ایشین چیمپیئنز ٹرافی کے سیمی فائنل میں پاکستان کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد شکست

21 دسمبر 2021
جنوبی کوریا کے گول کیپر پاکستان کے حملے کو ناکام بنا رہے ہیں— فوٹو: اے ایف پی
جنوبی کوریا کے گول کیپر پاکستان کے حملے کو ناکام بنا رہے ہیں— فوٹو: اے ایف پی

ایشین چیمپیئنز ٹرافی کے سیمی فائنل میں جنوبی کوریا نے پاکستان کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 5-6 گولوں سے شکست دے کر فائنل میں جگہ بنا لی۔

ڈھاکا میں کھیلے گئے ایونٹ کے پہلے سیمی فائنل میں پاکستان نے میچ کے تیسرے ہی منٹ میں برتری حاصل کی۔

جنوبی کوریا کو مقابلہ کرنے میں زیادہ دیر نہ لگی اور انہوں نے پینالٹی کارنر پر گول کر کے مقابلہ 1-1 سے برابر کردیا۔

کوریا کو 12ویں منٹ میں پینالٹی اسٹروک ملا اور انہوں نے گول کر کے 1-2 سے برتری حاصل کر لی۔

پاکستان کو پہلے کوارٹر کے اختتام سے دو منٹ قبل تین پینالٹی کارنر ملے لیکن قومی ٹیم ان تینوں مواقع سے فائدہ اٹھانے میں ناکام رہی۔

میچ کے دوسرے ہاف میں جنید منظور نے گول کر کے مقابلہ برابر کردیا لیکن کوریا نے ایک مرتبہ پھر جینگ جونگ ہیون کے عمدہ کھیل کی بدولت برتری حاصل کر لی۔

جینگ جونگ نے 25ویں منٹ میں ملنے والے پینالٹی کارنر پر گول کر کے اپنی ٹیم کا تیسرا گول اسکور کرنے کے ساتھ ساتھ ہیٹ ٹرک بھی مکمل کر لی۔

پاکستان کی ٹیم نے دوسرے کوارٹر میں بھی متعدد پینالٹی کارنر ضائع کیے لیکن دوسرے ہاف کے اختتام سے چند لمحے قبل گرین شرٹس نے گول کر کے مقابلہ 3-3 سے برابر کردیا۔

میچ کے تیسرے کوارٹر کوریا نے جارحانہ انداز اپناتے ہوئے دو گول داغ کر اپنی برتری کو مستحکم کر لیا لیکن آخری کوارٹر میں پاکستان نے بھی واپسی کرتے ہوئے دو گول کر کے مقابلہ 5-5 گول سے برابر کردیا۔

میچ کے اختتام سے چار منٹ قبل جینگ جونگ ایک مرتبہ پاکستان کے لیے مشکلات کا سبب بنے اور انہوں نے میچ کا فیصلہ کن گول اسکور کرتے ہوئے اپنی ٹیم کو 5-6 گول سے برتری حاصل کر لی۔

اس میچ میں فتح کے ساتھ ہی جنوبی کوریا نے ایونٹ کے فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا جبکہ پاکستان کی ٹیم کا تیسری پوزیشن کے میچ میں بھارت سے مقابلہ ہو گا۔

جاپان نے ایونٹ کی فیورٹ بھارتی ٹیم کو دوسرے سیمی فائنل میں 3-5 سے شکست دے کر فائنل میں جگہ بنا لی۔

تبصرے (0) بند ہیں