وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ صوبہ میں گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران اب تک کی سب سے زیادہ 8 اموات ریکارڈ کی گئی ہیں جبکہ 182 مزید کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

وائرس سے متعلق یومیہ ویڈیو پیغام میں انہوں نے کہا کہ 182 کیسز مثبت کیسز سامنے آنے کے بعد مجموعی تعداد 2 ہزار 537 ہوگئی۔

مزید پڑھیں: سندھ: کورونا وائرس متاثرین کیلئے 'صرف 144' وینٹی لیٹرز کی موجودگی کا انکشاف

انہوں نے بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں 8 ہلاکتیں ہوئی ہیں، جس کے بعد مجموعی تعداد 56 ہوگئی۔

علاوہ ازیں وزیرا علیٰ نے بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران 1520 طبی ٹیسٹ ہوئے ہیں، اس طرح مجموعی ٹیسٹ کی تعداد 24 ہزار سے تجاوز کر چکی ہے۔

سید مراد علی شاہ نے بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 33 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں اس طرح ان کی مجموعی تعداد 600 سے زائد ہوگئی۔

انہوں نے بتایا کہ ہمارے آئسولیشن وارڈز میں ایک ہزار 857 افراد زیر علاج ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: حکومتِ پنجاب کا بین الصوبائی نقل و حرکت پر پابندی کا حکم کالعدم قرار

علاوہ ازیں انہوں نے گھروں کے آئسولیشن میں موجود افراد سے درخواست کی کہ وہ آئسولیشن کے طریقے کو اپنائے تاکہ گھر کے دیگر افراد محفوظ رہیں۔

سید مراد علی شاہ نے کہا کہ تبلیغی جماعت کے 4 ہزار 725 میں سے 4 ہزار 346 کے نتائج آچکے ہیں جس میں سے 494 شرکا کے طبی نتائج مثبت آئے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ منفی نتائج کے حامل تبلیغی شرکا اپنے گھروں کو روانہ کیے جا چکے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ بیرون ملک میں پھنسے پاکستانیوں کو لانے والی پہلی فلائٹ عمان سے آئی تھی، اس میں سوار تمام مسافروں کو ملیر میں قائم قرنطینہ سینٹر میں رکھا گیا۔

مراد علی شاہ نے بتایا کہ ان میں سے 170 کے نتائج منفی آئے جبکہ 6 ٹیسٹ کے نتائج کا انتظار ہے۔

مزید پڑھیں: کس قسم کی ٹیم کورونا پر کام کررہی ہے، اعلیٰ حکومتی عہدیداران پر سنجیدہ الزامات ہیں، سپریم کورٹ

آخر میں انہوں نے کہا کہ ہم پوری کوشش کریں گے کہ جو مسافر آرہے ہیں انہیں معیاری سروس دیں سکیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ بیرون ملک سے آنے والے مسافر حکومت سندھ سے تعاون کریں۔

تبصرے (0) بند ہیں