وزیراعظم کا فیس بک کی پاکستان میں سرمایہ کاری، پروگرامز کا خیر مقدم

اپ ڈیٹ 09 اکتوبر 2020
ورچوئل ملاقات میں پولیو فری پاکستان مہم کے لیے کمپنی کی معاونت پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا—تصویر: سی این این اسکرین گریب، رائٹرز
ورچوئل ملاقات میں پولیو فری پاکستان مہم کے لیے کمپنی کی معاونت پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا—تصویر: سی این این اسکرین گریب، رائٹرز

وزیراعظم عمران خان نے فیس بک کی چیف آپریٹنگ افسر شیرائل سینڈبرگ سے ورچوئل ملاقات کی جس میں سوشل میڈیا کمپنی کی پاکستان میں سرمایہ کاری، ڈیجیٹل خواندگی کے اقدامات کے لیے معاونت اور کووِڈ 19 کے حوالے سے اس کے کاموں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ریڈیو پاکستان کی رپورٹ کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے پاکستان میں فیس بک کی سرمایہ کاری اور پروگرامز کا خیر مقدم کیا اور اس حوالے سے مزید سرگرمیوں کے لیے اس کی حوصلہ افزائی کی۔

انہوں نے ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کی صلاحیت اور ملک کے نوجوانوں کو انٹرپرینیورز کو عالمی مواقع فراہم کرنے میں ان کے کردار کو تسلیم کیا۔

یہ بھی پڑھیں: فیس بک نے پاکستان سے چلنے والے متعدد اکاؤنٹس کا نیٹ ورک بند کردیا

وزیراعظم نے کہا کہ اس قسم کے مواقع عوام کو غربت سے نکالنے میں معاون ثابت ہوسکتے ہیں۔

انہوں نے عالمی سطح پر نفرت اور انتہا پسندی کے رجحان میں اضافے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے تسلیم کیا کہ آن لائن نفرت انگیز گفتگو سے لڑنا ایک بہت بڑا چیلنج ہے۔

وزیراعظم اور شیرائل سینڈبرگ نے پاکستان سے تعلق رکھنے والے تعلیمی اداروں کو دی گئی گرانٹس اور فیس بک کی کنیکٹیویٹی سرمایہ کاری پر بات چیت کی۔

علاوہ ازیں فیس بک میں خون عطیہ کرنے کے فیچر پر بھی بات کی گئی جس کے ملک میں متعارف کروائے جانے سے اب تک 50 لاکھ لوگ شمولیت اختیار کرچکے ہیں۔

مزید پڑھیں: فیس بک میں ذہنی صحت کے مسائل سے تحفظ کیلئے انفارمیشن ہب متعارف

ساتھ ہی اس ورچوئل ملاقات میں پولیو فری پاکستان مہم کے لیے کمپنی کی معاونت پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیراعظم عمران خان اور شیرائل سینڈ برگ نے فیس بک کے ’شی مینز بزنس پروگرام‘ پر بھی تبادلہ خیال کیا جس کے تحت ملک بھر میں تقریباً 6 ہزار 700 خواتین کو تربیت فراہم کی جارہی ہے۔

واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان اور شیرائل سینڈ برگ نے عالمی اقتصادی فورم کے موقع پر ایک اجلاس کے دوران ملاقات کی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: فیس بک آپ کے بارے میں کتنا جانتی ہے؟ یہ جاننا اب زیادہ آسان

وزیراعظم نے ٹیکنالوجی کمپنی کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دی تھی اور فیس بک سے پاکستانی انکیوبیٹرز کی معاونت کے لیے سرمایہ کاری پر غور کرنے اور ڈیجیٹل خواندگی کے اقدامات میں مدد کرنے کا کہا تھا۔

اس وقت ملاقات میں شیرائل سینڈبرگ نے وزیراعظم عمران خان کو فیس بک ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کرنے کی دعوت دی تھی۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں