ڈالر65 پیسے اضافے کے بعد بلند ترین سطح پر پہنچ گیا

اپ ڈیٹ 08 دسمبر 2021
ملک بوستان کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف سے قرض کی رقم ملنے کے بعد ڈالرکی قیمت  کم ہونے کا امکان ہے— فائل فوٹو: اے ایف پی
ملک بوستان کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف سے قرض کی رقم ملنے کے بعد ڈالرکی قیمت کم ہونے کا امکان ہے— فائل فوٹو: اے ایف پی

انٹربینک مارکیٹ میں امریکی ڈالر کی قدر میں مسلسل اضافہ دیکھا جارہا ہے، جہاں کاروباری دن کے دوران ڈالر کی قیمت میں 65 پیسے اضافے کے بعد نیا ریکارڈ قائم ہوگیا۔

فوریکس ایسوسی ایشن آف پاکستان کے مطابق انٹر بینک میں ڈالر 65 پیسے اضافے کے بعد 177 روپے 50 پیسے پر پہنچ گیا جبکہ اوپن مارکیٹ میں ڈالر 178 روپے 50 پیسے میں فروخت کیا جارہا ہے۔

تجزیہ کار اور بروکرز کا کہنا تھا کہ ڈالر جلد 180 روپے پر پہنچ جائے گا جس سے غیر ملکی زر مبادلہ میں کمی اور مہنگائی میں مزید اضافے اور مقامی کرنسی کی قوت خرید میں مسلسل گراؤٹ کا کا اشارہ ملتا ہے۔

عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) سے کامیاب مذاکرات اور 3 ارب ڈالر کے سعودی فنڈز کے باجود بھی پاکستانی روپے کی قدر میں کمی دیکھی جارہی ہے۔

مزید پڑھیں: آئی ایم ایف سے معاہدے میں تاخیر، ڈالر انٹربینک مارکیٹ میں 171.85 روپے تک پہنچ گیا

وزیر اعظم کے مشیر خزانہ اور ریونیو شوکت ترین نے اعلان کیا تھا کہ اسٹیٹ بینک آف پاکستان کو ریاض سے 3 ارب ڈالر کی ڈپوزٹ موصول ہوگئی ہے۔

علاوہ ازیں پاکستان نے مزید ایک ارب ڈالر کے اضافے کے لیے سکوک بونڈز کا اعلان بھی کیا تھا۔

فوریکس ایسوسی ایشن کے چیئرمین ملک بوستان کے مطابق امپورٹرز میں ڈالر کی طلب مسلسل بڑھ رہی ہے جس کی وجہ سے درآمدات کی قیمت میں بھی اضافہ ہورہا ہے۔

ملک بوستان کے مطابق آئی ایم ایف سے جنوری میں قرض کی رقم ملنے کے بعد ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر پر دباؤ کم ہوسکتا ہے۔

ایکس چینج کمپنیز ایسوسی ایشن کے جنرل سیکریٹری ظفر پراچہ کے مطابق ڈالر کی بڑھتی طلب’ کرنسی مارکیٹ کے لیے خطرہ ہے‘۔

یہ بھی پڑھیں: ڈالر کی قیمت میں مزید اضافہ، 176.65 روپے کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا

انہوں نےکہا کہ امید ہے کہ حکومت ایک ارب ڈالر کے جو سکوک جاری کرنے جارہی ہے اس سے مارکیٹ میں سپلائی بہتر ہوگی اور اس کے بعد ڈالر کی قیمت میں کمی کا امکان ہے۔

رواں مالی سال کے آغاز سے ہی ڈالر کی طلب بلندی پر ہے، اس دوران امریکی ڈالر کی قدر میں 12 فیصد اضافہ ہوا ہے یا یوں کہا جاسکتا ہے کہ ڈالر کی قدر مقامی کرنسی کے مقابلے 18روپے88 پیسےبڑھی ہے۔

سینٹرل بینک کی اطلاعات کے مطابق 26 نومبر تک ملک کے غیر ملکی زر مبادلہ کے ذخائر میں 24 کروڑ 40 لاکھ ڈالر سے 16ارب 10 لاکھ ڈالر کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔

ایس بی پی جانب سے زر مبادلہ کے ذخائر میں کمی کی کوئی وجہ نہیں بتائی گئی تاہم ماہرین کا ماننا ہے کہ کمی کا سبب قرض کی ادائیگی ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں