عیدالاضحیٰ کے بعد کراچی میں موسلا دھار بارشوں کا ایک اور سلسلہ متوقع

اپ ڈیٹ 13 جولائ 2022
محکمہ موسمیات کے مطابق آج کراچی میں موسم جزوی طور پر ابرآلود رہے گا — فائل فوٹو: اے ایف پی
محکمہ موسمیات کے مطابق آج کراچی میں موسم جزوی طور پر ابرآلود رہے گا — فائل فوٹو: اے ایف پی

محکمہ موسمیات نے مون سون بارشوں سے متعلق نئی ایڈوائزری جاری کردی جس کے مطابق کراچی سمیت دیہی سندھ میں کل سے 18 جولائی تک موسلادھار بارش کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری تازہ ترین ایڈوائزری کے مطابق آج کراچی میں موسم جزوی طور پر ابرآلود رہنے کے ساتھ شام یا رات تک ہلکی بارش اور بوندا باندی کا امکان ہے۔

کل جمعرات کو کراچی میں موسم ابر آلود رہنے اور وقفے وقفے سے گرج چمک کے ساتھ چند مقامات پر موسلادھار بارش بھی متوقع ہے۔

یہ بھی پڑھیں: عیدالاضحٰی پر موسلا دھار بارشوں نے 27 جانیں لے لیں

محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں جمعہ کو موسم ابر آلود رہنے اور وقفے وقفے سے گرج چمک کے ساتھ چند مقامات پر تیز بارش ہوسکتی ہے۔

محکمہ موسمیات نے بتایا ہے کہ مون سون کا ایک اور کم دباؤ کل سے سندھ پہنچنے کا امکان ہے جو کہ 18 جولائی تک برقرار رہے گا۔

اس موسمی نظام کے زیر اثر 14 سے 18 جولائی کے دوران کراچی، حیدرآباد، ٹھٹہ، بدین، میرپور خاص، عمرکوٹ، تھرپارکر، ٹنڈو محمد خان، ٹنڈو الہیار، نواب شاہ، نوشہرو فیروز، خیرپور، سکھر، لاڑکانہ، جیکب آباد، قمبر، شہداد کوٹ، دادو، جامشورو، شکارپور، گھوٹکی اور کشمور اضلاع میں چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ اکثر مقامات پر موسلادھار بارش کا امکان ہے۔

مزید پڑھیں: کراچی میں تیز بارشوں سے تباہ کن صورتحال، 6 افراد جاں بحق، کئی علاقے ڈوب گئے

محکمہ موسمیات کی جانب سے مزید بتایا گیا کہ آج اور کل ٹھٹہ، بدین، عمرکوٹ، میرپورخاص اور تھرپارکر کے اضلاع میں چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

اس دوران کراچی، حیدر آباد، ٹھٹہ، بدین، میرپور خاص، عمر کوٹ، دادو، جامشورو، نواب شاہ، جیکب آباد، لاڑکانہ اور سکھر کے اضلاع میں شدید بارشوں سے اربن فلڈنگ/نشیبی علاقے زیر آب آسکتے ہیں۔

تیز بارش کے باعث کیرتھر رینج کے پہاڑی علاقوں اور ملحقہ آبادیوں کے ندی نالوں میں طغیانی آسکتی ہے، کم دباؤ کے باعث سمندر کی طغیانی میں 15 سے 17 جولائی کے دوران شدت آسکتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: کراچی کے بیشتر علاقوں میں بارش، شہریوں کو شدید گرمی میں کچھ سکون ملا

محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری ایڈوائزری میں تمام متعلقہ حکام سے گزارش کی گئی ہے کہ وہ الرٹ رہیں اور اس حوالے سے ضروری اقدامات کریں۔

علاوہ ازیں وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی وزیر شیری رحمٰن نے بھی ٹوئٹر پر بارش سے متعلق اپ ڈیٹ شیئر کرتے ہوئے کہا کہ 'سندھ اور بلوچستان اب بھی گزشتہ 13 روز سے مون سون کے شدید دباؤ میں ہیں جو کہ سندھ میں 30 سالہ اوسط سے 625 فیصد زیادہ اور بلوچستان میں 501 فیصد ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ محکمہ موسمیات نے اب کل سے شروع ہونے والی مزید موسلادھار بارشوں کی پیش گوئی کی ہے، ایک بار پھر زیادہ تر بارشوں کا مرکز سندھ اور بلوچستان کے علاقے ہوں گے۔

واضح رہے کہ گزشتہ 3 روز عید الاضحیٰ پر اتوار اور پیر کی درمیانی شب ملک کے مختلف حصوں میں شدید بارشوں اور سیلابی صورتحال نے کم از کم 27 افراد کی جان لے لی۔

اگرچہ مون سون کا پہلا اسپیل کل ختم ہوچکا ہے تاہم محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ بارشوں کا دوسرا اسپیل کل جمعرات سے شروع ہوگا اور اتوار تک جاری رہ سکتا ہے۔

محکمہ موسمیات نے سندھ کے علاوہ بلوچستان میں بھی بڑے پیمانے پر گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارشوں کی پیش گوئی کی ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں