انڈونیشیا، ملائیشیا سے خوردنی تیل 2 ہفتوں میں پاکستان پہنچ جائے گا

اپ ڈیٹ 15 جون 2022
پاکستانی وفد نے انڈونیشیا کی وزارت تجارت سے کامیاب مذاکرات کیے— فائل فوٹو: وائٹ اسٹار
پاکستانی وفد نے انڈونیشیا کی وزارت تجارت سے کامیاب مذاکرات کیے— فائل فوٹو: وائٹ اسٹار

ملک میں اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں بے مثال اضافے کے بعد شہریوں کو ریلیف ملنے کا امکان ہے کیوں کہ انڈونیشیا اور ملائیشیا کی حکومتیں خوردنی تیل سے لیس 10 جہاز پاکستان بھیج رہی ہیں تاکہ ملک میں طلب کو پورا کیا جاسکے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق وزیر اعظم کے دفتر سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا کہ انڈونیشیا اور ملائیشیا سے آنے والے خوردنی تیل کے 10 جہاز آئندہ دو ہفتوں میں پاکستان پہنچ جائیں گے۔

یہ پیش رفت 10 جون وزیر اعظم شہباز شریف کی انڈونیشین صدر جوکو ویدودو سے ٹیلوفونک گفتگو کے بعد سامنے آئی۔

مزید پڑھیں: انڈونیشیا، ملائیشیا سے خوردنی تیل 2 ہفتوں میں پاکستان پہنچ جائے گا

تیل کی درآمدات کے لیے وزیراعظم کی ہدایت پر پاکستانی وفد نے انڈونیشیا کی وزارت تجارت سے کامیاب مذاکرات کیے۔

وزیر اعظم کے دفتر سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا کہ وفاقی وزیر تجارت و پیداوار سید مرتضیٰ محمود نے انڈونیشیا کے ہم منصب سے ملاقات کی، انڈونیشیا کا دورہ کرنے والے وفد میں وناسپتی مینو فیکچرر ایسوسی ایشن کے چیئرمین طارق اللہ صوفی اور رکن راشد جان محمد بھی شامل تھے۔

بیان میں کہا گیا کہ ’ آج 30 ہزار ٹن خوردنی تیل سے لیس جہاز پاکستان کے لیے روانہ ہوگا، اس وقت انڈونیشا پاکستان کو ڈھائی لاکھ ٹن تیل فراہم کر رہا ہے‘۔

مزید پڑھیں: پی ٹی آئی حکومت کے آخری 10 ماہ میں تیل کا درآمدی بل تقریباً دگنا ہوگیا

پاکستانی وفد کی درخواست پر انڈونیشین حکومت نے تمام متعلقہ مسائل پر تیزی سے کارروائی شروع کردی ہے، تاہم اس حوالے سے اب تک آگاہ نہیں کیا گیا کہ دونوں ممالک پاکستان کو کن شرائط و ضوابط پر خوردنی تیل بھیج رہے ہیں۔

ملک بھر میں خوردنی تیل کی قیمتیں تیزی سے بڑھ رہی ہیں اور مارکیٹ میں تیل 600 فی لیٹر تک میں فروخت کیا جارہا ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں