کراچی ٹیسٹ کا پہلا دن آسٹریلیا کے نام، 3 وکٹوں پر 251رنز بنا لیے

اپ ڈیٹ 12 مارچ 2022
عثمان خواجہ نے 13 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 127رنز بنائے ہیں— فوٹو:
عثمان خواجہ نے 13 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 127رنز بنائے ہیں— فوٹو:
آسٹریلیا کی ٹیم کھانے کے وقفے پر دو وکٹیں گنوا چکی ہے— فوٹو: پی سی بی
آسٹریلیا کی ٹیم کھانے کے وقفے پر دو وکٹیں گنوا چکی ہے— فوٹو: پی سی بی
کراچی میں دوسرے ٹیسٹ میچ میں ٹاس کے موقع پر پاکستان اور آسٹریلیا کے کپتانوں کا ایک انداز— فوٹو بشکریہ پی سی بی
کراچی میں دوسرے ٹیسٹ میچ میں ٹاس کے موقع پر پاکستان اور آسٹریلیا کے کپتانوں کا ایک انداز— فوٹو بشکریہ پی سی بی

آسٹریلیا نے پاکستان کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ کا پہلا آسٹریلیا کے نام اور عثمان خواجہ کی سنچری کی بدولت مہمان ٹیم نے 3 وکٹوں کے نقصان پر 251رنز بنائے ہیں۔

کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے جا رہے سیریز کے دوسرے ٹیسٹ میچ میں آسٹریلیا کے کپتان پیٹ کمنز نے ٹاس جیت کر پاکستان کو باؤلنگ کی دعوت دی۔

مزید پڑھیں: پہلے ٹیسٹ کی وکٹ آسٹریلیا سے شکست کے خوف سے بنانے کا تاثر غلط ہے، بابر اعظم

آسٹریلیا نے اننگز کا آغاز کیا تو اوپنرز ڈیوڈ وارنر اور عثمان خواجہ نے ذمے دارانہ کھیل پیش کرتے ہوئے ناصرف نصف سنچری شراکت قائم کی بلکہ اچھے رن ریٹ کو برقرار رکھتے ہوئے اسکور کرتے رہے۔

دونوں کھلاڑیوں نے 82رنز کی شراکت قائم کی لیکن اسی اسکور پر فہیم اشرف کی ایک گیند کو ڈیوڈ وارنر سمجھ نہ سکے اور گیند 36رنز بنانے والے کھلاڑی کے بلے کا باہری کنارہ لیتی ہوئی وکٹ کیپر کے ہاتھوں میں محفوظ ہو گئی۔

تاہم آسٹریلیا کو اصل دھچکا اس وقت لگا جب ایک غیرضروری لینے کی کوشش میں مارنس لبوشین، ساجد خان کی ڈائریکٹ تھرو پر رن آؤٹ ہو گئے۔

دوسرے اینڈ سے عثمان خواجہ نے عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے لگاتار دوسرے میچ میں نصف سنچری اسکور کی۔

کھانے کے وقفے کے بعد بھی اسٹیو اسمتھ اور عثمان نے عمدہ بیٹنگ جاری رکھی اور دوسرے سیشن میں پاکستانی باؤلرز وکٹ سے محروم رکھا۔

دن کے تیسرے سیشن میں بھی دونوں آسٹریلین بلے بازوں نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا اور تیسری وکٹ کے لیے 159رنز جوڑے۔

عثمان خواجہ نے بہترین کھیل پیش کرتے ہوئے اپنے پیدائشی ملک پاکستان میں پہلی سنچری اسکور کرنے کا اعزاز حاصل کر لیا۔

دن کے اختتام سے محض سات گیندوں قبل اسٹیو اسمتھ 72 رنز بنانے کے بعد حسن علی کی وکٹ بن گئے۔

جب میچ کے پہلے دن کا کھیل ختم ہوا تو آسٹریلیا نے 3 وکٹوں کے نقصان پر 251رنز بنائے تھے، عثمان خواجہ 127 رنز بنا کر وکٹ پر موجود ہیں۔

اس سے قبل ٹاس کے موقع پر آسٹریلیا کے کپتان پیٹ کمنز نے کہا کہ یہ ایک اچھی وکٹ لگ رہی ہے اور ہم بڑا اسکور کرنے کی کوشش کریں گے، ہم نے اپنی ٹیم میں مچل سویپسن کو شامل کیا ہے۔

پاکستان کے کپتان بابراعظم نے کہا کہ یہ کراچی کی روایتی وکٹ ہے جس پر بعد میں اسپنرز کو مدد ملے گی۔

میچ کے لیے پاکستانی ٹیم میں دو تبدیلیاں کی گئی ہیں اور افتخار احمد اور نسیم شاہ کی جگہ فہیم اشرف اور حسن علی کو فائنل الیون کا حصہ بنایا گیا ہے۔

واضح رہے کہ دونوں ٹیموں کے درمیان راولپنڈی میں کھیلا گیا سیریز کا پہلا ٹیسٹ میچ ڈرا ہوا تھا۔

میچ کے لیے دونوں ٹیمیں ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہیں۔

پاکستان: بابراعظم(کپتان)، عبداللہ شفیق، امام الحق، اظہر علی، فواد عالم، محمد رضوان، فہیم اشرف، حسن علی، شاہین شاہ آفریدی، ساجد خان، نعمان علی۔

آسٹریلیا: پیٹ کمنز(کپتان)، ڈیوڈ وارنر، عثمان خواجہ، مارنس لبوشین، اسٹیو اسمتھ، ٹریوس ہیڈ، کیمرون گرین، ایلکس کیری، مچل اسٹارک، نیتھن لائن، جوش ہیزل وڈ اور مچل سویپسن۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں