عدالت نے شلپا شیٹی کے شوہر کی درخواستِ ضمانت مسترد کردی

اپ ڈیٹ 28 جولائ 2021
پولیس نے بھی شلپا شیٹی کو کلیئر قرار دینے سے انکار کردیا—فائل فوٹو: انسٹاگرام
پولیس نے بھی شلپا شیٹی کو کلیئر قرار دینے سے انکار کردیا—فائل فوٹو: انسٹاگرام

بھارتی ریاست مہارا شٹر کی ممبئی ہائی کورٹ نے بولی وڈ اداکارہ شلپا شیٹی کے شوہر راج کندرا کو پورن فلمیں بنانے کے کیس میں ضمانت دینے سے انکا کردیا۔

راج کندرا کو ممبئی پولیس نے رواں ماہ 19 جولائی کو فحش فلمیں بنانے کے کیس میں گرفتار کرکے جیل بھیجا تھا، بعد ازاں انہیں مقامی عدالت میں پیش کرکے ان کا 27 جولائی تک جسمانی ریمانڈ حاصل کیا گیا تھا۔

جسمانی ریمانڈ کی مدت مکمل ہونے پر راج کندرا نے ممبئی ہائی کورٹ میں ضمانت کے لیے درخواست دی تھی، جسے عدالت نے مسترد کردیا۔

ٹائمز آف انڈیا کے مطابق ممبئی ہائی کورٹ نے 28 جولائی کو راج کندرا کی درخواست پر مختصر سماعت کرتے ہوئے ان کی ضمانت کی درخواست مسترد کردی اور پولیس کو حکم دیا کہ وہ 29 جولائی تک کیس کا مکمل چالان پیش کرے۔

راج کندرا کو مزید 14 دن کے لیے جیل بھیج دیا گیا—فوٹو: ٹائمز آف انڈیا
راج کندرا کو مزید 14 دن کے لیے جیل بھیج دیا گیا—فوٹو: ٹائمز آف انڈیا

دوسری جانب بولی وڈ ہنگامہ نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ جسمانی ریمانڈ کی مدت ختم ہونے پر راج کندرا کو 27 جولائی کو مقامی عدالت میں پیش کیا گیا، جہاں انہیں مزید 14 دن کے لیے عدالتی ریمانڈ پر جیل بھیج دیا گیا۔

ادھر خبر رساں ادارے ایشین نیوز انٹرنیشنل (اے این آئی) نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ ممبئی کرائم برانچ پولیس نے بتایا ہے کہ پورن فلمیں بنانے کے کیس کی مختلف پہلوؤں سے تفتیش کی جا رہی ہے اور تاحال اداکارہ شلپا شیٹی کو کلیئر قرار نہیں دیا گیا ہے۔

پولیس کے مطابق فحش فلمیں بنانے کے کیس میں پولیس مختلف پہلوؤں سے جانچ کر رہی ہے اور دیکھا جا رہا ہے کہ کہیں شلپا شیٹی نے بھی پورن فلموں کے کاروبار سے منافع تو نہیں کمایا یا وہ فلمیں بنانے میں ملوث تو نہیں رہیں۔

اس سے قبل شلپا شیٹی 23 جولائی کو ممبئی پولیس کو دیے گئے بیان میں پورن فلموں میں نہ صرف اپنی مداخلت بلکہ شوہر کے اوپر لگے الزامات کو بھی مسترد کر چکی ہیں۔

اداکارہ نے پولیس کو بتایا تھا کہ وہ اور ان کے شوہر کسی بھی طرح فحش فلمیں بنانے میں ملوث نہیں ہیں جب کہ ان کے شوہر پورن نہیں بلکہ شہوت انگیز فلمیں بناتے ہیں۔

اگرچہ تاحال پولیس نے شلپا شیٹی کو بھی تفتیش سے کلیئر قرار نہیں دیا اور نہ ہی ان کے شوہر کے خلاف باضابطہ طور پر عدالت میں چالان پیش کیا ہے لیکن خیال کیا جا رہا ہے کہ جلد ہی عدالت میں راج کندرا کے خلاف سماعت شروع ہوگی۔

شلپا شیٹی اور راج کندرا نے 2009 میں شادی کی تھی—فائل فوٹو: انسٹاگرام
شلپا شیٹی اور راج کندرا نے 2009 میں شادی کی تھی—فائل فوٹو: انسٹاگرام

دوسری جانب راج کندرا کی جانب سے فحش فلموں کے لیے بنائی گئی ایپلی کیشن اور ویب سائٹ (ہاٹ شاٹ) سے متعلق کئی سنسنی خیز خبریں سامنے آ رہی ہیں اور نیوز 18 کی ایک رپورٹ کے مطابق شلپا شیٹی کے شوہر نے مذکورہ ایپ کے ذریعے 2023 تک 23 کروڑ روپے کمانے کا منصوبہ بنا رکھا تھا۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ فحش مواد کی ترسیل اور ایپل کیشن کو ڈاؤن لوڈ کیے جانے پر راج کندرا نے 2023 اور 2024 تک مجموعی طور 146 کروڑ روپے اور خالصتاً 23 کروڑ روپے منافع کمانے کا منصوبہ بنا رکھا تھا۔

رپورٹ کے مطابق ایپلی کیشن کے ذریعے رواں مالی سال میں بھی 36 کروڑ روپے کی کمائی کا امکان ہے۔

اسی حوالے سے انڈین ایکسپریس نے بتایا کہ (ہاٹ شاٹ) ایپلی کیشن نے صرف ایپل اسٹور سے ڈاؤن لوڈنگ کی مد میں 2020 میں ایک کروڑ 17 لاکھ روپے کمائے۔

راج کندرا کی گرفتاری اور ان کی اہلیہ شلپا شیٹی کو بھی پورن فلموں کے کیس میں شامل تفتیش کرنے سے مذکورہ معاملہ بولی وڈ میں بحث کا موضوع بن چکا ہے اور کئی ماڈلز اور اداکارائیں بھی کھل کر اپنی رائے کا اظہار کرتے ہوئے انکشافات کر رہی ہیں کہ انہیں بھی فحش فلموں میں کام کی پیش کش ہوئی۔

تاہم تاحال کسی بھی ماڈل یا اداکارہ نے براہ راست شلپا شیٹی پر الزام عائد نہیں کیا، البتہ شرلن چوپڑا اور پونم پانڈے جیسی ماڈلز اداکارہ کے شوہر راج کندرا پر الزامات لگا چکی ہیں۔

جوڑے کو 2 بچے بھی ہیں—فائل فوٹو: انسٹاگرام
جوڑے کو 2 بچے بھی ہیں—فائل فوٹو: انسٹاگرام

تبصرے (0) بند ہیں