اہلیہ کے ہمراہ ویڈیو شیئر کرنے پر عامر لیاقت کو تنقید کا سامنا

17 فروری 2022
عام لوگوں نے بھی عامر لیاقت پر تنقید کی—اسکرین شاٹ
عام لوگوں نے بھی عامر لیاقت پر تنقید کی—اسکرین شاٹ

خود سے 31 سال کم عمر 18 سالہ لڑکی سیدہ دانیہ شاہ سے تیسری شادی کرنے والے 49 سالہ اسکالر و ٹی وی میزبان عامر لیاقت کو اہلیہ کے ہمراہ بیڈ روم سے ویڈیو شیئر کرنے پر تنقید کا سامنا ہے۔

عامر لیاقت نے 10 فروری کو اپنی سوشل میڈیا پوسٹس میں بتایا تھا کہ انہوں نے 9 فروری کو پنجاب کے سرائیکی خاندان سے تعلق رکھنے والی لڑکی سے تیسری شادی کرلی۔

عامر لیاقت نے ایسے وقت میں تیسری شادی کی تصدیق کی تھی جب کہ کچھ ہی گھنٹے قبل ماڈل و اداکارہ طوبی انور نے ان سے خلع لینے کی تصدیق کی تھی۔

عامر لیاقت کو خود سے کئی سال کم عمر لڑکی سے شادی کرنے پر تنقید کا نشانہ بھی بنایا گیا تھا اور اب انہیں اہلیہ کے ہمراہ ویڈیو وائرل ہونے پر شوبز شخصیات سمیت عام افراد کی جانب سے تنقید کا سامنا ہے۔

عامر لیاقت کی اہلیہ سیدہ دانیہ شاہ نے انسٹاگرام پر شوہر کے ہمراہ بیڈ روم سے ویڈیو شیئر کی، جس میں دونوں کو رومانوی انداز میں دیکھا جا سکتا ہے۔

ویڈیو کے بیک گراؤنڈ میں ماضی کا مقبول گانا ’تم دینا ساتھ میرا، او میرے ہمنوا‘ سنائی دیتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: عامر لیاقت حسین تیسری بار رشتہ ازدواج سے منسلک

سیدہ دانیہ شاہ نے گانے کو شیئر کرتے ہوئے اس پر کمنٹس اور لائیک کرنے کا آپشن بند کردیا تھا، تاہم ان کی مذکورہ ویڈیو کو دیگر سوشل میڈیا پیجز پر شیئر کیا گیا،جس کے بعد عامر لیاقت کو نہ صرف عام افراد بلکہ شوبز شخصیات نے بھی آڑے ہاتھوں لیا۔

عامر لیاقت کی ویڈیو کو شوبز پیج کی جانب سے شیئر کیے جانے پر ڈراما تنقید نگار لبنیٰ فریال نے کمنٹ کرتے ہوئے اسکالر کو آڑے ہاتھوں لیا۔

لبنیٰ فریال المعروف اماں جی نے عامر لیاقت پر شدید تنقید کرتے ہوئے انہیں سمجھایا کہ اسلام میں بیوی کو غیر محرم سے پردے کرانے کا حکم دیا گیا ہے مگر ان کا سین بیڈ روم سے شروع اور وہیں پر ختم ہوتا ہے۔

لبنیٰ فریال نے عامر لیاقت کو مخاطب ہوتے ہوئے لکھا کہ وہ ہر معاملے پر اسلام کو بھی بیچ میں لے کر آتے ہیں اور انہیں اپنی عمر کا بھی کوئی لحاظ نہیں۔

ڈراما تنقید نگار نے عامر لیاقت کو مذہبی اسکالر ہونے کا طعنہ دیتے ہوئے عمر کا لحاظ کرنے کا بھی مشورہ دیا۔

ان کی طرح کامیڈین علی احمد بٹ نے بھی عامر لیاقت اور ان کی اہلیہ کی ویڈیو پر تنقید کی۔

احمد علی بٹ نے لکھا کہ ’جب کوئی شخص اپنے بیڈ روم سے ذاتی چیزوں کو شیئر کرتا ہے تو اسے یہ یاد رکھنا چاہیے کہ وہ دنیا کو اپنے نجی معاملات میں مداخلت کی دعوت دے رہا ہے اور پھر لوگوں کی باتوں پر انہیں رونا بھی نہیں چاہیے۔

اداکار بلال قریشی نے بھی عامر لیاقت اور ان کی اہلیہ کا نام لیے بغیر ان پر تنقید کی اور لکھا کہ آج انہوں نے ایک شادی شدہ جوڑے کی ویڈیو دیکھنے کے بعد شکر ادا کیا کہ وہ وائرل چیزوں کے چکر میں نہیں پڑے بلکہ انہوں نے احترام کے ساتھ شادی کی۔

عامر لیاقت کی مذکورہ ویڈیو پر عام لوگوں نے بھی خوب تنقید کی اور ٹوئٹر پر ان کے نام کا ہیش ٹیگ ٹرینڈ بھی کرنے لگا۔

اس سے قبل بھی عامر لیاقت اور ان کی اہلیہ دانیہ شاہ کی ویڈیوز وائرل ہوئی تھیں، جن پر لوگوں نے انہیں تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔

شادی کے بعد دونوں عامر لیاقت اور دانیہ شاہ متعدد ٹی وی پروگرامات میں بھی ایک ساتھ شریک ہو چکے ہیں۔

ٹی وی پروگرامات میں دانیہ شاہ نے بتایا تھا کہ جب وہ بچپن میں روتی تھیں تو والدہ ٹی وی پر عامر لیاقت کا پروگرام لگا کر انہیں چپ کرایا کرتی تھیں۔

عام لوگوں نے بھی انہیں تقنید کا نشانہ بنایا—اسکرین شاٹ
عام لوگوں نے بھی انہیں تقنید کا نشانہ بنایا—اسکرین شاٹ

عامر لیاقت نے بتایا تھا کہ وہ دانیہ شاہ کو پہلے سے نہیں جانتے تھے بلکہ لودھراں کے ایک پیر نے ان کی شادی دانیہ شاہ سے کروائی اور لوگوں کو اس بات پر جلن ہو رہی ہے کہ انہوں نے نوجوان لڑکی سے شادی کی ہے۔

عامر لیاقت نے پہلی شادی ڈاکٹر بشریٰ اقبال سے کی تھی، جن سے انہیں دو بچے بھی ہیں، جن میں سے 22 سال کا بیٹا احمد جب کہ 18 سال کی عمر تک کی بیٹی دعا شامل ہیں۔

عامر لیاقت اور بشریٰ اقبال کے درمیان 2020 میں طلاق ہوگئی تھی، اسکالر نے جولائی 2018 میں خود سے کم عمر ماڈل و اداکارہ طوبیٰ انور سے شادی کی تھی مگر ان کی دوسری شادی بھی ڈھائی سال بعد طلاق پر ختم ہوئی۔

اب انہوں نے دانیہ شاہ سے 9 فروری کو تیسری شادی کی تصدیق کرتے ہوئے انٹرویوز میں عہد کیا تھا کہ وہ چوتھی شادی نہیں کریں گے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں