امریکی ویزے کی تجدید کروانے والے پاکستانیوں کیلئے انٹرویو کی چھوٹ کا اعلان

اپ ڈیٹ 08 فروری 2022
درخواست گزار انٹرویو کی چھوٹ کے اہل ہونے کا تعین کرنے کے لیے یو ایس ٹریول ڈاکس ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں—فائل فوٹو: اے ایف پی
درخواست گزار انٹرویو کی چھوٹ کے اہل ہونے کا تعین کرنے کے لیے یو ایس ٹریول ڈاکس ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں—فائل فوٹو: اے ایف پی

پاکستان میں موجود امریکی سفارتی مشن نے اسلام آباد میں امریکی سفارت خانے اور کراچی میں امریکی قونصلیٹ جنرل میں ویزا انٹرویو کی چھوٹ کی اہلیت کو B1/B2 سیاحت اور کاروباری ویزوں کی تجدید کرنے والے پاکستانی شہریوں تک توسیع دینے کا اعلان کیا ہے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق امریکی سفارت خانے کی ایک پریس ریلیز میں کہا گیا کہ 60 سال اور اس سے زیادہ عمر کے پاکستانی شہری جن کے B1/B2 ویزے درست ہیں یا جن کی میعاد گزشتہ 48 ماہ میں ختم ہو چکی ہے، وہ اس میں شریک ہونے کے اہل ہیں۔'

بیان میں کہا گیا کہ یہ طریقہ کار تبدیلی کسٹمر سروس کو بہتر بنائے گی اور اس معیار پر پورا اترنے والے اور اہل پاکستانی شہریوں کے لیے سیاحت اور کاروباری ویزوں کی تجدید کے لیے زیادہ مؤثر پروسیسنگ ہوسکے گی۔

یہ بھی پڑھیں: نئی امریکی پالیسی: بعض ویزا درخواستوں کیلئے ذاتی انٹرویوز کی شرط میں نرمی

خیال رہے کہ B1/B2 ویزا ایک عارضی، نان امیگرینٹ ویزا ہے جو ویزا ہولڈر کو کاروبار یا سیاحت کے لیے امریکا جانے کی اجازت دیتا ہے۔

اس ویزا پر جانے والے فرد کو امریکا میں ملازمت یا کام کرنے کی اجازت نہیں ہوتی۔

اس سلسلے میں انٹرویو کے لیے طے شدہ اپائنٹمنٹ والے ممکنہ طور پر اہل درخواست دہندگان سے براہ راست رابطہ کیا گیا اور نئے طریقہ کار کے ذریعے درخواستیں جمع کرانے کے اختیار کے بارے میں مطلع کیا گیا۔

مزید پڑھیں:امریکی ویزا کے حصول کیلئے نیا اسکروٹنی نظام

تاہم جیسا کہ امریکی قانون کی ضرورت ہے، کچھ اہل ویزا ہولڈرز کو اپنی درخواستیں جمع کروانے کے بعد بھی انٹرویو کے لیے امریکی سفارت خانے یا قونصلیٹ جنرل میں پیش ہونا پڑسکتا ہے۔

درخواست دہندگان اس بات کا تعین کرنے کے لیے یو ایس ٹریول ڈاکس کی ویب سائٹ پر جا سکتے ہیں کہ کیا وہ انٹرویو کی چھوٹ کے اہل ہیں یا نہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں