پرویز مشرف اور آصف زرداری سے متعلق زیر التوا کیسز کی سماعت کے لیے نیا بینچ تشکیل

09 اکتوبر 2021
فل بنچ کی سربراہی چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ جسٹس امیر بھٹی کریں گے۔
فل بنچ کی سربراہی چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ جسٹس امیر بھٹی کریں گے۔

سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی، سابق صدور پرویز مشرف اور آصف زرداری سے متعلق زیر التوا کیسز کی سماعت کے لیے نیا تین رکنی بنچ تشکیل پاگیا۔

فل بنچ کی سربراہی چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ جسٹس امیر بھٹی کریں گے جس کے دیگر اراکین میں جسٹس شجاعت علی خان اور جسٹس عائشہ اے ملک شامل ہیں۔

واضح رہے کہ لاہور ہائی کورٹ نے 10 سال پرانے مقدمات کی سماعت کے لیے فل بنچ تشکیل دیا ہے۔

مزید پڑھیں: پرویز مشرف اور آصف زرداری سے متعلق زیر التوا کیسز کی سماعت کرنے والا بینچ تحلیل

گزشتہ ماہ سابق صدور کیسز کی سماعت کرنے والا ہائی کورٹ کا بینچ ٹوٹ گیا تھا۔

لاہور ہائی کورٹ کے چیف جسٹس امیر بھٹی کی سربراہی میں جسٹس شجاعت علی خان اور جسٹس شہزاد خان پر مشتمل 3 رکنی بینچ آصف علی زرداری، پرویز مشرف اور یوسف رضا گیلانی کے خلاف کیسز کی سماعت کر رہا تھا۔

تاہم تین رکنی فل بینچ کے رکن جسٹس شہزاد ملک نے بینچ کا حصہ بننے سے معذرت کر لی جس پر لاہور ہائیکورٹ کا تین رکنی فل بینچ پہلی سماعت پر ہی تحلیل ہو گیا تھا۔

طے شدہ کیس کی سماعت کے دوران چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ نے بتایا کہ جسٹس ملک شہزاد احمد خان اس 3 رکنی بینچ کا حصہ نہیں بننا چاہتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: سپریم کورٹ: آصف زرداری، پرویز مشرف کے خلاف این آر او کیس ختم

ان کا کہنا تھا کہ اگرچہ درخواستیں غیر مؤثر ہو چکی ہیں مگر بینچ تحلیل ہونے کی وجہ سے حکم جاری نہیں کر سکتے۔ درخواست گزار ایڈووکیٹ رانا علم الدین غازی نے سابق صدر پرویز مشرف کے ایمرجنسی نافذ کرنے کے خلاف درخواست دائر کیں تھیں۔

اس کے علاوہ ایڈووکیٹ رانا علم الدین غازی سمیت دیگر نے سابق صدر آصف زرداری کے دو عہدے رکھنے کے متعلق درخواست دائر کی تھی۔

شاہد نسیم گوندل اور اللہ بخش گوندل ایڈووکیٹ نے سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی کی نااہلی کے متعلق درخواستیں دائر کی تھیں۔

تبصرے (0) بند ہیں