ناردرن واریئرزٹی10 لیگ 2021 کے چمپیئن بن گئے

اپ ڈیٹ 07 فروری 2021
ناردرن واریئرز دوسری مرتبہ چمپیئن بن گئے—فوٹو: ٹی10 لیگ
ناردرن واریئرز دوسری مرتبہ چمپیئن بن گئے—فوٹو: ٹی10 لیگ

ابوظہبی میں ٹی10 لیگ 2021 کے فائنل میں ناردرن واریئرز نے دہلی بلز کو 8 وکٹوں سے شکست دی اور نئے چمپیئن بن گئے۔

شیخ زاید اسٹیڈیم ابوظہبی میں ٹی10 لیگ کے فائنل میں ناردرن واریئرز نے ٹاس جیت کر دہلی بلز کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔

دہلی بلز کی جانب سے رحمت اللہ اور ایون لیوس نے پہلی وکٹ کے لیے 21 رنز بنائے اور رحمت اللہ 7 گیندوں پر 13 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

ناردرن واریئرز نے ٹائٹل حاصل کرلیا—فوٹو: ٹی10 لیگ
ناردرن واریئرز نے ٹائٹل حاصل کرلیا—فوٹو: ٹی10 لیگ

ایون لیوس 10 رنزبنا کر 31 کے مجموعے پر پویلین لوٹ گئے، بوپارا رتھرفورڈ بھی بالترتیب 9 اور 4 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

دہلی بلز کی ٹیم مقررہ 10 اوورز میں 9 وکٹوں پر 81 رنز بنا سکی، جس میں محمد نبی 21 رنز بنا کر سب سے کامیاب بلے باز رہے، ان کی اننگز میں 2 چھکے اور ایک چوکا شامل تھا۔

ناردرن واریئرز کی جانب سے مہیش تھیکشانا نے سب سے زیادہ 3 وکٹیں حاصل کیں، جنید صدیقی اور دھنانجیا لیکشان نے2،2 وکٹیں حاصل کیں۔

ہدف کے تعاقب میں ناردرن واریئرز نے 10 رنز کی اوپننگ شراکت کی اورکپتان پوران 12 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

وسیم محمد نے 22 گیندوں پر 3 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 27 رنز بنائے، لینڈل سمنزنے 12 گیندوں پر 14 اور رومان پاول نے 8 گیندوں پر 16 رنز بنا کر ٹیم کو فتح سے ہمکنار کیا۔

ناردرن واریئرز کی ٹیم نےمطلوبہ ہدف نویں اوور کی دوسری گیند پر باآسانی 2 وکٹوں کے نقصان پر 85 رنز بنا کر حاصل کیا۔

دہلی بلز کے فیڈل ایڈورڈز اور شیراز احمد نے ایک،ایک وکٹ حاصل کی۔

شان دار باؤلنگ کرنے والے مہیش تھیکشانا کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

خیال رہے کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) سے منظور شدہ ٹی10کرکٹ لیگ ابوظہبی کے شیخ زاید کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلی گئی جس میں 8 ٹیموں نے حصہ لیا۔

ٹورنامنٹ میں شامل 8 ٹیموں کو دو گروپوں میں تقسیم کیا گیا تھا، گروپ اے میں مراٹھا عربیئنز، بنگلہ ٹائیگرز، دہلی بلز اور ناردن واریئرز جبکہ گروپ بی میں دکن گلیڈی ایٹرز، قلندرز، ٹیم ابوظہبی اور پونے ڈیولز شامل تھیں۔

دس روز تک جاری رہنے والے اس ٹورنمنٹ کے آخری روز دو میچز کھیلے گئے تیسری پوزیشن کے لیے قلندرز اور ٹیم ابوظہبی کا مقابلہ ہوا جو ابوظہبی نے جیت لیا۔

اس ٹورنمنٹ میں لاہور قلندرز کے کپتان سہیل اختر نے سب سے زیادہ 248 رنز بنائے جبکہ ٹیم ابوظہبی کے جیمی اورٹون نے سب سے زیادہ 12 وکٹیں حاصل کیں۔

ناردن واریئرز نے دوسری مرتبہ ٹی10لیگ چمپیئن بننے کا اعزاز حاصل کیا ہے۔

ٹی 10 لیگ اگلے برس پھر ابوظبی کے شیخ زاید کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلی جائے گی۔

تبصرے (0) بند ہیں