بدعنوانی سے متعلق انکشافات رپورٹ کرنے پر صحافیوں کے قتل کا زیادہ امکان ہے، اقوام متحدہ

02 نومبر 2020
رپورٹ کے مطابق 2019 میں ہلاک ہونے والے صحافیوں کی تعداد ایک دہائی کے دوران سب سے کم ریکارڈ کی گئی—فائل فوٹو: اے ایف پی
رپورٹ کے مطابق 2019 میں ہلاک ہونے والے صحافیوں کی تعداد ایک دہائی کے دوران سب سے کم ریکارڈ کی گئی—فائل فوٹو: اے ایف پی

اقوام متحدہ کی ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ تنازعات کے علاقوں کو کور کرنے کے مقابلے میں بدعنوانی یا حقوق پامالی سے متعلق انکشافات رپورٹ کرنے پر گزشتہ 2 برس میں صحافیوں کے قتل کا زیادہ امکان ہے۔

غیر ملکی خبررساں ادارے 'اے ایف پی' کے مطابق اقوام متحدہ کی ثقافتی ایجنسی یونیسکو کے مطابق 2018 اور گزشتہ برس دنیا بھر میں کل 99 صحافی ہلاک ہوئے۔

مزیدپڑھیں: پاکستان میں ایک سال میں 7 صحافی قتل کردیے گئے، رپورٹ

انہوں نے کہا کہ 2019 میں ہلاک ہونے والے صحافیوں کی تعداد ایک دہائی کے دوران سب سے کم ریکارڈ کی گئی۔

یونیسکو کی جانب سے پیش کردہ اعداد و شمار کے مطابق تنازعات زدہ ممالک میں صحافی کے قتل میں نمایاں کمی آئی ہے لیکن مسلح تصادم سے پاک ممالک میں ایسا نہیں ہوا۔

انہوں نے کہا کہ ان ممالک میں کئی برس میں سب سے زیادہ صحافی قتل ہوئے۔

یونیسکو کے مطابق ظاہر ہونے والے اعداد و شمار ایک تشویشناک رجحان کی نشاندہی کرتے ہیں جس کے تحت اب بدعنوانی، انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں، ماحولیاتی جرائم، اسمگلنگ اور سیاسی غلطیوں پر پردہ ڈالنے کے لیے بیشتر صحافی مسلح تنازعات والے علاقوں سے باہر مارے جاتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: صحافی عزیز کا قتل، گرفتار ملزم نے اعتراف جرم کرلیا

اس رپورٹ میں صحافیوں کے خلاف جرائم کے لیے اعلی سطحی استثنیٰ پر تشویش کا اظہار بھی کیا گیا جن میں سے 10 میں سے 9 مقدمات میں ملزمان کو سزا نہیں دی گئی۔

رپورٹ کے مطابق لاطینی امریکا اور کیریبین خطے میں 2018 اور 2019 کے دوران سب سے زیادہ صحافیوں کو قتل کیا گیا جو دنیا بھر میں ہونے والی کل ہلاکتوں کا 31 فیصد ہے۔

ایشیا پیسیفک کا خطہ 30 فیصد کے ساتھ دوسرے نمبر پر تھا۔

اس سے قبل صحافت کی آزادی کے لیے کام کرنے والی تنظیم 'رپورٹرز ود آؤٹ بارڈرز' کا کہنا تھا کہ دنیا بھر میں 2019 میں 49 صحافیوں کو قتل کیا گیا جو 16 برس میں کم ترین شرح ہے۔

رپورٹرز ود آؤٹ بارڈرز نے اپنی رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ اکثر صحافی یمن، شام اور افغانستان میں خانہ جنگی کی کوریج کے دوران مارے گئے۔

مزیدپڑھیں: دنیا بھر میں 2018 کے دوران 94 صحافیوں کا قتل ہوا، آئی ایف جے

فرانس میں قائم تنظیم نے خبردار کیا تھا کہ ‘تاریخی حوالے سے سال بھر میں تعداد کم ہونے کے باوجود صحافت بدستور ایک خطرناک پیشہ ہے’۔

تبصرے (0) بند ہیں