راج کندرا کی درخواستِ ضمانت ایک مرتبہ پھر مسترد

اپ ڈیٹ 24 اگست 2021
راج کندرا ڈیڑھ ماہ سے جیل میں ہیں — فوٹو: ٹائمز آف انڈیا
راج کندرا ڈیڑھ ماہ سے جیل میں ہیں — فوٹو: ٹائمز آف انڈیا

عدالت نے فحش فلمیں بنانے کے کیس میں گرفتار بولی وڈ اداکارہ شلپا شیٹی کے شوہر راج کندرا کی درخواستِ ضمانت ایک مرتبہ پھر مسترد کردی۔

ٹائمز آف انڈیا کی رپورٹ کے مطابق راج کندرا کا عدالتی ریمانڈ 20 اگست کو مکمل ہوا تھا، جس کے بعد انہوں نے ضمانت کی درخواست دی تھی مگر ممبئی کی سیشن کورٹ نے اسے مسترد کردیا۔

مقامی عدالت کی جانب سے راج کندرا کی ضمانت مسترد ہونے کے بعد وہ اگست کے آخر تک پولیس کی تحویل میں ہی رہیں گے۔

شلپا شیٹی کے شوہر کو ممبئی پولیس نے گزشتہ ماہ 19 جولائی کو فحش فلمیں بنانے کے کیس میں گرفتار کیا تھا، جس کے بعد انہیں عدالت میں پیش کرکے ان کا جسمانی ریمانڈ حاصل کیا گیا تھا۔

مقامی عدالت نے ابتدائی طور پر 2 ہفتوں کے لیے راج کندرا کو پولیس کے حوالے کیا تھا اور بعد ازاں اگست کے آغاز میں ان کی ضمانت درخواست مسترد کردی گئی تھی۔

شلپا شیٹی نے شوہر پر لگے الزامات کو مسترد کردیا ہے—فائل فوٹو: انسٹاگرام
شلپا شیٹی نے شوہر پر لگے الزامات کو مسترد کردیا ہے—فائل فوٹو: انسٹاگرام

راج کندرا کا ریمانڈ مکمل ہونے پر عدالت نے انہیں مزید مدت کے لیے پولیس کے حوالے کردیا تھا اور اب وہ اگست کے آخر تک تھانے میں ہی رہیں گے۔

راج کندرا کو گرفتار کیے جانے اور ان کی بار بار ضمانت درخواست مسترد ہونے پر ان کے وکلا نے پولیس پر سنگین الزامات عائد کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ ان کے خلاف چارج شیٹ میں ایک بھی باضابطہ الزام نہیں لگایا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: شلپا شیٹی کے شوہر سمیت دو افراد فحش فلمیں بنانے کے الزام میں گرفتار

شلپا شیٹی کے شوہر کے وکلا کا کہنا تھا کہ ان کے موکل کے خلاف پولیس نے 4 ہزار صفحات پر مشتمل چارج شیٹ پیش کی ہے مگر اس میں کسی ایک پورن ویڈیو کو برآمد کرانے کے شواہد نہیں۔

راج کندرا کے وکلا نے پورن اور فحش مواد میں فرق بھی بتایا اور دلیل دی کہ جس ویڈیو میں جنسی عمل کرتے ہوئے دکھایا جائے، اسے ہی پورن کہا جاتا ہے، باقی عریاں مناظر کی ویڈیو نامناسب اور فحش کہلاتی ہیں۔

عدالت نے پہلے بھی راج کندرا کی ضمانت کی درخواست مسترد کردی تھی—فائل فوٹو: انسٹاگرام
عدالت نے پہلے بھی راج کندرا کی ضمانت کی درخواست مسترد کردی تھی—فائل فوٹو: انسٹاگرام

ٹائمز آف انڈیا کے مطابق اگرچہ ممبئی کی مقامی عدالت نے راج کندرا کی دو مرتبہ ضمانت درخواست مسترد کی ہے لیکن بمبئی ہائی کورٹ نے ان کی ایک اور کیس میں قبل از گرفتاری ضمانت منظور کر لی ہے۔

راج کندرا کے خلاف 2020 میں بھی فحش فلمیں بنانے کا ایک مقدمہ دائر کیا گیا تھا اور انہوں نے مذکورہ کیس میں گرفتاری سے بچنے کے لیے عدالت میں قبل از گرفتاری کی درخواست دے رکھی تھی۔

شوہر کی گرفتاری کے بعد پولیس نے شلپا شیٹی کو بھی بیان ریکارڈ کروانے کے لیے طلب کیا تھا، جس میں انہوں نے شوہر پر فحش فلمیں بنانے کے الزامات کو مسترد کردیا تھا۔

راج کندرا گزشتہ ڈیڑھ ماہ سے جیل میں ہیں اور پولیس نے ان کی اہلیہ شلپا شیٹی کے خلاف بھی تفتیش شروع کر رکھی ہے، تاہم تاحال اداکارہ کے فحش فلمیں بنانے میں ملوث ہونے کے شواہد سامنے نہیں آ سکے۔

شلپا شیٹی سے بھی تفتیش جاری ہے—فائل فوٹو: انسٹاگرام
شلپا شیٹی سے بھی تفتیش جاری ہے—فائل فوٹو: انسٹاگرام

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں