بھارت کے خلاف شاہین آفریدی جیسی کارکردگی دکھانا چاہتا ہوں، ٹرینٹ بولٹ

اپ ڈیٹ 31 اکتوبر 2021
ٹرینٹ بولٹ ورلڈ کپ میں بھارت کے خلاف شاہین جیسی کارکردگی دکھانے خواہاں
ٹرینٹ بولٹ ورلڈ کپ میں بھارت کے خلاف شاہین جیسی کارکردگی دکھانے خواہاں

نیوزی لینڈ کے فاسٹ باؤلر ٹرینٹ بولٹ نے بھارت کے خلاف ورلڈ کپ کے اہم میچ میں شاہین شاہ آفریدی کی طرح بہترین کارکردگی دکھانے کا عزم ظاہر کیا ہے۔

خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق ورلڈ کپ کے اہم میچ میں بھارت اور نیوزی لینڈ کی ٹیمیں آج آمنے سامنے ہوں گی جہاں اس سے قبل دونوں ٹیموں کو ایونٹ میں اپنے پہلے میچ میں پاکستان کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

مزید پڑھیں: جب نیوزی لینڈ کو پاکستان کے خلاف آؤٹ آف سلیبس پرچے کا سامنا ہوا!

بھارت کے خلاف میچ میں شاہین شاہ آفریدی کے تباہ کن اسپیل کرتے ہوئے 6 رنز پر دونوں بھارتی اوپنرز لوکیش راہل اور روہت شرما کو چلتا کر کے پاکستان کی فتح کی بنیاد رکھی تھی۔

شاہین نے اوپنرز کے ساتھ ساتھ نصف سنچری بنانے والے کپتان ویرات کوہلی کی اہم وکٹ بھی حاصل کی تھی اور میچ میں پاکستان نے بغیر کسی نقصان پر ہدف حاصل کر کے 10 وکٹوں سے فتح حاصل کی تھی۔

32 سالہ بولٹ نے کہا کہ وہ بھارتی ٹیم کے خلاف شاہین شاہ آفریدی جیسی کارکردگی دکھانے کی کوشش کریں گے۔

واضح رہے کہ اس میچ میں فتح حاصل کرنے والی ٹیم کے ورلڈ کپ کے سیمی فائنل تک رسائی کے امکانات روشن ہو جائیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: ’پاکستان کی جیت کا جشن منانے پر غداری کے مقدمے کا سامنا کرنا پڑے گا‘

ٹرینٹ بولٹ نے کہا کہ اس دن بھارت کے خلاف شاہین نے جس طرح باؤلنگ کی اسے دیکھنا بہت اچھا تھا اور ہماری باؤلنگ لائن کی توجہ ابتدائی وکٹیں لینے پر مرکوز ہو گی۔

ان کا کہنا تھا کہ میرے خیال میں گیند ابتدا میں تھوڑی سوئنگ ہوئی اور میں بھی بھارت کے خلاف ان جیسی کارکردگی دکھانے کی کوشش کروں گا۔

بولٹ سپر 12 راؤنڈ میں اب تک پاکستان کی کارکردگی سے بھی متاثر نظر آئے اور انہوں نے ٹورنامنٹ کے لیے پاکستان کو فیورٹ ٹیموں میں سے ایک قرار دیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے باؤلرز نپی تلی باؤلنگ کے ساتھ دباؤ بھی ڈالتے ہیں، اس کے ساتھ بیٹنگ لائن بھی زیادہ سے زیادہ رنز بنانے کے لیے کوشاں نظر آتی ہے اور مخالف ٹیم پر دباؤ بڑھاتی ہے۔

مزید پڑھیں: کسی کو مذہب کی بنیاد پر نشانہ بنانا بدترین انسانی عمل ہے، کوہلی

فاسٹ باؤلر نے کہا کہ اب تک پاکستان نے ٹورنامنٹ میں بہترین کھیل پیش کرتے ہوئے بہترین انداز میں پیش قدمی جاری رکھی ہوئی ہے اور وہ ایک مکمل یونٹ نظر آ رہے ہیں۔

ورلڈ کپ مقابلوں اور حالیہ میچوں کی بات کی جائے تو نیوزی لینڈ کو بھارت پر معمولی برتری حاصل ہے جہاں اس سے قبل 2019 ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں نیوزی لینڈ نے بھارت کو شکست دی تھی۔

اس کے بعد رواں سال کھیلے گئے ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئن شپ کے فائنل میں بھی نیوزی لینڈ نے بھارت کو 8 وکٹوں سے شکست دے کر ٹیسٹ چیمپیئن شپ کی پہلی فاتح ٹیم کا اعزاز اپنے نام کیا تھا۔

تبصرے (0) بند ہیں