بولیویا: یونیورسٹی میں ریلنگ ٹوٹنے کے باعث گرنے سے 7 طلبہ ہلاک

اپ ڈیٹ 04 مارچ 2021
ہلاک و زخمی ہونے والے طلبہ کی عمریں 20 سے 24 سال کے درمیان تھیں — فوٹو: رائٹرز
ہلاک و زخمی ہونے والے طلبہ کی عمریں 20 سے 24 سال کے درمیان تھیں — فوٹو: رائٹرز

جنوبی امریکا کے ملک بولیویا کی یونیورسٹی میں چوتھی منزل کی دھاتی ریلنگ ٹوٹنے کے باعث نیچے گرنے سے 7 طلبہ ہلاک اور 5 شدید زخمی ہوگئے۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی 'اے ایف پی' کے مطابق حادثے کی سامنے آنے والی فوٹیج میں دیکھا گیا کہ لا پاز شہر کے قریب واقع ایل آلٹو یونیورسٹی عمارت کی چوتھی منزل پر طلبہ کا جم غفیر کھڑا ہے اور وہ ایک دوسرے کو دھکے مارتے ہوئے تنگ راستے کے ذریعے اسمبلی ہال میں جانے کی کوشش کر رہے ہیں۔

اسی دوران ایک طرف لگی ہوئی دھاتی ریلنگ طلبہ کا وزن برداشت نہیں کر پائی اور درمیان سے ٹوٹ گئی جس کے نتیجے میں متعدد طلبہ زمینی منزل پر جاگرے۔

ریلنگ ٹوٹنے کے بعد خوش قسمتی سے چند طلبہ کو ساتھیوں نے بروقت پکڑ لیا اور وہ حادثے کا شکار ہونے سے بچ گئے۔

یہ بھی پڑھیں: بولیویا: تاریخی اہمیت کے حامل قیمتی صدارتی تمغے چوری

بولیویا کے وزیر صحت جیسَن اوزا نے کہا کہ حادثے میں 7 طلبہ ہلاک اور 5 شدید زخمی ہوئے جن میں سے چند کی حالت خطرے سے باہر ہے۔

ہلاک و زخمی ہونے والے طلبہ کی عمریں 20 سے 24 سال کے درمیان تھیں۔

بولیویا کے وزیر داخلہ ایڈوارڈو ڈیل کاسٹیلو کا کہنا تھا کہ انہوں نے واقعے کی تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں