فحش فلمیں بنانے کا کیس: شلپا شیٹی کے شوہر کے عدالتی ریمانڈ میں توسیع

اپ ڈیٹ 11 اگست 2021
شلپا شیٹی نے بھی مذکورہ کیس میں بیان ریکارڈ کروادیا—فائل فوٹو: فیس بک
شلپا شیٹی نے بھی مذکورہ کیس میں بیان ریکارڈ کروادیا—فائل فوٹو: فیس بک

بھارت کی عدالت نے فحش فلمیں بنانے کے کیس میں گرفتار بولی وڈ اداکارہ شلپا شیٹی کے شوہر راج کندرا کے عدالتی ریمانڈ میں مزید توسیع کردیا۔

راج کندرا کو ممبئی پولیس نے 19 جولائی کو فحش فلمیں بنانے، ماڈلز کو پورن فلموں میں کام کرنے کے لیے بلیک میل کرنے جیسے الزامات کے تحت گرفتار کیا تھا۔

ٹائمز آف انڈیا کے مطابق 10 اگست کو ممبئی کی سیشن کورٹ نے کرائم برانچ کی جانب سے مخالفت کی بنا پر راج کندرا کو مزید مدت کے لیے پولیس کے حوالے کردیا اور سماعت 20 اگست تک ملتوی کردی۔

راج کندرا کا 14 روزہ عدالتی ریمانڈ 10 اگست کو ختم ہوا تھا، جس پر انہیں عدالت میں پیش کیا گیا تھا۔

اس سے قبل ان کا 14 روزہ جسمانی ریمانڈ 27 جولائی کو مکمل ہوا تھا مگر اس وقت بھی عدالت نے ان کی ضمانت کی درخواست مسترد کرتے ہوئے انہیں عدالتی ریمانڈ پر جیل بھیج دیا تھا۔

شلپا شیٹی نے شوہر پر لگے الزامات کو مسترد کردیا ہے—فائل فوٹو: انسٹاگرام
شلپا شیٹی نے شوہر پر لگے الزامات کو مسترد کردیا ہے—فائل فوٹو: انسٹاگرام

یاد رہے کہ راج کندرا کو ممبئی کرائم برانچ نے 19 جولائی کو گرفتار کرکے عدالت سے ان کی تحویل حاصل کی تھی اور اب عدالت نے پولیس کی جانب سے ہی انہیں ضمانت دینے کی مخالفت کی وجہ سے مزید مدت کے لیے جیل بھیج دیا۔

ٹائمز آف انڈیا نے بتایا کہ کرائم برانچ پولیس نے عدالت کو بتایا کہ راج کندرا ان سے تفتیش میں تعاون نہیں کر رہے جب کہ انہوں نے متعدد شواہد بھی ضائع کردیے ہیں، جس کی وجہ سے تفتیش سست روی کا شکار ہے۔

یہ بھی پڑھیں: شلپا شیٹی کے شوہر سمیت دو افراد فحش فلمیں بنانے کے الزام میں گرفتار

پولیس نے عدالت کو بتایا کہ راج کندرا بااثر شخصیت ہیں، انہیں رہا کرنے سے کیس مزید سست روی کا شکار ہوگا اور کیس کے باقی ثبوتوں کو بھی مٹا دیا جائے گا۔

پولیس نے عدالت کو مزید آگاہ کیا کہ راج کندرا ’ہاٹ شاٹ‘ نامی پورن فلموں کی ایپلی کیشن کو لندن سے رجسٹریشن کروانے کے بعد چلا رہے ہیں اور ایپ کو انہوں نے اپنے بہنوئی کے نام سے رجسٹرڈ کروا رکھا ہے۔

عدالت نے پہلے بھی راج کندرا کی ضمانت کی درخواست مسترد کردی تھی—فائل فوٹو: انسٹاگرام
عدالت نے پہلے بھی راج کندرا کی ضمانت کی درخواست مسترد کردی تھی—فائل فوٹو: انسٹاگرام

ساتھ ہی پولیس نے مقامی عدالت کو بتایا کہ ممبئی ہائی کورٹ نے بھی گزشتہ ماہ جولائی کے اختتام پر راج کندرا کی ضمانت کی درخواست مسترد کردی تھی۔

اسی کیس میں تاحال پولیس نے راج کندرا کے خلاف باضابطہ چالان بھی پیش نہیں کیا جب کہ ان کی اہلیہ شلپا شیٹی کو بھی بیانات ریکارڈ کروانے کے لیے بلایا گیا تھا۔

مزید پڑھیں: عدالت نے شلپا شیٹی کے شوہر کی درخواستِ ضمانت مسترد کردی

شلپا شیٹی نے 23 جولائی کو اپنے بیان میں شوہر پر لگے الزامات کو مسترد کیا تھا جب کہ دیگر چند ماڈلز و افراد کے بھی اسی کیس میں بیانات ریکارڈ کیے جا چکے ہیں۔

شلپا شیٹی کے شوہر پر الزام ہے کہ وہ کئی سال سے متعدد ماڈلز کو بولی وڈ کی بڑی فلموں میں کام دلوانے کے بہانے سے ان کی فحش فلمیں بنواتے تھے اور انہیں ہاٹ شاٹ ایپ پر اپ لوڈ کرکے پیسے کمائے جاتے رہے۔

شلپا شیٹی اور راج کندرا نے 2005 میں شادی کی اور جوڑے کو 2 بچے بھی ہیں—فائل فوٹو: انسٹاگرام
شلپا شیٹی اور راج کندرا نے 2005 میں شادی کی اور جوڑے کو 2 بچے بھی ہیں—فائل فوٹو: انسٹاگرام

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں