پاکستان کی بھارت میں کشمیری طلبہ پر دہشت گردی کے مقدمات کی مذمت

اپ ڈیٹ 27 اکتوبر 2021
دفتر خارجہ کے مطابق بھارتی حکومت کو ٹی 20 کرکٹ میچ کے پس منظر میں کشمیری نوجوانوں پرتشدد کی تحقیقات کرانی چاہیے— فائل فوٹو: عرب نیوز
دفتر خارجہ کے مطابق بھارتی حکومت کو ٹی 20 کرکٹ میچ کے پس منظر میں کشمیری نوجوانوں پرتشدد کی تحقیقات کرانی چاہیے— فائل فوٹو: عرب نیوز

اسلام آباد نے ٹی 20 ورلڈ کپ میں بھارت کے مقابلے میں پاکستان کی کامیاب پر جشن منانے والے کشمیریوں پر بدترین تشدد کی سخت مذمت کی ہے۔

دفتر خارجہ کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا کہ کشمیری طلبہ پر تشدد سے واضح ہے کہ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) اور انتہا پسند ہندو تنظیم (آر ایس ایس) ایک دوسرے میں ضم ہو کر انتہا پسند ’ہندوتوا‘ سوچ اقلیت خصوصاً مسلمانوں کے خلاف نفرت عروج پر ہے۔

مزید پڑھیں: پاکستان سے عبرتناک شکست کے بعد بھارتی کالجز میں کشمیری طلبہ پر تشدد

دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ انتہائی مذمت اور گہری تشویش کا باعث ہے کہ بھارتی حکام کشمیری طلبہ اور نوجوانوں پر انسداد دہشت گردی کے مقدمات درج کیے جارہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ’یہ بالکل واضح ہے کہ نفرت آمیز رویہ اور اسلاموفوبیا بھارت میں تیزی سے پھیل رہا ہے اور جنٹلمین گیم کرکٹ بھی اس کے مضر اثرات سے نہیں بچ سکا۔

دفتر خارجہ کے مطابق بھارتی حکومت کو ٹی 20 کرکٹ میچ کے پس منظر میں کشمیری نوجوانوں اور مسلم اقلیت کے خلاف ڈرانے دھمکانے اور تشدد کی مکمل تحقیقات کے لیے اقدامات کرنے چاہیے۔

خیال رہے کہ ٹی 20 ورلڈ کپ میچ میں پاکستان کے ہاتھوں عبرتناک شکست کھانے کے بعد بھارتی پنجاب کے تعلیمی اداروں میں زیر تعلیم کشمیری طالب علموں کو تشدد کا نشانہ بنایا گیا اور ان کے ہاسٹل کے کمروں میں توڑ پھوڑ کی گئی تھی۔

مزید پڑھیں: پاکستانی ٹیم کی کامیابی کا جشن منانے پر کشمیری طلبہ کےخلاف دہشت گردی کا مقدمہ

بعدازاں مقبوضہ کشمیر میں بھارت کے خلاف پاکستان کی کامیابی کا جشن منانے والے میڈیکل کالجز کے 2 طلبہ کے خلاف انسداد دہشت گردی کے مقدمات دائر کردیے گئے۔

طلبہ سری نگر میں گورنمنٹ میڈیکل کالج اور شیر کشمیر انسٹی ٹیوٹ میڈیکل سائنسز میں زیر تعلیم ہیں۔

بھارت کے زیر تسلط کشمیر میں حکمران جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے صدر رویندر رینا نے کہا تھا کہ وہ تمام لوگ جنہوں نے ’دشمن ملک‘ پاکستان کے لیے خوشی کا اظہار کیا وہ جلد ہی جیل میں ہوں گے۔

خیال رہے کہ پاکستان نے روایتی حریف بھارت کو 24 اکتوبر کو ٹی 20 ورلڈ کپ کے سپر 12 راؤنڈ کے میچ میں 10 وکٹوں سے شکست دی تھی۔

مزید پڑھیں: بھارت: پاکستان کی کامیابی پر خوشی منانے والی مسلمان خاتون ٹیچر ملازمت سے برخاست

یہ پاکستان کی بھارت کے خلاف کسی بھی فارمیٹ کے ورلڈ کپ ایونٹ میں پہلی فتح ہے۔

اس سے قبل پاکستان اور بھارت کے درمیان ٹی20 ورلڈ کپ میں 5 اور ون ڈے ورلڈ کپ میں 7 میچ کھیلے گئے تھے اور تمام میچوں میں بھارتی ٹیم کامیاب رہی تھی۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں