پی ایس ایل 6 کی افتتاحی تقریب میں کون کون پرفارم کرے گا؟

اپ ڈیٹ 14 فروری 2021
سوشل میڈیا پر یہ خبریں  زیر گردش تھیں کہ گلوکار عاطف اسلم اور علی ظفر  بھی تقریب میں اپنی آواز کا جادو جگائیں گے— فائل فوٹوز: اسکرین شاٹ فیس بک
سوشل میڈیا پر یہ خبریں زیر گردش تھیں کہ گلوکار عاطف اسلم اور علی ظفر بھی تقریب میں اپنی آواز کا جادو جگائیں گے— فائل فوٹوز: اسکرین شاٹ فیس بک

پاکستان سپر لیگ(پی ایس ایل) کے چھٹے سیزن کا آغاز 20 فروری سے ہورہا ہے جس کی رنگا رنگ افتتاحی تقریب کا شائقین کرکٹ کو بے صبری سے انتظار ہے۔

پی ایس ایل کی افتتاحی تقریب میں پرفارم کرنے والے گلوکاروں سے متعلق سوشل میڈیا پر یہ خبریں زیر گردش تھیں کہ گلوکار عاطف اسلم اور علی ظفر بھی پی ایس ایل کی افتتاحی تقریب میں اپنی آواز کا جادو جگائیں گے۔

A photo posted by Instagram (@instagram) on

پی ایس ایل کی تقریب میں عاطف اسلم اور علی ظفر کی پرفارمنس کی خبریں گردش کرنے کے بعد مداحوں کی جانب سے خوشی کا اظہار بھی کیا گیا۔

تاہم علی ظفر نے ایک ٹوئٹ میں بتایا تھا کہ 'میں افتتاحی تقریب میں پرفارم نہیں کروں گا'۔

اب پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے افتتاحی تقریب میں پرفارم کرنے والے گلوکاروں کے ناموں کی تصدیق کردی ہے۔

مزید پڑھیں: پی ایس ایل 6 کی افتتاحی تقریب ترکی میں ہوگی

پی ایس ایل کے چھٹے سیزن کی رنگا رنگ تقریب میں عاطف اسلم، حمیمہ ملک، عمران خان ، نصیبو لال، آئمہ بیگ اور ہپ ہاپ بینڈ ینگ اسٹنرز اپنی آواز کا جادو جگائیں گے۔

خیال رہے کہ یہ پہلا موقع ہوگا جب عالمی شہرت یافتہ گلوکار عاطف اسلم ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ کی افتتاحی تقریب میں کا حصہ بنیں گے۔

A photo posted by Instagram (@instagram) on

یہاں یہ بات بھی مدنظر رہے کہ پی ایس ایل کے چھٹے سیزن کا ترانہ نصیبو لال، آئمہ بیگ اور میوزک بینڈ ینگ اسٹنرز نے گایا تھا جس پر ملا جلا ردعمل سامنے آیا تھا۔

افتتاٰحی تقریب کا کچھ حصہ ترکی میں خصوصی طور پر بنائے گئے ایک اسٹوڈیو میں ریکارڈ کیاجارہا ہے جبکہ پی سی بی کے سی ای او وسیم خان کا کہنا ہے کہ تقریب کی کچھ ریکارڈنگ کوئٹہ میں بھی ہوئی ہے۔

یاد رہے کہ پی ایس ایل کے ابتدائی 4 ایڈیشنز کی افتتاحی تقاریب دبئی میں منعقد ہوئی تھیں جبکہ پانچویں ایڈیشن کی افتتاحی تقریب نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں منعقد ہوئی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: پی ایس ایل 2021 کے شیڈول کا اعلان، افتتاحی میچ 20 فروری کو ہوگا

رواں برس پی ایس ایل کے چھٹے سیزن کی افتتاحی تقریب پہلے سے ریکارڈ کی جائے گی جس کی ریکارڈنگ ترکی میں ہورہی ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے ڈائریکٹر کمرشل بابر حامد کے مطابق اس سال پی ایس ایل کی افتتاحی تقریب بہت پرجوش ہوگی کیونکہ اس مرتبہ پاکستانی شائقین کو تقریب دکھانے کے لیے اسٹیٹ آف دی آرٹ ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جارہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمیشہ کی طرح افتتاحی تقریب کے اختتام پر ایونٹ کا پہلا میچ کھیلا جائے گا۔

یہ تقریب پی ٹی وی اسپورٹس اور نجی چینل جیو سوپر پر نشر ہوگی، افتتاحی تقریب نشر ہونے کے اوقات کار کے بارے میں بعد میں آگاہ کیا جائے گا۔

افتتاحی تقریب نشر ہونے کے بعد پی ایس ایل کا افتتاحی میچ کھیلا جائے گا جس میں دفاعی چیمپئن کراچی کنگز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز مد مقابل ہوں گے۔

تبصرے (0) بند ہیں