• KHI: Zuhr 12:27pm Asr 4:52pm
  • LHR: Zuhr 11:57am Asr 4:23pm
  • ISB: Zuhr 12:03pm Asr 4:28pm
  • KHI: Zuhr 12:27pm Asr 4:52pm
  • LHR: Zuhr 11:57am Asr 4:23pm
  • ISB: Zuhr 12:03pm Asr 4:28pm

16 سالہ احسن رمضان کم عمر ترین ورلڈ اسنوکر چیمپیئن بن گئے

شائع March 12, 2022
احسن رمضان نے مقابلہ شروع ہوتے ہی 2 فریم جیت کر اپنی برتری قائم کی—فوٹو: آئی بی ایس ایف
احسن رمضان نے مقابلہ شروع ہوتے ہی 2 فریم جیت کر اپنی برتری قائم کی—فوٹو: آئی بی ایس ایف

انٹرنیشنل بلیئرڈ اینڈ اسنوکر فیڈریشن ورلڈ اسنوکر چیمپئن شپ کے فائنل میں پاکستان کے نوجوان کیوئسٹ احسن رمضان ایرانی نے عامر سرکوش کو 6-5 سے شکست دے کر کم عمر ترین ورلڈ اسنوکر چیمپیئن بننے کا اعزاز حاصل کر لیا۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق سب سے کم عمر 14سال کی عمر میں فاتح بننے کا اعزاز چین کے یان بنگٹاؤ کو حاصل ہے جنہوں نے 2014 میں بنگلور میں ٹائٹل کے مقابلے میں پاکستان کے محمد سجاد کو شکست دی تھی اور اب ان کے بعد احسن رمضان عالمی ٹائٹل جیتنے والے دوسرے سب سے کم عمر کیوئسٹ بن گئے ہیں۔

1963 میں شروع ہونے والے اس ایونٹ کے آغاز سے اب تک احسن رمضان عالمی اسنوکر چیمپئن شپ جیتنے والے تیسرے پاکستانی بھی بن گئے، اس سے قبل پاکستان کے محمد یوسف 1994 میں جوہانسبرگ میں ہونے والے ایونٹ میں یہ ٹائٹل اپنے نام کرچکے ہیں، جب کہ محمد آصف کو یہ منفرد اعزاز حاصل ہے کہ وہ 2 بار (2012 اور 2019 میں) یہ ٹائٹل جیتنے والے واحد پاکستانی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: احسن نے حمزہ کو شکست دے کر قومی انڈر-17 اسنوکر چمپیئن شپ جیت لی

محمد آصف اس سال بھی ایونٹ میں اپنے عالمی اعزاز کا دفاع کررہے تھے تاہم سیمی فائنل میں انہیں احسن رمضان کے ہاتھوں 4 کے مقابلے میں 5 فریم سے شکست ہوئی۔

لاہور سے تعلق رکھنے والے احسن رمضان نے شاندار آغاز کیا اور خود سے کہیں زیادہ تجربہ کار کھلاڑی عامر سرکوش کو 5 کے مقابلے میں 6 فریم سے شکست دی۔

چیمپئن شپ کا فائنل ساڑھے 5 گھنٹے جاری رہا جس میں احسن رمصان نے پہلا فریم جیت کر برتری حاصل کی اور پھر آخری 2 فریم جیت کر مقابلے میں فتح حاصل کی۔

مزید پڑھیں: پاکستان کے جونیئر اسنوکر چیمپین نسیم اختر کا بڑا کارنامہ

احسن رمضان نے مقابلہ شروع ہوتے ہی 2 فریم جیت کر اپنی برتری قائم کی لیکن اس کے بعد عامر سرکوش 4 فریم جیت کر سبقت حاصل کرلی۔

تاہم احسن رمضان نے کمال مہارت کا مظاہرہ کیا اور جوابی وار کرتے ہوئے ناصرف عامر سرکوش کی برتری کو برابر کیا بلکہ اپنی برتری مستحکم کرتے ہوئے فتح بھی حاصل کی۔

انہوں نے یہ مقابلہ 63-60، 91-0، 19-65، 1-102، 28-68، 27-66، 86-18، 1-70، 69-0، 63-17، 67-25 سے جیت کر کھیل کی تاریخ میں اپنا نام درج کیا۔

یہ 2 مرتبہ عالمی چیمپیئن کے خلاف احسن رمضان کی دوسری فتح ہے، اس سے پہلے انہوں نے یہ فتح 6 ماہ قبل کراچی میں منعقدہ 46 ویں قومی اسنوکر چیمپئن شپ کے کوارٹر فائنل میں حاصل کی۔

یہ بھی پڑھیں: آصف دوسری مرتبہ ورلڈ اسنوکر چیمپیئن بننے میں کامیاب

پاکستان نے ایونٹ کا اختتام ایک سونے اور 2 کانسی کے تمغوں کے ساتھ کیا جب دوسرے سیمی فائنل میں عامر سرکوش نے محمد سجاد کو شکست دی۔

محمد سجاد کا آغاز مایوس کن رہا، وہ بیسٹ آف نائن میچ میں 1-4 سے پیچھے تھے لیکن وہ کھیل میں واپس آئےاور 4-4 پر اسکور برابر کیا، تاہم عامر سرکوش نے فیصلہ کن فریم میں 64 کا شاندار بریک اسکور کیا اور فائنل میں پہنچ گئے۔

عامرسرکوش نے یہ مقابلہ 64-32، 59-47، 77-25، 18-62، 103-14، 30-59، 9-75، 24-58، 66-1 سے جیتا۔

مزید پڑھیں: نیشنل اسنوکر چمپیئن شپ: آصف، شاہد ناک آوٹ مرحلے میں پہنچ گئے

انہوں نے پانچویں فریم میں 102 کا سنچری بریک کھیلا جبکہ محمد سجاد نے ساتویں فریم میں 62 بریک کے ساتھ جواب دیا۔

پاکستان بلیئرڈ اینڈ اسنوکر فیڈریشن (پی بی ایس ایف) کے سابق صدر علی اصغر ولیکا نے احسن رمضان کی عالمی ایونٹ میں فتح کو خوش آئند قرار دیا۔

انہوں نے کہا کہ ’یہ ایک خواب کے سچ ہونے جیسا ہے‘۔

ایشین 6-ریڈز اور ٹیم ایونٹ کا آغاز ہفتہ سے ہوگا۔

کارٹون

کارٹون : 16 ستمبر 2024
کارٹون : 15 ستمبر 2024