• KHI: Zuhr 12:22pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:53am Asr 3:22pm
  • ISB: Zuhr 11:58am Asr 3:22pm
  • KHI: Zuhr 12:22pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:53am Asr 3:22pm
  • ISB: Zuhr 11:58am Asr 3:22pm

سینیٹ انتخابات کیلئے پیپلز پارٹی کے یوسف رضاگیلانی، فرحت اللہ بابر پی ڈی ایم سے مجوزہ اُمیدوار

شائع February 12, 2021
یوسف رضاگیلانی کو پی ڈی ایم کا مشترکہ امیدوار تجویز کیا گیا—فائل/فوٹو: ڈان
یوسف رضاگیلانی کو پی ڈی ایم کا مشترکہ امیدوار تجویز کیا گیا—فائل/فوٹو: ڈان

پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) نے سینیٹ انتخابات کے لیے اپنے اُمیدواروں کے ناموں کا اعلان کردیا جبکہ سابق وزیراعظم یوسف رضاگیلانی اور فرحت اللہ بابر کے ناموں کو اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے مشترکہ اُمیدواروں کے طور پر تجویز کیا گیا ہے۔

بلاول ہاؤس کراچی سے جاری بیان کے مطابق پی پی پی کے بورڈ کی جانب سے سینیٹ انتخابات 2021 کے لیے جن اُمیدواروں کے ناموں کو حتمی شکل دی گئی ہے ان کے نام جاری کر دیے گئے ہیں۔

اعلامیے کے مطابق سندھ سے پی پی پی کے اُمیدواروں میں جام مہتاب ڈاہر، تاج حیدر، سلیم مانڈوی والا، شیری رحمٰن، شہادت اعوان، ٹیکنوکریٹ کی نشست پر فاروق نائیک، شہادت اعوان اور کریم خواجہ شامل ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: سینیٹ انتخابات: مسلم لیگ (ن) کا پروفیسر ساجد میر کو ایک مرتبہ پھر ٹکٹ دینے کا فیصلہ

سندھ سے خواتین کی نشستوں پر پلوشہ خان، خیرالنسا مغل اور رخسانہ شاہ کورنگ کے طور پر پی پی پی کی اُمیدوار ہوں گی۔

پی پی پی نے پنجاب اور خیبر پختونخوا سے ایک ایک اُمیدوار کو میدان میں لانے کا اعلان کیا ہے۔

پنجاب سے جنرل نشست کے لیے عظیم الحق منہاس پی پی پی کے اُمیدوار ہوں گے جبکہ اعلامیے کے مطابق فرحت اللہ بابر خیبر پختونخوا سے پی ڈی ایم کے مشترکہ اُمیدوار ہوں گے۔

پی پی پی کے مطابق سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کا نام اسلام آباد سے پی ڈی ایم کے مشترکہ اُمیدوار کے طور پر تجویز کیا گیا ہے۔

یاد رہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے گزشتہ روز سینیٹ انتخابات کا شیڈول جاری کیا تھا جس کے تحت ایوانِ بالا کی نشستوں پر اُمیدواروں کو منتخب کرنے کے لیے پولنگ 3 مارچ کو ہو گی۔

یہ بھی پڑھیں: سینیٹ انتخابات کیلئے پولنگ 3 مارچ کو ہوگی، الیکشن کمیشن

الیکشن کمیشن کے جاری کردہ انتخابی پروگرام کے مطابق اُمیدوار اپنے کاغذات نامزدگی 12 اور 13 فروری 2021 کو ریٹرننگ افسران کے دفاتر میں جمع کروا سکتے ہیں۔

جس کے بعد الیکشن کمیشن 14 فروری کو نامزد اُمیدواروں کی فہرست آویزاں کردے گا جبکہ کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال 15 سے 16 فروری تک ریٹرننگ افسران کے دفاتر میں ہو گی۔

جانچ پڑتال مکمل ہونے کے بعد ریٹرننگ افسران کی جانب سے درست قرار دیئے گئے کاغذات نامزدگی کے مطابق اُمیدواروں کی ابتدائی حتمی فہرست جاری کی جائے گی۔

شیڈول کے مطابق ریٹرننگ افسران کی جانب سے کاغذات نامزدگی منظور یا مسترد ہونے کے فیصلوں کے خلاف ٹربیونل میں اپیل کرنے کی آخری تاریخ 18 فروری مقرر کی گئی ہے جبکہ ان اپیلوں کو 20 فروی تک نمٹا دیا جائے گا۔

مزید پڑھیں: سینیٹ انتخابات میں کب، کیا اور کیسے ہوتا ہے؟ مکمل طریقہ

ٹربیونل کے فیصلوں کی روشنی میں اُمیدواروں کی نظرثانی شدہ فہرست 21 فروری کو آویزاں کی جائے گی اسی طرح کاغذات نامزدگی واپس لینے کی تاریخ 22 فروری مقرر کی گئی ہے۔

بعدازاں اُمیدواروں کی حتمی فہرستیں 23 فروری کو آویزاں کی جائیں گی، یہ فہرستیں جاری ہونے کے بعد کوئی بھی اُمیدوار 2 مارچ دوپہر 12 بجے تک مقابلے سے دستبردار ہو سکے گا۔

کارٹون

کارٹون : 4 دسمبر 2024
کارٹون : 3 دسمبر 2024