فحش فلمیں بنانے کا کیس: پانچویں بار راج کندرا کی ضمانت نہ ہوسکی

11 ستمبر 2021
مذکورہ کیس میں شلپا شیٹی سے بھی تفتیش کی گئی تھی—فائل فوٹو: انسٹاگرام
مذکورہ کیس میں شلپا شیٹی سے بھی تفتیش کی گئی تھی—فائل فوٹو: انسٹاگرام

فحش فلمیں بنانے کے کیس میں دو ماہ سے گرفتار بولی وڈ اداکار شلپا شیٹی کے شوہر راج کندرا کی پانچویں بار بھی ضمانت نہ ہوسکی۔

راج کندرا کو ریاست مہارا شٹر کے شہر ممبئی کی پولیس نے فحش فلمیں بنانے کے کیس میں 19 جولائی کو گرفتار کیا تھا، جس کے بعد ان کا عدالتی ریمانڈ حاصل کیا گیا تھا۔

راج کندرا نے اپنی گرفتاری اور ریمانڈ کے خلاف جولائی کے اختتام تک عدالت سے رجوع کیا تھا مگر عدالت نے ان کی ضمانت درخواست مسترد کرتے ہوئے ان کے ریمانڈ میں توسیع کی تھی۔

راج کندرا نے ضمانت کے سلسلے میں ممبئی ہائی کورٹ میں درخواست دائر کر رکھی ہے اور ان کی درخواست پر 9 ستمبر کو سماعت ہونی تھی مگر ایسا نہ ہوسکا۔

’نیوز 18‘ کے مطابق فحش فلموں کے کیس میں ضمانت کے حوالے سے راج کندرا کی درخواست پر 9 ستمبر کو سماعت ہونی تھی مگر عدالت نے سماعت ملتوی کردی، جس وجہ سے اب وہ مزید 10 دن تک پولیس کی تحویل میں ہی رہیں گے۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ اس سے قبل راج کندرا کی ضمانت درخواست پر 27 اگست کو سماعت ہونی تھی مگر اس وقت بھی عدالت نے سماعت ملتوی کردی تھی اور 9 ستمبر کو بھی عدالت کی سماعت نہ ہوسکی۔

راج کندرا کو پولیس نے 19 جولائی کو گرفتار کیا تھا—فائل فوٹو: انسٹاگرام
راج کندرا کو پولیس نے 19 جولائی کو گرفتار کیا تھا—فائل فوٹو: انسٹاگرام

رپورٹ کے مطابق راج کندرا کے کیس کی سماعت کے لیے نیا بینچ تشکیل دیا جائے گا اور ممکنہ طور پر اب نیا بینچ ہی ان کی ضمانت سے متعلق فیصلہ کرے گا۔

یہ بھی پڑھیں: شلپا شیٹی کے شوہر سمیت دو افراد فحش فلمیں بنانے کے الزام میں گرفتار

ممکنہ طور پر راج کندرا کی درخواست پر 16 ستمبر تک سماعت ہوگی، اس سے قبل 3 بار عدالت نے ان کی درخواست مسترد کردی تھی جب کہ دو بار سماعت ملتوی ہو چکی ہے۔

گزشتہ ماہ راج کندرا کی ضمانت مسترد ہونے پر انہیں گرفتار کیے جانے اور ان کی بار بار ضمانت درخواست مسترد ہونے پر ان کے وکلا نے پولیس پر سنگین الزامات عائد کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ ان کے خلاف چارج شیٹ میں ایک بھی باضابطہ الزام نہیں لگایا گیا۔

شلپا شیٹی کے شوہر کے وکلا کا کہنا تھا کہ ان کے موکل کے خلاف پولیس نے 4 ہزار صفحات پر مشتمل چارج شیٹ پیش کی ہے مگر اس میں کسی ایک پورن ویڈیو کو برآمد کرانے کے شواہد نہیں۔

عدالت نے تین بار راج کندرا کی درخواست مسترد کی ہے، دو بار سماعت ہی نہیں ہوسکی—فائل فوٹو: انسٹاگرام
عدالت نے تین بار راج کندرا کی درخواست مسترد کی ہے، دو بار سماعت ہی نہیں ہوسکی—فائل فوٹو: انسٹاگرام

راج کندرا کے وکلا نے پورن اور فحش مواد میں فرق بھی بتایا اور دلیل دی کہ جس ویڈیو میں جنسی عمل کرتے ہوئے دکھایا جائے، اسے ہی پورن کہا جاتا ہے، باقی عریاں مناظر کی ویڈیو نامناسب اور فحش کہلاتی ہیں۔

راج کندرا کے خلاف 2020 میں بھی فحش فلمیں بنانے کا ایک مقدمہ دائر کیا گیا تھا اور انہوں نے مذکورہ کیس میں گرفتاری سے بچنے کے لیے عدالت میں قبل از گرفتاری کی درخواست دے رکھی تھی۔

مزید پڑھیں: عدالت نے شلپا شیٹی کے شوہر کی درخواستِ ضمانت مسترد کردی

شوہر کی گرفتاری کے بعد پولیس نے شلپا شیٹی کو بھی بیان ریکارڈ کروانے کے لیے طلب کیا تھا، جس میں انہوں نے شوہر پر فحش فلمیں بنانے کے الزامات کو مسترد کردیا تھا۔

راج کندرا گزشتہ ڈیڑھ ماہ سے جیل میں ہیں اور پولیس نے ان کی اہلیہ شلپا شیٹی کے خلاف بھی تفتیش شروع کر رکھی ہے، تاہم تاحال اداکارہ کے فحش فلمیں بنانے میں ملوث ہونے کے شواہد سامنے نہیں آ سکے۔

شوہر کی گرفتاری کے بعد شلپا شیٹی سے بھی پوچھ گچھ کی گئی تھی—فائل فوٹو: انسٹاگرام
شوہر کی گرفتاری کے بعد شلپا شیٹی سے بھی پوچھ گچھ کی گئی تھی—فائل فوٹو: انسٹاگرام

تبصرے (0) بند ہیں