ڈرامے کے سیٹ پر آنے سے پہلے اردو ٹھیک کرنے کیلئے کلاسسز لیں، ایچ ایس وائے

اپ ڈیٹ 08 فروری 2021
حسن شہریار یاسین نے حال ہی میں ڈراما سیریل پہلی سی محبت سے اداکاری کا آغاز کیا ہے — فوٹو: انسٹاگرام
حسن شہریار یاسین نے حال ہی میں ڈراما سیریل پہلی سی محبت سے اداکاری کا آغاز کیا ہے — فوٹو: انسٹاگرام

’ایچ ایس وائے’ کے نام سے مقبول فیشن ڈیزائنر حسن شہریار یاسین نے حال ہی میں ڈراما سیریل ’پہلی سی محبت‘ سے اداکاری کا آغاز کیا ہے اور انہوں نے بتایا ہے کہ ڈرامے کے سیٹ پر آنے سے پہلے اپنی اردو ٹھیک کرنے کے لیے انہیں کلاسسز لینا پڑیں۔

اردو نیوز کو دیے گئے انٹرویو میں ایچ ایس وائے نے کہا کہ انہیں ڈرامے سے پہلے محب مرزا اور صنم سعید کے ساتھ فلم ’عشرت میڈ ان چائنا‘ کی آفر ہوئی تھی اور فلم کی شوٹنگ ختم ہونے کے بعد انہیں پہلی سی محبت میں کردار ملا تھا۔

ایچ ایس وائے کا کہنا تھا کہ فلم کی شوٹنگ کراچی اور تھائی لینڈ میں ہوئی۔

مزید پڑھیں: ڈیزائنر ایچ ایس وائے اداکاری کے لیے تیار

انہوں نے کہا کہ ’فلم میں کمال کا میوزک اور کہانی ہے، لوگ یقیناً اس سے لطف اندوز ہوں گے جبکہ ڈرامے میں کام کرنے کا تجربہ بہت ہی الگ ہے‘۔

— فوٹو: انسٹاگرام
— فوٹو: انسٹاگرام

ایچ ایس وائے کا کہنا تھا کہ مایا علی اور شہریار منور کے ساتھ بہت دوستی ہونے کی وجہ سے سیٹ پر اچھا وقت گزرا۔

ڈیزائنر حسن شہریار یاسین کا مزید کہنا تھا کہ شبیر جان اور صبا فیصل نے نہ صرف انہیں سپورٹ کیا بلکہ بہت کچھ سکھایا۔

انہوں نے کہا کہ ’یہ لوگ اتنی اچھی اداکاری کرتے ہیں کہ دیکھ کر دل کرتا ہے ان سے بہتر شاٹ دوں‘۔

ایچ ایس وائے نے کہا کہ میرے لیے سب فیملی کی طرح ہیں، سیٹ پر بہت زیادہ ہنسی مذاق رہتا تھا، جب کھانا آتا تھا تو ہم کھانے پر ٹوٹ پڑتے تھے اور یہ وہ یادیں ہیں جو ہمیشہ میرے دل کے قریب رہیں گی۔

A photo posted by Instagram (@instagram) on

کسی اور کی ڈائریکشن میں کام کرنے کے تجربے سے متعلق انہوں نے کہا کہ ’یہ سچ ہے کہ میں نے بہت سارے پروجیکٹس کی ہدایات خود دیں لیکن انجم شہزاد کے ساتھ کام کرنے کا تجربہ بہت اچھا اس لیے رہا کہ میں نے ان سے بہت کچھ سیکھا۔

ایچ ایس وائے نے مزید کہا کہ اس ڈرامے میں اپنا اِن پُٹ نہیں دیا کیونکہ میں نے اس کی ضرورت محسوس ہی نہیں کی بس جو ہدایت کار نے کہا وہی کیا۔

حسن شہریار یاسین نے کہا کہ وہ اپنے آپ کو دوسرے فیشن ڈیزائنرز کی طرح نہیں سمجھتے اور نہ ہی وہ اپنے آپ کو کسی سے بہتر یا کمتر سمجھتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ میں صرف فیشن ڈیزائنر نہیں ہوں بلکہ میں نے ٹاک شوز کی میزبانی بھی کی ہے، اداکاری بھی کر رہا ہوں لہذا خود کو ایک انڈسٹری کا حصہ نہیں سمجھتا۔

A photo posted by Instagram (@instagram) on

ایچ ایس وائے نے کہا کہ ’میں قصہ گو ہوں، تخلیق کار ہوں لہذا جو بھی کرتا ہوں پوری محنت اور تیاری کے ساتھ کرتا ہوں‘۔

انہوں نے کہا کہ اللہ نے مجھے بہت کچھ دیا ہے میں لوگوں کا بھی شکر گزار ہوں کہ انہوں نے میرے ہر کام کو سراہا لیکن کام میں وہی کرتا ہوں جس میں مجھے لگے کہ میں بہت آگے جا سکتا ہوں۔

مزید کہا کہ جب انہیں ڈرامے کی پیشکش ہوئی تو سیٹ پر آنے سے پہلے اپنی اردو ٹھیک کرنے کے لیے کلاسسز لیں اور سیٹ پر مکمل ہوم ورک کے بعد ہی وہ سیٹ پر گئے تھے۔

یہ بھی پڑھیں: ڈیزائنر ایچ ایس وائے کے ڈیبیو کردار کی جھلک سامنے آگئی

ان کا کہنا تھا کہ ’میرا لوگوں کے ساتھ بہت پرانا تعلق ہے، اس لیے میں کبھی بھی انہیں مایوس نہیں کرنا چاہوں گا‘۔

ایچ ایس وائے کا کہنا تھا میں چاہتا ہوں کہ لوگ مجھے جو کام بھی کرتا دیکھیں فخر محسوس کریں، اگر وہ مجھے اداکاری کرتے دیکھیں اور ایک گھنٹہ میرے ساتھ ٹی وی پر گزاریں تو ان کے لیے وہ ایک گھنٹہ لطف سے بھرپور ہونا چاہیے۔

ایک سوال کے جواب میں ایچ ایس وائے کا کہنا تھا کہ ’میں کیمرے سے نہیں شرماتا، فیشن کی دنیا میں آنے سے پہلے بہت زیادہ تھیٹر کرتا تھا، انٹر کالجز مقابلوں میں بہترین اداکار کا ایوارڈ بھی جیتا اور میں آمنہ حق کے ساتھ میوزیکل پروگرام بھی کرچکا ہوں اس لیے کیمرے کا سامنا میرے لیے نیا نہیں تھا‘۔

A photo posted by Instagram (@instagram) on

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ ’پہلی سی محبت‘ میں اپنے تیار کردہ کپڑے نہیں پہنے جو ڈرامے والوں نے دیے وہ ہی پہنے، لیکن فلم ’عشرت، میڈ ان چائنا‘ میں نے خود کے تیار کردہ ملبوسات زیب تن کیے ہیں اور اس فلم میں فائٹ کے اسٹنٹس بھی میں نے خود کیا۔

ایچ ایس وائے کا مزید کہنا تھا کہ اداکاری سے ڈیزائننگ کا کام اس لیے متاثر نہیں ہوتا کیونکہ میں 25 سال سے یہ کام کررہا ہوں اور اپنی ٹیم کو تیار کر چکا ہوں لہذا اگر میں کوئی دوسرا کام کر بھی رہا ہوں تو ڈیزائننگ کا کام متاثر نہیں ہوتا۔‘

ان کا مزید کہنا تھا کہ ڈراما سیریل ’پہلی سی محبت‘ کے بعد اب تک انہیں 3 فلمیں اور 2 ڈرامے آفر ہو چکے۔

تبصرے (0) بند ہیں