ایئرلائنز کو پاکستان سے 30 فیصد اضافی پروازوں کی اجازت

اپ ڈیٹ 12 مئ 2021
سول ایوی ایشن نے تمام ایئر لائنز سے اضافی پروازوں کا شیڈول طلب کر لیا ہے— فائل فوٹو:
سول ایوی ایشن نے تمام ایئر لائنز سے اضافی پروازوں کا شیڈول طلب کر لیا ہے— فائل فوٹو:

سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) نے مسافروں کے رش کے پیش نظر ایئر لائنز کو پاکستان سے باہر 30 فیصد اضافی پروازیں چلانے کی اجازت دے دی۔

سول ایوی ایشن اتھارٹی(سی اے اے) کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق پہلے سے چلائی جانے والی 20 فیصد پروازوں میں اب مزید 30 فیصد اضافہ کردیا گیا ہے۔

مزید پڑھیں: سول ایوی ایشن نے جعلی پی سی آر ٹیسٹ کے ساتھ سفر کرنے کے معاملے کا نوٹس لے لیا

اعلامیے کے مطابق خالی طیاروں کی صورت میں اضافی پروازوں کے ذریعے آنے والے مسافروں کی بیرون ملک روانگی ممکن ہو سکے گی اور ان اضافی پروازوں میں متعلقہ ایئر لائنز کی کارگو پروازیں بھی شامل ہیں۔

این سی او سی کی ہدایات پر شیڈول کے تحت 15 سے 20 مئی تک 20 فیصد تک محدود کر دی گئی تھی۔

سول ایوی ایشن نے تمام ایئر لائنز سے اضافی پروازوں کا شیڈول طلب کر لیا ہے اور ان اضافی فلائٹس کا اطلاق 18 مئی سے ہو گا۔

سول ایوی ایشن کے ترجمان کے مطابق یہ فیصلہ پروازوں کی قلت اور مسافروں کے رش کی وجہ سے کیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: سول ایوی ایشن نے سفری پابندیوں میں 5 اپریل تک توسیع کردی

نوٹی فکیشن کے مطابق یہ 30 فیصد اضافی پروازیں اندرون ملک سے مسافروں کو بیرون ملک لے جانے اور ملک میں کارگو سروس کی مد میں چلائی جائیں گی۔

پاکستان میں آنے والے مسافروں پر 20 فیصد کی عائد پابندی برقرار رہے گی۔

واضح رہے کہ پاکستان سمیت دنیا بھر میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے پیش نظر سول ایوی ایشن نے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی ہدایات پر پابندیاں عائد کردی تھیں۔

گزشتہ روز سول ایوی ایشن نے جعلی پی سی آر ٹیسٹ کے ساتھ سفر کرنے کے معاملے کا نوٹس لے لیا ہے۔

سول ایوی ایشن نے 10 مئی کو جاری اعلامیے میں کہا تھا کہ اس معاملے کی تحقیقات کرنے پر پتا چلا ہے کہ مسافروں نے جعلی منفی نتائج کے حامل جعلی پی سی آر کا استعمال کرکے پاکستان کا سفر کیا اور ناصرف ان کے ساتھ سفر کرنے والے مسافروں کو خطرے میں ڈال دیا بلکہ وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے قومی سطح پر جاری کوششوں کو بھی ناکام بنا دیا۔

مزید پڑھیں: کورونا کا پھیلاؤ روکنے کیلئے سول ایوی ایشن اتھارٹی کے نئے اقدامات

اتھارٹی نے پاکستان جانے والی تمام ایئر لائنز کو ہدایت کی کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ پاکستان سفر کرنے والے تمام مسافروں کے پاس حکومت کے منظور شدہ لیب سے ٹیسٹ کے نتائج ہوں اور کیو آر کوڈ کے بغیر کسی بھی ٹیسٹ کے نتائج قابل قبول نہیں ہوں گے۔

اس سے قبل سول ایوی ایشن اتھارٹی نے ملک میں کورونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے نئے اقدامات متعارف کراتے ہوئے پاکستان آنے والے تمام مسافروں کے لیے یہ لازمی قرار دیا تھا کہ وہ 'پاس ٹریک ایپ' کے ذریعے اپنی مکمل معلومات جمع کروائیں۔

تبصرے (0) بند ہیں