ملک میں 64 ہزار مصدقہ مریضوں میں سے 35 فیصد صحتیاب ہوچکے ہیں، ڈاکٹر ظفر مرزا

اپ ڈیٹ 29 مئ 2020
معاون خصوصی کےمطابق 24 گھنٹے میں 157 افراد کو وینٹی لیٹرز پر منتقل کیا گیا— فوٹو: ڈان نیوز
معاون خصوصی کےمطابق 24 گھنٹے میں 157 افراد کو وینٹی لیٹرز پر منتقل کیا گیا— فوٹو: ڈان نیوز

وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا ہے کہ ملک میں کورونا وائرس کے 64 ہزار مصدقہ مریضوں میں سے 35 فیصد مکمل طور پر صحتیاب ہوچکے ہیں۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ گزشتہ 24 گھنٹے میں ریکارڈ 2 ہزار 636 کیسز سامنے آئے۔

انہوں نے کہا کہ عالمی سطح پر 60 لاکھ لوگ وبا کا شکار ہیں اور 3 لاکھ 62 ہزار اموات ہوچکی ہیں جبکہ 25 لاکھ سے زائد افراد صحتیاب ہوئے ہیں۔

معاون خصوصی نے مزید کہا کہ 64 ہزار مصدقہ کیسز میں سے 35 فیصد مکمل طور پر صحتیاب ہوچکے ہیں لیکن اموات میں بتدریج اضافہ ہوا ہے اور پچھلے 24 گھنٹے میں 57 اموات رپورٹ ہوئیں۔

مزید پڑھیں: کورونا وائرس: ملک میں ایک روز میں ریکارڈ 63 اموات، متاثرین کی تعداد 64 ہزار سے زائد

ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا کہ گزشتہ 24 گھنٹے میں سب سے زیادہ 157 افراد کو وینٹی لیٹرز پر منتقل کیا گیا ہے، انہوں نے کہا کہ وینٹی لیٹرز پر موجود ہونا بیماری کی شدید نوعیت کو ظاہر کرتا ہے لیکن وینٹی لیٹرز پر موجود 85 سے 90 فیصد جانبر نہیں ہوسکتے۔

وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے صحت نے کہا کہ عالمی وبا کورونا وائرس ملک بھر میں پھیل رہی ہے، انہوں نے کہا کہ حکومت کو اموات اور کیسز کی تعداد میں مزید اضافے کا خدشہ ہے لیکن صورتحال قابو میں ہے۔

ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا کہ اس وقت مختلف ہسپتالوں میں کوورنا وائرس کے لیے مختص 18 سے 20 فیصد وینٹی لیٹرز استعمال ہورہے ہیں جبکہ شہروں کے بڑے ہسپتالوں میں صورتحال تھوڑی تشویشناک ہوجاتی ہے کہ کبھی بستر نہیں ملتے۔

انہوں نے مزید کہا کہ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر ملک بھر کے ہسپتالوں میں بستروں اور وینٹی لیٹرز کی تعداد کی نگرانی کررہا ہے اور اب تک ملک میں ان کی وافر مقدار موجود ہے۔

معاون خصوصی نے کہا کہ کورونا وائرس سے متعلق ہماری تیاری اور وینٹی لیٹرز کی صورتحال سے متعلق کل (30 مئی کو) تفصیلات بیان کی جائیں گی۔

ڈاکٹر ظفر مرزا نے کورونا وائرس سے انتقال کرنے والے مریضوں کی تدفین سے متعلق نیا ہدایت نامہ جاری کیا ہے جو حکومت کی کووڈ-19 ویب سائٹ پر بھی موجود ہے۔

انہوں نے کہا کہ اب تک اس بات کے شواہد نہیں ملے کہ لاش سے زندہ انسانوں میں وائرس منتقل ہوسکتا ہے اس لیے کورونا مرنے والوں کی تدفین کے ہدایت نامے میں تبدیلیاں کی گئی ہیں۔

ڈاکٹر ظفر مرزا نے نئی ایڈوائزری کے مندرجہ ذیل نکات بتاتے ہوئے کہا کہ میت کو ہینڈل کرنے والے افراد، ورکرز اور خاندان والے ذاتی تحفظ کا خیال رکھیں اور ماسک، گاؤن اور دستانے پہنیں۔

یہ بھی پڑھیں: پنجاب میں کووِڈ 19 کے مریضوں کے علاج کیلئے دوا منظور

معاون خصوصی نے کہا کہ میت کو براہ راست نہ چھوئیں اور غسل دینے کی ممانعت نہیں لیکن ذاتی تحفظ کا خیال رکھا جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ غسل کے دوران پانی کے چھینٹوں سے بچنے کے لیے چشمے استعمال کریں جبکہ میت کو کفن بھی پہنایا جاسکتا ہے۔

ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا کہ میت کو قبرستان پہنچانے میں احتیاط کی جائے اور قبر میں میت اتارنے والے افراد ماسک اور حفاظتی کٹس لازمی پہنیں۔

معاون خصوصی نے کہا کہ اسی طرح جنازہ پڑھتے وقت سماجی دور کا خیال رکھا جائے اور مختصر جنازے رکھیں جس میں صرف گھر والے اور خاندان کے قریبی افراد شرکت کریں۔

ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا کہ بعض مقامات پر انتظامیہ نے میت تحویل میں لے لی اور خاندان والوں کو بھی ہاتھ نہیں لگانے دیا تھا اگرچہ حکومت کی جانب سے ایسا پہلے بھی نہیں کہا گیا تھا اگر کہیں ہوا ہے تو غلط تھا اور اب نئے ہدایت نامے میں ہم نے اسے واضح کردیا ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں