مریم نواز کی سیاست کو ان کی زبان تباہ کردے گی، شیخ رشید

اپ ڈیٹ 24 جولائ 2021
فاقی وزیر داخلہ لاہور میں میڈیا سے گفتگو کر رہے ہیں - فوٹو:ڈان نیوز
فاقی وزیر داخلہ لاہور میں میڈیا سے گفتگو کر رہے ہیں - فوٹو:ڈان نیوز

وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ مریم نواز کی سیاست کو ان کی زبان تباہ کردے گی۔

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف صبح اعلان کریں شام کو وطن واپس لانے کے لیے طیارہ بھیج دوں گا۔

انہوں نے کہا کہ آرمی چیف نے فوج کو احکامات جاری کردیے ہیں کہ کشمیر کے انتخابات میں فوج بھی موجود ہوگی۔

ان کا کہنا تھا کہ 'مجھے شک ہے کہ پیپلز پارٹی مسلم لیگ (ن) سے زیادہ نشتیں حاصل کرلے گی، مریم نواز کی سیاست کو ان کی زبان تباہ کر رہی ہے، انہیں مفت مشورہ دے رہا ہوں'۔

مزید پڑھیں: 'افغان سفیر کی بیٹی کے ساتھ کسی ٹیکسی میں کوئی لڑائی جھگڑا نہیں ہوا'

انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے وہاں سے رونا پیٹنا ڈال رکھا ہے کہ میں بڑی تکلیف میں ہوں، یہ تکلیف آپ کی اپنی پسند کردہ ہے، صبح اعلان کریں شام کو چارٹر طیارہ بھیج دوں گا۔

انہوں نے بتایا کہ نواز شریف وطن واپس آئیں انہیں بھرپور سیکیورٹی بھی فراہم کی جائے گی، چاہتا ہوں اچھی حالت میں آجائیں اسی میں سب کا فائدہ ہے۔

وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ نواز شریف اور اس کا خاندان سارا مال لوٹ کر لے گئے ہیں اور قوم کو مشکل میں ڈال دیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے خلاف اسرائیل اور بھارت نے ہائبرڈ وار کا آغاز کردیا ہے، سوشل میڈیا کہہ رہا ہے کہ آپ را کے ایجنٹوں سے مل رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ’نواز شریف کشمیر میں کیا پیغام دے رہے ہیں، نریندر مودی سے آپ پگڑیاں بدلتے ہیں، جاتی امرا کشمیر کے کس نقشے میں ہے، اس ملک کا وزیر داخلہ ہے اصل کشمیری‘۔

ان کا کہنا تھا کہ 'یہ کہتے ہیں کہ کشمیر کو فروخت کر رہے ہیں، کشمیری کوئی بھولا نہیں، سارا پاکستان بھی کشمیر کی حمایت سے دستبردار ہوجائے کشمیری اپنی آزادی سے پیچھے نہیں ہٹے گا'۔

یہ بھی پڑھیں: افغان سفیر کی بیٹی اغوا نہیں ہوئی، یہ ‘انٹرنیشنل سازش’ ہے، شیخ رشید

ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کشمیر کا کیس دنیا میں اجاگر کرے گا اور پاکستان کشمیریوں کے قدم قدم پر ساتھ چلے گا۔

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ 'کشمیر میں جو زبان استعمال کی گئی اس سے کشمیریوں کا دل دُکھا ہے، ساری قوم کو آزادی کشمیر کی جدو جہد میں ایک ہونا چاہیے، کشمیریوں کو توقع ہے کہ پاکستان کشمیر کی آزادی میں یک زباں ہو'۔

ان کا کہنا تھا کہ 'کشمیری قربانی دے رہے ہیں اور آپ میڈیا پر بیان بازی کر رہے ہیں، پاکستان کی ساری سیاست میڈیا پر قید ہوکر رہ گئی ہے، میڈیا سے ہی اگر رہنما بننا ہے تو ریٹنگ کے لحاظ سے پاکستان کا سب سے بڑا لیڈر میں ہوں'۔

انہوں نے کہا کہ 'کہتے ہیں کہ اسلام آباد آئیں گے، اب ساس بہو کے مسئلے میں بھی لوگ کہیں گے ہم ڈی چوک جارہے ہیں، اسلام آباد کو ہائیڈ پارک نہ بنائیں'۔

ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمٰن کشمیر کمیٹی کے دو سے 3 مرتبہ چیئرمین رہے ہیں اور ان کی کارکردگی کشمیر کے مسئلے پر انتہائی ناقص تھی۔

انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو اور مریم نواز کہہ سکتے ہیں کہ کشمیر میں حکومت بنانے جارہے ہیں تو میرا بھی پورا حق ہے کہ کل شام 7 بجے لال حویلی سے تحریک انصاف کی جیت کا اعلان کروں چاہے ایک ووٹ سے کروں۔

مزید پڑھیں: آزاد کشمیر انتخابات کے بعد حکومت، اپوزیشن کے مابین تعلقات بہتر ہوں گے، شیخ رشید

شہباز شریف کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ شہباز شریف لاپتا ہی ہیں، وہ بھائی سے ڈرا ہے، مریم نواز سیاست کر رہی ہے، بس وہ کبھی تعزیتی بیان دے دیتے ہیں کبھی مبارک باد بس۔

افغان سفیر کی بیٹی کے مبینہ اغوا کے واقعے کے بارے میں بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ 'مجھے وزیر اعظم عمران خان نے افغان سفیر کی بیٹی کے معاملے کی تحقیقات کا حکم دیا، وہ اغوا نہیں ہوی، لاپتا ہوئی تھی، یہ گمشدگی تھی'۔

انہوں نے کہا کہ 'افغان حکومت آئے، اگر کسی نے کہا تو میں یہ بھی ڈھونڈ نکال سکتا ہوں کہ گمشدگی کہاں پر تھی اور لاپتا کہاں پر ہوئی'۔

شیخ رشید کی اس بات پر ایک صحافی نے کہا کہ اس کا معلوم تو آپ کو اب بھی ہے تو انہوں نے کہا کہ مناسب نہیں، بیٹیاں سب کی سانجھی ہوتی ہیں۔

وزیر داخلہ نے داسو ڈیم پر کام کے آغاز سے متعلق کہا کہ 'چین سے پاکستان کی دوستی لازوال ہے، داسو ڈیم کا کام جلد مکمل ہوجائے گا، چین نے 4 پلاٹون کی درخواست دی ہے ہم وہ بھی فراہم کریں گے، بھاشا اور داسو ڈیم پاکستان کی معیشت کا نقشہ بدل دے گا'۔

تبصرے (0) بند ہیں