل ہونے والا وائرس ہے جو عام طور پر ایسے جانوروں کو متاثر کرتا ہے جو بچوں کو دودھ پلاتے ہیں تاہم یہ وائرس سمندری مخلوق سمیت انسانوں کو بھی متاثر کرتا ہے۔

اس وائرس میں مبتلا انسان کا نظام تنفس متاثر ہوتا ہے اور اسے سانس میں تکلیف سمیت گلے میں سوزش و خراش بھی ہوتی ہے اور اس وائرس کی علامات عام نزلہ و زکام یا گلے کی خارش جیسی بیماریوں سے الگ ہوتی ہیں۔

کورونا وائرس کی علامات میں ناک بند ہونا، سردرد، کھانسی، گلے کی سوجن اور بخار شامل ہیں اور چین کے مرکزی وزیر صحت کے مطابق 'اس وبا کے پھیلنے کی رفتار بہت تیز ہے، میں خوفزدہ ہوں کہ یہ سلسلہ کچھ عرصے تک برقرار رہ سکتا ہے اور کیسز کی تعداد میں مزید اضافہ ہوسکتا ہے'۔

وائرس کے ایک سے دوسرے انسان میں منتقل ہونے کی تصدیق ہونے کے بعد چین کے کئی شہروں میں عوامی مقامات اور سینما گھروں سمیت دیگر اہم سیاحتی مقامات کو بھی بند کردیا گیا تھا جب کہ شہریوں کو سخت تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی تھی۔

اس کے علاوہ متعدد شہروں کو قرنطینہ میں تبدیل کرتے ہوئے عوام کو گھروں میں رہنے کی ہدایت کی گئی تھی اور نئے قمری سال کی تعطیلات میں اضافہ کر کے تعلیمی اداروں اور دیگر دفاتر کو بند رکھا گیا تھا۔

واضح رہے کسی کورونا وائرس کا شکار ہونے پر فلو یا نمونیا جیسی علامات سامنے آتی ہیں جبکہ اس کی نئی قسم کا اب تک کوئی ٹھوس علاج موجود نہیں مگر احتیاطی تدابیر اور دیگر ادویات کی مدد سے اسے کنٹرول کیا جاسکتا ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں