پاک بحریہ کا شمالی بحیرہ عرب میں اینٹی شپ میزائل فائرنگ کا مظاہرہ

اپ ڈیٹ 25 اپريل 2020
سمندری سرحدوں کی حفاظت کیلئے پاک بحریہ ہروقت تیار ہے— فوٹو:  بشکریہ پاک بحریہ
سمندری سرحدوں کی حفاظت کیلئے پاک بحریہ ہروقت تیار ہے— فوٹو: بشکریہ پاک بحریہ

پاک بحریہ کے فلیٹ یونٹس نے شمالی بحیرہ عرب میں اینٹی شپ میزائلز فائرنگ کے ذریعے جنگی تیاری کا شاندار مظاہرہ پیش کیا۔

ترجمان پاک بحریہ کے مطابق میزائلز کی فائرنگ کے مظاہرے میں بحری اور فضائی جنگی جہازوں سے اینٹی شپ میزائلز فائر کیے گئے۔

اس حوالے سے جاری کیے گئے بیان میں بتایا گیا کہ میزائلز نے کامیابی سے اپنے ہدف کو نشانہ بنایا جس سے پاک بحریہ کی جنگی صلاحیت اور جنگی تیاری کی توثیق ہوئی۔

ترجمان کے مطابق اس مشق میں چیف آف نیول اسٹاف ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔

— فوٹو:  بشکریہ پاک بحریہ
— فوٹو: بشکریہ پاک بحریہ

نیول چیف نے کمانڈر پاکستان فلیٹ وائس ایڈمرل آصف خالق اور دیگر سینئر نیول افسران کے ہمراہ میزائلز کی فائرنگ کا مشاہدہ کیا۔

مزید پڑھیں: پاک بحریہ کا مختلف میزائلز فائر کرنے کا کامیاب مظاہرہ

اس موقع پر چیف آف نیول اسٹاف نے پاک بحریہ کی آپریشنل صلاحیت اور ملکی سمندری مفادات کے تحفظ کے لیے تیاری پر مکمل اطمینان کا اظہار کیا۔

بعد ازاں چیف آف نیول اسٹاف ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے کہا کہ پاک بحریہ سمندری سرحدوں کی حفاظت کے لیے ہر وقت تیار ہے اور پاکستان کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنانے میں اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔

انہوں نے کہا کہ پاک بحریہ کثیر الجہتی جنگی خطرات سے نمٹنے کے لیے پوری طرح تیار ہے، پاک بحریہ کے بیڑے کے جنگی بحری جہازوں اور فضائی اثاثوں کی جانب سے فائر پاور کا کامیاب مظاہرہ اس تیاری اور عزم کا مظہر ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ برس دسمبر میں بھی پاک بحریہ نے شمالی بحیرہ عرب اور مکران کی ساحلی بندرگاہ پر جنگی بحری جہاز، فضا اور آبدوز سے میزائلز فائر کرنے کے کامیاب مظاہرے کیے تھے۔

یہ بھی پڑھیں: پاک بحریہ اور رائل بحرین ڈیفنس فورس کی مشترکہ بحری مشق کا اختتام

ترجمان پاک بحریہ نے اس وقت بتایا تھا کہ پاک بحریہ نے جنگی بحری جہاز اور فضا سے سطح سمندر پر مار کرنے والے اینٹی شپ میزائلز فائر کیے۔

علاوہ ازیں پاک بحریہ کی فاسٹ اٹیک کرافٹ نے سطح سمندر سے زمین پر میزائل فائر کیا گیا تھا جبکہ زیر سمندر روایتی آبدوز سے بھی زمین پر میزائل فائر کیا گیا تھا۔

اس سے قبل گزشتہ برس اپریل میں پاک بحریہ نے شمالی بحیرہ عرب میں سمندر کی سطح سے زمین پر میزائل فائر کرنے کا کامیاب تجربہ کیا تھا۔

تبصرے (0) بند ہیں