کووڈ 19کیسز میں اضافہ: آزاد کشمیر میں دوبارہ لاک ڈاؤن کا فیصلہ

اپ ڈیٹ 05 اکتوبر 2020
فیصلہ وزیر اعظم راجہ فاروق حیدر کی زیر صدارت ایک اعلیٰ سطح کے اجلاس میں کیا گیا —فائل فوٹو: اے ایف پی
فیصلہ وزیر اعظم راجہ فاروق حیدر کی زیر صدارت ایک اعلیٰ سطح کے اجلاس میں کیا گیا —فائل فوٹو: اے ایف پی

آزاد جموں و کشمیر (اے جے کے) کی حکومت نے کووڈ 19 کے کیسز میں دوبارہ اضافہ ہونے کے بعد اصولی طور پر وادی بھر میں لاک ڈاؤن کا فیصلہ کرلیا۔

مذکورہ فیصلہ مظفر آباد میں وزیر اعظم راجہ فاروق حیدر کی زیر صدارت ایک اعلیٰ سطح کے اجلاس میں کیا گیا۔

مزید پڑھیں: آزاد جموں و کشمیر میں کورونا پھر پھیلنے لگا، 23 نئے کیسز کا اضافہ

سرکاری اعلامیہ کے مطابق اجلاس میں مظفر آباد اور راولاکوٹ اضلاع میں کووڈ 19 کے مریضوں کی بڑھتی ہوئی تعداد پر شدید تشویش کا اظہار کیا گیا اور متعلقہ عہدیداروں کو ہدایت کی گئی کہ وہ لاک ڈاؤن نافذ کرنے کے عمل کو یقینی بنائیں اور دو دن کے اندر جامع اور موثر تجاویز پیش کریں۔

اس موقع پر وزیراعظم راجہ فاروق حیدر نے کہا کہ دنیا کی بڑی معاشی طاقتیں بھی وبائی مرض کے تباہ کن اثرات پر قابو پانے میں ناکام رہی ہیں جنہوں نے سختی سے احتیاطی تدابیر پر عمل کیا اور تمام وسائل فراہم کیے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس وبائی مرض سے نمٹنے کے لیے محدود وسائل ہیں لہٰذا ہمیں یہ یقینی بنانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑنی چاہیے کہ تمام طبقات اصولی طور پر ایس او پیز پر عمل پیرا ہوں۔

راجہ فاروق حیدر نے داخلی مقامات پر نگرانی بڑھانے کے ساتھ تعلیمی اداروں، دفاتر اور بازاروں میں ایس او پیز پر مکمل عملدرآمد کی ہدایت کی۔

انہوں نے کہا کہ مذہبی اجتماعات کے ساتھ سیاسی اور سماجی اجتماعات کو بھی محدود کردیا جائے تاکہ وائرس کو روکنے میں مدد ملے۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان میں کورونا وائرس سے مزید 923 افراد متاثر، فعال کیسز 9 ہزار سے بڑھ گئے

راجہ فاروق حیدر نے زور دے کر کہا کہ ان کی حکومت لوگوں کو درپیش مشکلات سے پوری طرح بچانے کے لیے کوشاں ہے۔

آزاد جموں و کشمیر کے وزیر اعظم نے کہا کہ لوگوں کو یہ یاد دلانے کے لیے ایک نئی مہم چلانے کی ضرورت ہے کہ پابندیوں کا نفاذ اپنے مفاد میں ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے والوں کو سخت سے سخت سزا دی جانی چاہیے تاکہ دوسرے لوگ سبق حاصل کرسکیں۔

اس سے قبل اجلاس کو محکمہ صحت کے عہدیداروں نے بتایا کہ اے جے کے میں کووڈ 19 کے مریضوں کا تناسب 8.3 فیصد ہے جو پاکستان کے کسی بھی دوسرے صوبے سے زیادہ ہے۔

عہدیداروں کے مطابق آزاد جموں و کشمیر میں اب تک 48 ہزار 396 طبی ٹیسٹ میں سے 2 ہزار 816 افراد کے ٹیسٹ مثبت آئے ہیں۔

متاثرہ افراد میں سے 76 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں جبکہ 2 ہزار 408 صحتیاب ہوچکے ہیں۔

انہوں نے مزید بتایا کہ 312 مریض گھروں میں قرنطینہ ہیں اور 20 مختلف ہسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں