نواز شریف کی ویکسینیشن کے جعلی اندراج پر افسر سمیت 4 ملازمین معطل

اپ ڈیٹ 17 فروری 2022
نارووال پبلک اسکول کے ویکسی نیشن سینٹر میں نواز شریف کی ویکسین کی جاری انٹری کی گئی تھی— فائل فوٹو: اے پی
نارووال پبلک اسکول کے ویکسی نیشن سینٹر میں نواز شریف کی ویکسین کی جاری انٹری کی گئی تھی— فائل فوٹو: اے پی

سابق وزیر اعظم نواز شریف کی کووڈ ویکسینیشن کا جعلی اندراج کرنے پر پنجاب کے محکمہ صحت نے ڈپٹی ڈسٹرکٹ ہیلتھ افسر (ڈی ڈی ایچ او) اور ایک لیڈی ڈاکٹر سمیت 4 ملازمین کو معطل کردیا۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق صحت کے حکام نے تحقیقات کے بعد 4 ملازمین کے خلاف کارروائی کی۔

معاملہ منظر عام پر تب آیا جب ویکسینیشن کے سرکاری ریکارڈ میں دیکھا گیا کہ نارووال پبلک اسکول میں قائم سینٹر میں 3 اکتوبر 2021 کو سابق وزیر اعظم نواز شریف کو ویکسین لگائی گئی تھی۔

ضلعی ہیلتھ اتھارٹی کے سی ای او ڈاکٹر خالد جاوید نے جعلی اندراج کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے کچھ حکام کے خلاف مقدمہ درج کروایا تھا جبکہ وزیر اعظم پنجاب عثمان بزدار کی جانب سے بھی معاملے کی تحقیقات کا حکم دیا گیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں:نواز شریف کی ویکسین کی جعلی انٹری کا معاملہ، ہسپتال کے ایم ایس، ایم او معطل

تحقیقات مکمل ہونے کے بعد پرائمری اور سیکنڈری محکمہ صحت کی جانب سے ڈی ڈی ایچ او ڈاکٹر خالد محمود، ویکسی نیشن سینٹر کی انچارج ڈاکٹر رمشا مقصود اور اسکول ہیلتھ سپر وائزر ناصر رؤف اور ویکسینیٹر ثاقب کو معطل کردیا ہے۔

حکام نے اختیارات کا ناجائز اور غیر مؤثر استعمال کرنے پر پی ای ای ڈی اے ایکٹ 2006 کے تحت چاروں ملازمین کے خلاف محکمہ جاتی کارروائی کا حکم بھی دیا ہے۔

ہیڈ کا نسٹیبل معطل

بھائی کی شادی میں، ہوائی فائرنگ اور ساؤنڈ سسٹم اینڈ ڈانس ایکٹ کی خلاف ورزی کرنے پر ہیڈکانسٹیبل کو ملازمت سے معطل کردیا گیا۔

پولیس کی جانب سے ہوائی فائرنگ میں ملوث شخص کو گرفتار کرتے ہوئے ایس ایچ او کو غفلت پر شوکاز نوٹس جاری کیا گیا ہے۔

مزید پڑھیں:کرمنل ریکارڈ رکھنے والے پنجاب کے تمام ایس ایچ اوز کو معطل کرنے کا حکم

ہیڈ کانسٹیبل سلامت علی نے سیالکوٹ کے گاؤں اہل سلہریاں میں اپنے بھائی کی شادی کی تقریب کا انعقاد کیا تھا، اور ہوئی فائرنگ اور دیگر قوانین کی خلاف ورزی کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی تھی۔

ترجمان پولیس خرم شہزاد نے کہا کہ ڈی پی او حسن اقبال کی جانب سے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے سبز پیر پولیس اسٹیشن کو کارروائی کا حکم دیا گیا تھا، ایس ایچ او ندیم نے سلامت علی کو بچاتے ہوئے رضوان کے خلاف ہوائی فائرنگ کا مقدمہ درج کیا اور اسے گرفتار کرلیا۔

پولیس نے مقدمے میں ساؤنڈ سسٹم اینڈ ڈانس ایکٹ کی خلاف ورزی سے متعلق دفعات بھی شامل نہیں کی تھیں۔

جس پر ڈی پی او کی جانب سے ایس ایچ او کو شوکاز نوٹس جاری کرتے ہوئے ہیڈ کانسٹیبل سلامت علی کو معطل کردیا گیا۔

تبصرے (0) بند ہیں