کراچی: نجی سپر اسٹور میں لگی آگ پر قابو پالیا گیا، کولنگ کا عمل جاری

اپ ڈیٹ 02 جون 2022
کمشنر کراچی نے کہا کہ جب واقعہ پیش آیا اس وقت تمام ادارے جائے وقوع پر فوری پہنچے — فوٹو: ڈان نیوز
کمشنر کراچی نے کہا کہ جب واقعہ پیش آیا اس وقت تمام ادارے جائے وقوع پر فوری پہنچے — فوٹو: ڈان نیوز

کراچی کے علاقے جیل چورنگی پر نجی ڈپارٹمنٹل اسٹور میں گزشتہ روز لگنے والی آگ پر بالآخر کئی گھنٹوں بعد قابو پالیا گیا۔

کے ایم سی فائر بریگیڈ کے چیف افسر مبین احمد کے مطابق جیل چورنگی کے قریب کثیر المنزلہ عمارت میں ڈپارٹمنٹل اسٹور کے تہہ خانے میں بھڑک اٹھنے والی آگ پر ایک درجن سے زائد فائر ٹینڈرز کی مدد سے قابو پایا گیا، تاہم کولنگ کا عمل ابھی جاری ہے۔

انہوں نے کہا کہ انہوں نے رات 3 بجے تک آگ بجھانے کی کوششوں کی ذاتی طور پر نگرانی کی جب فائر ڈپارٹمنٹ کو اطلاع ملی کہ کورنگی صنعتی علاقے میں بھی ایک فیکٹری میں آگ بھڑک اٹھی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: کراچی: نجی سپر اسٹور میں آگ لگنے سے ایک شخص جاں بحق

انہوں نے مزید بتایا کہ فیکٹری میں لگنے والی آگ پر بھی مسلسل کوششوں کے بعد قابو پالیا گیا ہے اور وہاں بھی کولنگ کا عمل جاری ہے۔

دریں اثنا کمشنر کراچی محمد اقبال میمن نے معائنہ کے لیے نجی ڈپارٹمنٹل اسٹور کا دورہ کیا جہاں انہیں ڈپٹی کمشنر شرقی، صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل اور کراچی بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (کے بی سی اے) کے حکام نے بریفنگ دی۔

کمشنر کراچی نے اس حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ جب واقعہ پیش آیا اس وقت تمام ادارے جائے وقوع پر فوری پہنچے۔

مزید پڑھیں: تین روز کے وقفے سے کراچی کی ایک اور بڑی مارکیٹ میں آتشزدگی

انہوں نے کہا کہ اس آگ کو روکے رکھنا بڑی کامیابی ہے، اسٹور میں بنائے گئے ویئر ہاؤس میں بڑی مقدار میں کوکنگ آئل موجود ہے، آگ نیچے تک ہی رہی اسے اوپر تک جانے سے روکا گیا۔

انہوں نے بتایا کہ کوکنگ آئل کی موجودگی کے باعث پریشانی ہورہی ہے، سارے ادارے مل کر کام کر رہے ہیں، نیوی، کے پی ٹی، بحریہ ٹاؤن کا بھی تعاون رہا، فوم کی وجہ سے آگ کو محدود رکھا گیا، 18 گاڑیاں اب بھی موجود ہیں جو کام کر رہی ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ ویئر ہاؤس غیر قانونی طور پر بنایا گیا تھا، تمام فلیٹس کو خالی کرکے مکینوں کو نکالا جاچکا ہے، عمارت میں اب کوئی شخص موجود نہیں، عمارت میں فی الحال کسی کو جانے کی اجازت نہیں، اطراف کی عمارتیں بھی خدشات کے باعث خالی کرالی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: کراچی کے علاقے کلفٹن کی آئیکونک آغا سپرمارکیٹ ہمیشہ کے لیے بند

کمشنر کراچی نے کہا کہ صوبائی حکومت نے واضح کہہ دیا ہے کہ جو ذمہ دار ہوگا اس کے خلاف کارروائی ہوگی، تحقیقات میں واضح ہو جائے گا کہ کس کی غفلت تھی۔

کمشنر آفس کے ایک بیان کے مطابق ایک تکنیکی کمیٹی نے سائٹ کا ابتدائی معائنہ مکمل کر لیا ہے، آگ بجھنے کے بعد حتمی معائنہ کیا جائے گا۔

ترجمان ٹریفک پولیس نے بتایا کہ جیل چورنگی سے شہید ملت روڈ کی جانب جانے والے راستے کو ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔

مزید پڑھیں: کراچی میں آتشزدگی کے واقعات کی روک تھام کیسے ہو؟

گزشتہ روز ڈپارٹمینٹل اسٹور میں دھواں بھرنے سے ایک شخص جاں بحق اور 3 افراد بے ہوش ہو گئے۔

فیروز آباد تھانے کے اسٹیشن ہاؤس افسر (ایس ایچ او) ارشد جنجوعہ نے بتایا کہ جاں بحق ہونے والا شخص اسٹور کا ملازم تھا جبکہ بے ہوش ہونے والے 3 افراد میں ایک فائر فائٹر بھی شامل ہے۔

گزشتہ روز جب حکام نے آگ بجھانے کی کوشش کی تو جائے وقوع کی فوٹیج میں کثیر المنزلہ عمارت سے دھویں کے بادل اٹھتے دکھائی دیے۔

یہ بھی پڑھیں: کراچی: کوآپریٹیو مارکیٹ میں آتشزدگی کی تحقیقات کیلئے کمیٹی تشکیل

شدید دھوئیں نے آس پاس کے علاقے کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا جس سے رہائشیوں اور راہ گیروں کو سانس لینے میں دشواری کا سامنا کرنا پڑا۔

کے ایم سی کے چیف فائر افسر نے بتایا کہ آگ بجھانے میں کارپوریشن کے 11 فائر ٹینڈرز، 2 واٹر باؤزر، ایک اسنارکل اور کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کے 13 واٹر ٹینکرز سمیت پاک بحریہ کے ٹینڈرز نے حصہ لیا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں