عمران عباس کی شادیوں کی خبر پر مزاحیہ تبصرے کرنا اداکاروں کو مہنگا پڑگیا

زیادہ تر مداحوں نے دونوں اداکاروں کو حلالہ پر مذاق کرنے سے روکا—فائل فوٹو: فیس بک/ انسٹاگرام
زیادہ تر مداحوں نے دونوں اداکاروں کو حلالہ پر مذاق کرنے سے روکا—فائل فوٹو: فیس بک/ انسٹاگرام

دو دن قبل اداکار عمران عباس نے اپنی شادیوں سے متعلق جھوٹی خبروں کے اسکرین شاٹس شیئر کرتے ہوئے یوٹیوبرز اور بلاگرز پر برہمی کا اظہار کیا تھا۔

عمران عباس نے 29 مئی کو فیس بک پر بعض سوشل میڈیا پوسٹس اور یوٹیوب چینلز کی خبروں کے اسکرین شاٹس شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ گزشتہ چند ماہ میں ان کی چوتھی شادی کرادی گئی۔

عمران عباس نے اداکارہ علیزے شاہ، اشنیٰ شاہ اور صبور علی سمیت عروہ حسین سے اپنی شادی کی جھوٹی خبروں سے متعلق اسکرین شاٹ شیئر کیے تھے۔

یہ بھی پڑھیں: ایک ہی ہفتے میں عمران عباس اپنی طلاق اور دوسری شادی کی خبروں پر پریشان

عمران عباس نے فیس بک پوسٹ اور انسٹاگرام اسٹوریز پر اپنی ازدواجی زندگی سے متعلق جھوٹی خبروں پر برہمی اور پریشانی کا اظہار کرتے ہوئے سوال کیا تھا کہ کیا ایسے یوٹیوبرز کو چند کلکس کے حصول کے لیے ایسی جھوٹی خبریں پھیلانے کے علاوہ اور کوئی کام نہیں؟

اداکار نے افواہیں پھیلانے والے افراد کے خلاف کارروائی کا مطالبہ بھی کیا تھا—اسکرین شاٹ
اداکار نے افواہیں پھیلانے والے افراد کے خلاف کارروائی کا مطالبہ بھی کیا تھا—اسکرین شاٹ

عمران عباس نے لکھا تھا کہ رواں سال کے آغاز سے اب تک ان کی چار شادیوں کی جھوٹی خبریں چلائی گئیں اور حیرت کی بات یہ ہے کہ آخری ہفتے میں ان کی اشنیٰ شاہ سے پھر طلاق کے بعد ان کی شادی عروہ حسین سے کرنے کی خبر پھیلائی گئی۔

مزید پڑھیں: اشنیٰ شاہ اور عمران عباس اپنی شادی کی خبروں پر حیران

عمران عباس کی مذکورہ پوسٹ پر کئی افراد نے مزاحیہ کمنٹس کرکے انہیں مشورہ دیا تھا کہ اب انہیں بھی شادی کرلینی چاہیے۔

شادی کی جھوٹی خبر کی پوسٹ پر اداکاروں نے مزاحیہ کمنٹس کیے—اسکرین شاٹ
شادی کی جھوٹی خبر کی پوسٹ پر اداکاروں نے مزاحیہ کمنٹس کیے—اسکرین شاٹ

ان کی پوسٹ پر شوبز صحافی حسن عسکری نے بھی انہیں مبارک باد دیتے ہوئے مزاحیہ تبصرہ کیا تھا کہ اداکار کو مبارک ہو چار پوری ہوگئیں۔

حسن عسکری کی طرح اداکار سید جبران نے بھی مزاحیہ تبصرہ کرتے ہوئے ان کی پوسٹ پر لکھا تھا کہ ’علیزے، صبور، اشنیٰ اور عروہ، چار ہوگئیں اور میرے خیال میں اب عمران عباس کا شرعی کوٹا بھی پورا ہوگیا‘۔

یہ بھی پڑھیں: عمران عباس نے علیزے شاہ سے شادی کی خبروں کو افواہ قرار دے دیا

سید جبران کے تبصرے پر عمران عباس نے بھی مزاحیہ جواب دیا تھا کہ یہ صرف اس سال کا کوٹا ہے، پچھلے سالوں کے کھاتے الگ ہیں۔

ان کی باتیں جاری تھیں کہ لکھاری سجی گل نے بھی عمران عباس کی پوسٹ پر کمنٹ کرتے ہوئے لکھا کہ اس مرتبہ تو نکاح پر نکاح، اگلی بار حلالہ؟

سید جبران اور سجی گل کے مزاحیہ تبصروں پر لوگ نالاں دکھائی دیے—اسکرین شاٹ
سید جبران اور سجی گل کے مزاحیہ تبصروں پر لوگ نالاں دکھائی دیے—اسکرین شاٹ

سجی گل کے کمنٹ پر سید جبران نے جواب دیا کہ ’ان کی اور عمران عباس کی آپس میں ڈیل ہوگئی ہے اور وہ ان کے حلالہ منیجر ہیں‘۔

اداکاروں کی جانب سے مذکورہ مزاحیہ تبصروں پر کئی لوگوں نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے انہیں یاد دلایا کہ ایسی حساس باتوں پر ہمیشہ مذاق نہیں کیا جاتا۔

مداحوں نے اداکاروں کو حلالہ کے معاملے پر مذاق کرنے پر تنقید کا نشانہ بنایا—اسکرین شاٹ
مداحوں نے اداکاروں کو حلالہ کے معاملے پر مذاق کرنے پر تنقید کا نشانہ بنایا—اسکرین شاٹ

زیادہ تر لوگوں نے سید جبران کو ’حلالہ منیجر‘ کا جملہ استعمال کرنے پر تنقید کا نشانہ بنایا اور انہیں یاد دلایا کہ ایسی باتوں پر نہ تو مذاق کیا جانا چاہیے اور نہ تو یہ مزاحیہ معاملہ ہے۔

اداکاروں کی مزاحیہ تبصروں کو مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر شیئر کیا گیا، جہاں کئی لوگوں نے ان کے شادیوں اور حلالہ کے تبصروں کو قابل اعتراض قرار دیا اور انہیں مشورہ دیا کہ وہ ایسی باتوں پر اس طرح سے مذاق نہ کیا کریں۔

کچھ لوگوں نے عمران عباس کو بھی آڑے ہاتھوں لیا کہ وہ ایک طرف تو اپنی شادی کی جھوٹی خبروں پر پریشان نظر آنے کا ڈراما کر رہے ہیں اور دوسری طرف مزے بھی لے رہے ہیں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں