وزیراعظم آزاد کشمیر کے عہدے کیلئے اُمیدواروں کے انٹرویوز

اپ ڈیٹ 30 جولائ 2021
وزیر اطلاعات نے بتایا کہ  وزیراعظم امیدواروں کے تفصیلی انٹرویوز لے رہے ہیں — فائل فوٹو: انسٹاگرام عمران خان
وزیر اطلاعات نے بتایا کہ وزیراعظم امیدواروں کے تفصیلی انٹرویوز لے رہے ہیں — فائل فوٹو: انسٹاگرام عمران خان

وزیر اعظم عمران خان نے آزاد جموں و کشمیر کے وزیر اعظم کے عہدے کے لیے اُمیدواروں کے انٹرویوز کرنے شروع کر دیے جس میں ان سے ماحولیات، سیاحت اور قومی و بین الاقوامی معاملات پر حکمت عملی کے بارے میں پوچھا جارہا ہے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق تاہم اس حوالے سے غیر یقینی صورت حال پائی جاتی ہے کہ آزاد کشمیر کا وزیر اعظم کون ہوگا کیوں کہ خواہشمند امیدواروں کی تعداد بڑھتی جارہی ہے۔

جمعرات کے روز وزیر اعظم نے 5 امیدواروں کا انٹرویو لیا جس میں سردار تنویر الیاس، بیرسٹر سلطان محمود، خواجہ فاروق، اظہر صادق اور عبدالقیوم نیازی شامل ہیں، عبدالقیوم نیازی اس سے پہلے آزاد کشمیر کے وزیر اعظم کے خواہشمندوں میں شامل نہیں تھے لیکن ان کا نام اچانک سامنے آیا۔

یہ بھی پڑھیں: آزاد کشمیر انتخابات: تحریک انصاف کیلئے ’حکومت تشکیل‘ دینے کی راہ ہموار

اس کے علاوہ جمعہ کے روز (آج) مزید 3 سے 4 اُمیدواروں کا انٹرویو لیا جائے گا اور توقع ہے کہ وزیر اعظم 5 اگست سے قبل آزاد کشمیر کے نئے وزیر اعظم کے نام کا اعلان کر دیں گے۔

ذرائع نے بتایا کہ وزیر اعظم عمران خان نے مختلف حلقوں کی جانب سے مخصوص اُمیدواروں کی حمایت کے لیے رابطہ کرنے پر برہمی کا اظہار کیا اور اُمیدواروں کو بتایا کہ وہ کسی دباؤ کے بغیر اپنا فیصلہ خود لیں گے۔

وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا کہ 'جی وزیر اعظم نے اُمیدواروں کے انٹرویو کرنے شروع کر دیے ہیں اور اب کوئی بھی اپنے آپ کو پسندیدہ نہیں کہہ سکتا'۔

انہوں نے ہی بتایا کہ وزیر اعظم امیدواروں کے تفصیلی انٹرویوز لے رہے ہیں جس میں ان سے ماحولیات، سیاحت، معیشت، سرحدی معاملات اور مستقبل کے لائحہ عمل کے بارے میں سوالات کیے جارہے ہیں۔

مزید پڑھیں: آزاد جموں و کشمیر انتخابات: پی ٹی آئی کی 25 نشستوں کے ساتھ واضح اکثریت

ذرائع نے بتایا کہ وزیر اعظم سے ملاقات کے بعد سردار تنویر اور سلطان مسعود کی باڈی لینگویج مایوس نظر آئی جو اس بات کو ظاہر کرتی ہے کہ دیگر اُمیدواروں پر بھی سنجیدگی کے ساتھ غور کیا جارہا ہے۔

خصوصی ٹیکنالوجی زونز

وزیرِ اعظم نے ہدایات کی ہے کہ بڑے شہروں کے ساتھ ساتھ بلوچستان اور آزاد جموں و کشمیر میں ایس ٹی زیز (خصوصی ٹیکنالوجی زونز) کے قیام پر یکساں توجہ دی جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ ایکو سسٹم کے ساتھ اسپیشل ٹیکنالوجی زونز کی بڑھتی ہوئی تعداد سے ملک میں ٹیکنالوجی بزنس کو فروغ ملنے میں آسانی پیدا ہوگی۔

اجلاس کے دوران وزیر اعظم نے وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے مختلف محکموں کی جانب سے کاروبار میں آسانی کے سلسلے میں اب تک کی پیش رفت کو سراہا، جن میں کمپنیوں کی آسان اور تیز رجسٹریشن اور آن لائن منظوری شامل ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: تین نئے خصوصی اقتصادی زونز کی منظوری دے دی گئی

وزیر اعظم نے ٹیکس کے نظام میں اصلاحات لانے کی کوششوں پر اطمینان کا اظہار کیا اور ہدایت کی کہ تاجر برادری کے لیے زیادہ سے زیادہ سہولیات کو یقینی بنایا جائے۔

انہوں نے پاکستان میں آپریشن شروع کرنے کے لیے اعلیٰ بوٹ کیمپوں کے ساتھ ساتھ ہواوے اور سام سنگ جیسی بڑی ٹیک کمپنیوں کو راغب کرنے میں اسپیشل ٹیکنالوجی زونز اتھارٹی کی کوششوں کو بھی سراہا، اس سے نہ صرف ہنر مند پاکستانی آئی ٹی پیشہ ور افراد کو تربیت بلکہ باوقار روزگار کے وسیع مواقع ملیں گے۔

راوی اربن سٹی

دوسری جانب ایک اجلاس میں وزیر اعظم کو آگاہ کیا گیا کہ لاہور کا راوی اربن سٹی منصوبہ جدید جنگلاتی پالیسی کے تحت ڈیزائن کیا جارہا ہے تاکہ شہر کے ماحولیاتی نقصانات کو دور کیا جاسکے۔

وزیر اعظم نے راوی اربن سٹی اور لاہور سینٹرل بزنس ڈسٹرکٹ کے اجلاس کی سربراہی کی جس میں انہیں بتایا گیا کہ جامع حکمتِ عملی کے تحت منصوبے میں نہ صرف موجودہ جنگلات کا تحفظ اور نالج پارک کا قیام شامل ہے بلکہ پبلک پارکس، بوٹینیکل گارڈنز، برڈ سینکچریز، بٹرفلائی پارکس اور باغات بھی قائم کیے جارہے ہیں، مزید یہ کہ بٹر فلائی پارکس کو بین الاقوامی طرز پر ماہرین سے مشاورت سے تعمیر کیا جارہا ہے۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ راوی سٹی میں ماحولیاتی تحفظ کو ترجیح دیتے ہوئے قائم کیا جانے والا 24 ہزار کنال پر محیط جھوک فارسٹ، پاکستان میں اپنی نوعیت کا پہلا جنگل ہوگا۔

جنگل کی نگرانی اسمارٹ سینسرز کے ذریعے کی جائے گی، منصوبے میں تکنیکی معاونت کے لیے ہواوے کمپنی سے اشتراک کیا گیا ہے، منصوبے میں 150 ایکڑ پر قائم کیا جانے والا نالج پارک اس کا ایک اہم حصہ ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں