مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں کی قیات کے ’ریاست مخالف’ بیانیے کی مذمت

اپ ڈیٹ 02 نومبر 2020
پارٹی کے رہنماؤں نے قیادت کے بیانیے سے خود کو دور کرلیا—فائل فوٹو: مسلم لیگ (ن) فیس بک
پارٹی کے رہنماؤں نے قیادت کے بیانیے سے خود کو دور کرلیا—فائل فوٹو: مسلم لیگ (ن) فیس بک

ٹیکسلا: ضلع اٹک سے مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں نے پارٹی قیادت کے ’ریاست مخالف‘ بیانات خاص طور پر سابق وزیراعظم نواز شریف اور سابق اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کے مؤقف سے خود کو دور کرلیا۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق ضلع کے مختلف علاقوں میں علیحدہ علیحدہ پریس کانفرنس میں مسلم لیگ (ن) کے رکن پنجاب اسمبلی جہانگیر خانزادہ، سابق رکن قومی اسمبلی ملک اعتبار خان اور سابق ایم پی اے شاہویز خان نے نواز شریف، مریم نواز اور ایاز صادق کے حالیہ بیانات پر تنقید کی۔

ہزرو میں اپنے آبائی علاقے شادی خان میں صحافی سے گفتگو میں جہانگیر خانزادہ نے ایاز صادق کے بیان کو ’ریاست مخالف‘ قرار دیا۔

رکن صوبائی اسمبلی نے دہشت گردی کے خلاف لڑائی میں مسلح فورسز کی قربانیوں پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ’انہیں پارلیمنٹ میں بات کرتے وقت اس طرح کی بات نہیں کرنی چاہیے تھی‘۔

مزید پڑھیں: مسلم لیگ (ن) میں اختلافات، عبدالقادر بلوچ اور ثنااللہ زہری کا پارٹی چھوڑنے کا فیصلہ

انہوں نے کہا کہ قوم ہمیشہ مسلح فورسز کے ساتھ کھڑی ہے اور مستقبل میں بھی کھڑی رہے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ ’22 کروڑ پاکستانی اپنی مسلح فورسز اور ملک سے پیار کرتے ہیں، ہماری مسلح افواج بہادری سے مادر وطن کا دفاع کر رہی ہیں اور ہم ملک کے لیے سپاہیوں کی عظیم قربانیوں پر ان کے مقروض ہیں‘۔

سابق رکن قومی اسمبلی ملک اعتبار خان کا کہنا تھا کہ وہ نواز شریف اور ایاز صادق کے ’ملک دشمن بیانیے‘ کی حمایت نہیں کرسکتے، ساتھ ہی ان کا کہنا تھا کہ مریم نواز، بلاول بھٹو زرداری اور مولانا فضل الرحمٰن کے ایسے بیانات ملک کے مفاد میں نہیں تھے۔

انہوں نے کہا کہ انہیں ایاز صادق کے اس بیان سے افسوس ہوا جس میں پاک فوج اور اس کی کامیابیوں کو ہدف بنایا گیا جبکہ سابق اسپیکر قومی اسمبلی کی تقریر محب وطن پاکستانیوں میں غم و غصہ کا باعث بنی۔

اعتبار خان نے مسلم لیگ (ن) کے کچھ رہنماؤں کی جانب سے کیے گئے اس اقدام کی بھی مذمت کی جنہیں انہوں نے مزار قائد کے تقدس کی پامالی قرار دیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ صرف ’طاقت کی سیاست‘ میں مصروف رہی اور عوام کے اصل مسائل کو کوئی اہمیت نہیں دی۔

یہ بھی پڑھیں: ابھی نندن سے متعلق ایاز صادق کے بیان پر مسلم لیگ (ن) میں دراڑ

علاوہ ازیں حسن ابدال سے سابق ایم پی اے شاہویز خان کا کہنا تھا کہ وہ پارٹی قیادت کے حالیہ ’ریاست مخالف‘ مؤقف کی حمایت نہیں کرتے اور ریاستی اداروں پر قیادت کی تنقید کی مذمت کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ’مسلم لیگ (ن) کی قیادت کا بیانیہ دشمن کو خوش کر رہا ہے‘۔

انہوں نے خاص طور پر ایاز صادق پر تنقید کرتے ہوئے الزام لگایا کہ وہ ’ریاست مخالف‘ ایجنڈے کو فروغ دے رہے جو ملک کے مفاد میں نہیں۔

سابق ایم پی اے کا کہنا تھا کہ ایاز صادق کے متنازع بیان کی وجہ سے ان کا سر شرم سے جھک گیا، مزید یہ کہ ’پوری قوم نواز شریف اور ایاز صادق کے بیانات سے پوری قوم کو تکلیف ہوئی، یہ جو کر رہے ہیں وہ ملک کے لیے ٹھیک نہیں ہے‘۔


یہ خبر 02 نومبر 2020 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں