سفیر، یورپی ممالک کو پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع سے آگاہ کریں، وزیرخارجہ

اپ ڈیٹ 11 فروری 2021
شاہ محمود قریشی نے سفیروں کے آن لائن اجلاس میں شرکت کی — فوٹو: پی آئی ڈی
شاہ محمود قریشی نے سفیروں کے آن لائن اجلاس میں شرکت کی — فوٹو: پی آئی ڈی

وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے یورپی یونین کی جانب سے پاکستان کو ملنے والے جی ایس پی اسٹیٹس کو سود مند قرار دیتے ہوئے بیرون ملک تعینات سفیروں پر زور دیا کہ پاکستان میں موجود سرمایہ کاری کے مواقع سے ان ممالک کو آگاہ کریں۔

ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ چوہدری کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کی صدارت میں پاکستانی سفیروں کا چوتھا ورچوئل اجلاس ہوا۔

مزید پڑھیں: مسئلہ کشمیر علاقائی ترقی کی راہ میں رکاوٹ ہے، وزیر خارجہ

اجلاس میں سیکریٹری خارجہ سہیل محمود اور وزارت خارجہ کے سینئر افسران، ایتھنز، برلن، برسلز، بداپسٹ، کوپن ہیگن، ڈبلن، منسک، لزبن، پیراگ، سیراجیوو، صوفیا اور ویانا میں پاکستانی سفارت کاروں نے شرکت کی۔

بیان کے مطابق وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ معاشی سفارت کاری جدید سفارتی عمل کا بنیادی جز ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزارت خارجہ اور بیرون ملک سفارت خانے پاکستان کے معاشی مفادات کے تحفظ اور بہتری کے لیے کوشاں ہیں اور وزیراعظم کے روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ، ای او آئی اور دیگر اقدامات کے لیے اہم کردار ادا کیا ہے۔

وزیر خارجہ نے سفیروں سے کہا کہ یورپی ممالک سے باہمی مفید تجارت اور معاشی شراکت داری کو بہتر بنائیں، جس میں سرمایہ کاری، سیاحت، ٹیکنالوجی کا تبادلہ سمیت دیگر سرگرمیاں شامل ہوں۔

دفتر خارجہ کے مطابق انہوں نے کہا کہ جی ایس پی پلس اسکیم کی بدولت پاکستان کی یورپی ممالک کے ساتھ تجارت گزشتہ 8 برسوں میں دوگنا ہوگئی ہے۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ ہمیں یورپی ممالک میں موجود مارکیٹس اور میسر مواقع کو پیش نظر رکھتے ہوئے اپنی کاوشیں بروئے کار لانا ہوں گی، یورپی یونین کی جانب سے پاکستان کیلئے جی ایس پی پلس اسٹیٹس سے مزید بھرپور استفادے کی ضرورت ہے۔

یہ بھی پڑھیں: او آئی سی کی جانب سے بھارت کو متحد سیاسی پیغام دینا انتہائی ناگزیر ہے، وزیر خارجہ

وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان کی معیشت میں بہتری لانے کیلئے ہمارے سفیروں کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا، کاروبار میں سہولت کی فراہمی کے لیے ہم نے بہت سے اقدامات کیے ہیں۔

سفیروں سے خطاب کے دوران انہوں نے یورپ سے پاکستان کو سرمایہ میں اضافے کو سراہا اور کہا کہ متعلقہ یورپی وزارتوں، اداروں اور سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع سے آگاہ کریں۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ مجھے خوشی ہے کہ کاروبار کے حوالے سے سہولیت کی فراہمی سے عالمی سطح پر پاکستان کی درجہ بندی میں 39 درجے بہتری دیکھنے میں آئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ سفیر دونوں فریقین کے درمیان معاشی تعلق کی بہتری میں حائل رکاوٹوں سے بھی آگاہ کریں۔

سرکاری خبر رساں ادارے اے پی پی کی رپورٹ کے مطابق وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ وزارتِ خارجہ، متعلقہ وزارتوں کے ساتھ مل کر معاشی سفارت کاری کے اہداف کے حصول کے لیے اپنی کاوشیں بروئے کار لانے کے لیے پرعزم ہے۔

یورپ میں پاکستانی کمیونٹی کثیر تعداد میں موجود ہے جو یورپی ممالک کی مارکیٹس کے ساتھ گہری واقفیت رکھتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ یورپ میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے تعاون سے معاشی سفارت کاری اہداف کے حصول میں معاونت مل سکتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں 'نسل کشی' سے صَرف نظر نہیں کرسکتی، وزیر خارجہ

یورپی ممالک میں تعینات پاکستانی سفیروں نے وزیر خارجہ کو اپنے اپنے سفارت خانوں کی جانب سے معاشی سفارت کاری کے حوالے سے کی جانے والی کاوشوں سے آگاہ کیا۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ اس سے قبل ہم نے افریقی ممالک کے ساتھ معاشی سفارت کاری کا آغاز کیا اور افریقی ممالک میں تعینات ہمارے سفیروں اور سفارت خانوں نے بھرپور محنت کی جس کے حوصلہ افزا نتائج برآمد ہوئے۔

انہوں نے کہا کہ نیروبی میں معاشی سفارت کاری کانفرنس کے انعقاد اور افریقی ممالک کی مارکیٹس کے ساتھ معاشی روابط کے بعد افریقی ممالک کے ساتھ ہماری ایکسپورٹ کی شرح میں 7 فیصد اضافہ دیکھنے میں آیا۔

تبصرے (0) بند ہیں