’عشرت: میڈ ان چائنا‘ سے محب مرزا ہدایت کاری کرنے کو تیار

20 دسمبر 2021
فلم کو جلد ریلیز کرنے کا عندیہ دیا گیا ہے—اسکرین شاٹ
فلم کو جلد ریلیز کرنے کا عندیہ دیا گیا ہے—اسکرین شاٹ

طویل انتظار کے بعد بلآخر آنے والی پاکستانی ایکشن کامیڈی فلم ’عشرت: میڈ ان چائنا‘ کا ٹیزر جاری کرتے ہوئے اسے جلد ریلیز کرنے کی تصدیق کردی گئی۔

’عشرت: میڈ ان چائنا‘ سے اداکار محب مرزا ہدایت کاری جب کہ معروف فیشن ڈیزائنر حسن شہریار یاسین (ایچ ایس وائے) بھی فلمی اداکاری کا آغاز کریں گے۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ ایچ ایس وائے نے اگرچہ مذکورہ فلم سے اداکاری کا آغاز کرنا تھا، تاہم ان کا پہلا ڈراما ’پہلی سی محبت‘ ریلیز ہوا تھا اور اب وہ بڑے پردے پر بھی دکھائی دیں گے۔

’عشرت: میڈ ان چائنا‘ محب مرزا کے 2006 کے مقبول کامیڈی ڈرامے ’عشرت باجی‘ کا تسلسل ہے اور مذکورہ فلم میں جہاں وہ اداکاری کرتے دکھائی دیں گے، وہیں وہ اس کے ذریعے ہدایت کاری کی دنیا میں بھی قدم رکھیں گے۔

’عشرت: میڈ ان چائنا‘ کی شوٹنگ چین کے بجائے تھائی لینڈ میں کی گئی تھی اور گزشتہ برس شوٹنگ کے دوران کورونا کی وبا کے باعث فلم کی ٹیم وہاں پھنس بھی گئی تھی۔

جاری کیے گئے ٹیزر میں محب مرزا کے کردار کو ایکشن میں دکھایا گیا ہے جب کہ دیگر اہم کرداروں کی جھلکیاں بھی دکھائی گئی ہیں۔

فلم کی دیگر کاسٹ میں صنم سعید، سارہ لورین، شمعون عباسی، علی کاظمی، مانی، شبیر جان، نیر اعجاز، امام سید اور مصطفیٰ چوہدری شامل ہیں۔

’عشرت: میڈ ان چائنا‘ کے کرداروں کی جھلکیاں جون 2020 میں جاری کی گئی تھیں اور بتایا گیا تھا کہ حسن شہریار یاسین بھی مذکورہ فلم سے اداکاری کی دنیا میں قدم رکھنے جا رہے ہیں۔

علاوہ ازیں مذکورہ فلم کے ذریعے سارہ لورین بھی بولی وڈ کے بعد پاکستانی فلموں میں واپسی کر رہی ہیں۔

فلم کے ٹیزر کو شوبز شخصیات نے سراہتے ہوئے محب مرزا اور ان کی ٹیم کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔

اگرچہ ٹیزر میں عندیہ دیا گیا ہے کہ فلم کو جلد ریلیز کیا جائے گا، تاہم اس کی نمائش کی تاریخ کا اعلان نہیں کیا گیا، خیال کیا جا رہا ہے کہ اسے آئندہ برس کی پہلی سہ ماہی میں پیش کیا جائے گا۔

تبصرے (0) بند ہیں