کسی کے کہنے پر کرکٹ نہیں چھوڑوں گا، محمد حفیظ

اپ ڈیٹ 25 جون 2020
محمد حفیظ نے رواں سال انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لینے کا اعلان کردیا تھا— فائل فوٹو: اے ایف پی
محمد حفیظ نے رواں سال انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لینے کا اعلان کردیا تھا— فائل فوٹو: اے ایف پی

پاکستان ٹیم کے سینئر آل راؤنڈر محمد حفیظ نے دورہ انگلینڈ پر بہترین پرفارمنس کا عزم ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ کسی کے کہنے پر کرکٹ نہیں چھوڑیں گے اور ٹی20 ورلڈ کپ میں ضرور شرکت کریں گے۔

قومی ٹیم کے سابق کپتان محمد حفیظ نے ویڈیو لنک کے ذریعے صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ان حالات میں کرکٹ میں تبدیلیوں پر اعتراض کرنے کے بجائے ہمیں یہ خوشی ہونی چاہیے کہ کھیل پھر سے شروع ہورہا ہے۔

مزید پڑھیں: کوشش ہوگی 2014 سے زیادہ اچھے انداز میں کم بیک کروں، سرفراز احمد

اپنی ریٹائرمنٹ اور پرفارمنس کے حوالے سے آل راؤنڈر نے رمیز راجا کا نام لیے بغیر کہا کہ چاہے کوئی کچھ بھی کہتا ہے کہتا رہے لیکن میں اپنی مرضی سے کرکٹ چھوڑوں گا ‘کیونکہ میرا کیریئر میری مرضی’۔

حفیظ نے کہا کہ میں نے 17سال پاکستان کی نمائندگی کی ہے اور اپنی سلیکشن کے ساتھ انصاف کیا ہے، آئندہ بھی اپنی سلیکشن سے انصاف کروں گا۔

ان کا کہنا تھا کہ وہ ٹی20 ورلڈکپ کے بعد کرکٹ چھوڑ دیں گے لیکن اب ٹی20 ورلڈکپ یا اس سال ہو یا پھر اگلے سال ہو وہ ضرور کھیلیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: دورہ انگلینڈ کیلئے پاکستان کے 29 رکنی اسکواڈ کا اعلان، فواد اور حیدر شامل

ورلڈکپ میں بھارت اور انگلینڈ کے میچ پر آل راؤنڈر نے کہا کہ وہ میچ کسی کو بھی فیئر نہیں لگا تاہم بین اسٹوکس نے کتاب میں یہ کیوں لکھا اس کی وضاحت وہ خود کرسکتے ہیں.

حفیظ کا کہنا تھا کہ آپ وہ میچ کسی بھی فین کو دکھادیں تو فین سو مرتبہ دیکھ کر بھی یہی کہے گے کہ بھارتی ٹیم اس میچ میں جیتنا ہی نہیں چاہ رہی۔

واضح رہے کہ چند ماہ قبل رمیز راجا نے پریس ٹرسٹ آف انڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا تھا کہ محمد حفیظ اور شعیب ملک کو اب عالمی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لے لینی چاہیے۔

مزید پڑھیں: عامر اور حارث سہیل کی ذاتی وجوہات کے سبب دورہ انگلینڈ سے معذرت

ویڈیو کانفرنس پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا تھا کہ ’میں کسی کھلاڑی پر ذاتی رائے دینے سے گریز کرتا ہوں‘۔

ان کا کہنا تھا کہ ’اس میں کوئی شک نہیں کہ دونوں کھلاڑیوں نے پاکستان کی کرکٹ کے لیے بہت سی خدمات دی ہیں تاہم اب مجھے لگتا ہے کہ وقت آگیا ہے کہ وہ باعزت ریٹائر ہوجائیں‘۔

تبصرے (0) بند ہیں