امریکا: ریکارڈ بارشوں کے باعث دو ریاستوں میں ایمرجنسی نافذ، 6 افراد ہلاک

اپ ڈیٹ 02 ستمبر 2021
گلیوں میں صبح 5 بجے تک تمام تر غیر ہنگامی گاڑیوں کا داخلہ روک دیا گیا — فوٹو: اے ایف پی
گلیوں میں صبح 5 بجے تک تمام تر غیر ہنگامی گاڑیوں کا داخلہ روک دیا گیا — فوٹو: اے ایف پی
سمندری طوفان ایڈا کے باعث ریاست میں ایمرجنسی کا اعلان کردیا تھا — فوٹو: اے ایف پی
سمندری طوفان ایڈا کے باعث ریاست میں ایمرجنسی کا اعلان کردیا تھا — فوٹو: اے ایف پی

امریکا میں سمندری طوفان 'ائیڈا' کے باعث ریکارڈ بارشوں کے بعد سیلابی صورتحال کی وجہ سے امریکی ریاستوں نیو جرسی اور نیو یارک کے گورنرز نے ایمرجنسی نافذ کردی جبکہ 6 افراد کے ہلاک ہونے کی اطلاعات ہیں۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے 'رائٹرز' کے مطابق نیویارک کی گورنر کیتھی ہوکل نے ٹوئٹر پر ایمرجنسی کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ 'آج رات کے سیلاب سے متاثر ہونے والے نیوریارک کے شہریوں کی مدد کے لیے ایمرجنسی نافذ کر رہی ہوں'۔

نیو یارک سٹی کے میئر نے بِل ڈی بلاسیو نے گزشتہ رات کے سیلاب اور موسم کو 'تاریخی موسمی واقعہ' قرار دیا۔

یہ بھی پڑھیں: امریکی ریاست ٹینیسی میں ریکارڈ بارشوں سے 21 افراد ہلاک

میئر ہیکٹر لورا نے 'سی این این' کو بتایا کہ 'سیلاب میں ڈوب کر ایک شخص ہلاک ہو گیا جبکہ سیلاب نے نیو جرسی کے شہر پاسیک کو ڈبو دیا ہے'۔

ایم بی سی نیویارک نے بتایا کہ نیو جرسی میں ایک اور شخص ہلاک ہوگیا جبکہ 4 افراد نیو یارک میں اس وقت ہلاک ہوئے جب وہ اپنے بیس مینٹس میں پھنسے ہوئے تھے۔

امریکی نشریاتی ادارے 'سی این این' نے بتایا کہ ہیکٹر لورا کا کہنا تھا کہ سیلابی پانی سے 70 سالہ شخص کی لاش برآمد ہوئی ہے، مرنے والا شخص جو گاڑی چلا رہا تھا وہ پانی میں بہہ گئی تھی جبکہ فائر فائٹرز پانی کے اندر گاڑی میں گئے اور ان کے لیے مرنے والے شخص تک پہنچنا تقریباً ناممکن تھا۔

سمندری طوفان کے باعث نیویارک میں تقریباً تمام سب وے لائنز معطل ہوگئیں جبکہ شمال وسطی بحرہ اوقیانوس (اٹلانٹک) کے کچھ حصوں میں خوفناک بارش، سیلاب اور بگولوں کا خطرہ پیدا ہوگیا ہے۔

مزید پڑھیں: امریکی ریاست لوزیانا میں سیلاب سے 7 لوگ ہلاک

شہری انتظامیہ نے ٹوئٹر پر کہا کہ جمعرات کو خراب موسم کے باعث نیویارک شہر کی سڑکوں پر صبح 5 بجے تک تمام تر غیر ہنگامی گاڑیوں کا داخلہ روک دیا گیا۔

بدھ کی شام نیشنل ویدر سروس کی جانب سے مغربی فلاڈیلفیا سے شمالی نیو جرسی تک کم از کم 5 طوفانی ایمرجنسی کا الرٹ جاری کیا گیا۔

قبل ازیں نیو جرسی کے گورنر فِل مَرفی نے بھی سمندری طوفان 'ائیڈا' کے باعث ریاست میں ایمرجنسی کا اعلان کیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: جرمنی سمیت مغربی یورپ میں بارش اور سیلاب سے تباہی، 50 افراد ہلاک

فلاڈیلفیا کے ٹی وی اسٹیشن 'این بی سی 10' نے بتایا کہ سوشل میڈیا پر شائع ہونے والی تصاویر سے معلوم ہوتا ہے کہ طوفان کے باعث پیدا ہونے والے بگولوں نے پنسلوینیا اور نیو جرسی کے حصوں کو اپنی لپیٹ میں لیے رکھا، نیو جرسی کے ملیکا ہل میں کم از کم 9 گھر تباہ ہوئے۔

نیو جرسی کے نیوارک لِبرٹی ایئرپورٹ نے ٹوئٹر پر کہا کہ یہاں 'شدید سیلاب' کی صورتحال کا سامنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بدھ کو رات گئے تمام سرگرمیاں معطل ہونے کے بعد اب 'محدود فلائٹ آپریشن' بحال کیا گیا ہے۔

نیویارک شہر میں بھی سیلابی صورتحال کا سامنا ہے اور سوشل میڈیا تصاویر سے ظاہر ہوتا ہے کہ پانی زیر زمین راستوں، سب وے پلیٹ فارم اور ٹرینوں میں داخل ہوچکا ہے۔

میٹروپولیٹن ٹرانزٹ اتھارٹی (ایم ٹی اے) کا کہنا تھا کہ سیلاب کے باعث سب وے سروس 'انتہائی محدود' کردی گئی تھی۔

مزید پڑھیں: برطانیہ کا پاکستان میں سیلاب سے متاثرہ افراد کیلئے امداد کا وعدہ

میٹروپولیٹن ٹرانسپورٹیشن اتھارٹی کے قائم مقام چیئرمین اور سی ای او جینو لیبر نے اپنے بیان میں کہا کہ سب سے پہلے جواب دہندگان نے سب وے سسٹم سے لوگوں کو نکالا تھا۔

میئر نے شہریوں سے مطالبہ کیا کہ وہ باہر نہ جائیں۔

انہوں نے ٹوئٹر پر کہا کہ 'براہ کرم آج رات گھروں میں رہیں اور ہمارے پہلے رسپونڈر اور ایمرجنسی سروسز کو اپنا کام کرنے دیں، اگر آپ باہر جانے کا سوچ رہے ہیں تو نہ جائیں کیونکہ سب وے اور سڑکیں بند ہیں گہرے پانی میں گاڑی نہ چلائیں اور گھر میں رہیں'۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں