یومِ آزادی کے موقع پر ہوائی فائرنگ سے خواتین، بچوں سمیت 57 افراد زخمی

اپ ڈیٹ 15 اگست 2022
ایس ایس پی ڈاکٹر محمد عمران خان نے بتایا کہ ایک مشتبہ شخص محمد افنان کو عیدگاہ میں ہوائی فائرنگ کرتے ہوئے گرفتار کیا گیا — فوٹو: ڈان نیوز
ایس ایس پی ڈاکٹر محمد عمران خان نے بتایا کہ ایک مشتبہ شخص محمد افنان کو عیدگاہ میں ہوائی فائرنگ کرتے ہوئے گرفتار کیا گیا — فوٹو: ڈان نیوز

وطن عزیز کے 75ویں یومِ آزادی کے موقع پر کراچی کے مختلف علاقوں میں ہونے والی ہوائی فائرنگ سے خواتین اور بچوں سمیت 57 افراد زخمی ہوگئے۔

پولیس سرجں ڈاکٹر سمعیہ سید نے بتایا کہ گزشتہ رات یومِ آزادی کی خوشی میں ہونے والی ہوائی فائرنگ کی نتیجے میں زخمی ہونے والے 57 شہریوں کو کراچی کے تین بڑے ہسپتالوں میں منتقل کیا گیا جن میں سے متعدد زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے۔

مزید پڑھیں: کراچی: سال نو کی خوشی میں فائرنگ سے 11 سالہ لڑکا جاں بحق، 18 افراد زخمی

زخمی ہونے والوں کی تفصیلات بتاتے ہوئے ڈاکٹر سمعیہ سید نے کہا کہ 3 خواتین سمیت 15 زخمی افراد کو عباسی شہید ہسپتال منتقل کیا گیا جن کی عمریں 15 سے 50 سال کے درمیان ہیں، ان میں سے کچھ کی حالت زیادہ خراب ہونے کی وجہ سے طویل علاج کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ فائرنگ سے زخمی ہونے والے 24 شہریوں کو جناح ہسپتال منتقل کیا گیا جن میں 3 خواتین بھی شامل ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ زخمی ہونے والوں کی عمریں تقریباً 8 سے 60 سال کے درمیان ہیں، زخمیوں میں 5 افراد کو سر میں جبکہ دیگر 3 کو پیٹ میں گولیاں لگی ہیں جس کی وجہ سے ان کی حالت تشویشناک ہے۔

ڈاکٹر سمعیہ سید کا کہنا تھا کہ 18 زخمیوں کو سول ہسپتال منتقل کیا گیا جن میں 6 خواتین بھی شامل ہیں جبکہ زخمیوں کی عمر 10 سے 15 سال کے درمیان ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: کراچی: یومِ آزادی کی خوشی میں ہوائی فائرنگ، 38 افراد زخمی

ایدھی فاؤنڈیشن کے ترجمان نے اپنے بیان میں کہا کہ ان کی ایمبولینس سروس نے شہر کے مختلف علاقوں سے 34 زخمیوں کو ہسپتالوں میں منتقل کیا جن میں 4 زخمیوں کا تعلق اورنگی ٹاؤن، 2 کا لیاقت آباد، 3 کا لیاری، 4 کا شاہ فیصل کالونی سے ہے جبکہ ایک، ایک زخمی ڈیفنس فیز ٹو، دھوراجی کالونی، اردو بازار، کریم آباد، گلشن اقبال اور دیگر علاقوں سے منتقل کیے گئے۔

دوسری جانب چھیپا ویلفیئر ایسوسی ایشن کے ترجمان نے کہا کہ ان کی ایمبولینس سروس نے بھی مختلف علاقوں سے 23 زخمیوں کو الگ الگ ہسپتالوں میں منتقل کیا۔

بہادر آباد تھانے کے اسٹیشن ہاؤس افسر (ایس ایچ او) قربان علی نے بتایا کہ محمد علی نامی ایک مشتبہ شخص کو لائسنس یافتہ پستول سے ہوائی فائرنگ کرنے پر گرفتار کیا گیا ہے۔

مزید پڑھیں: کراچی: یومِ آزادی پر ہوائی فائرنگ کے نتیجے میں 13 افراد زخمی

جنوبی کراچی کے سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس ایس پی) انوسٹی گیشن ڈاکٹر محمد عمران خان نے بتایا کہ ایک مشتبہ شخص محمد افنان کو عیدگاہ میں ہوائی فائرنگ کرتے ہوئے گرفتار کیا گیا ہے جس سے ایک نائن ایم ایم پستول اور آٹھ گولیاں برآمد ہوئی ہیں۔

ایس ایس پی نے کہا کہ پولیس نے ملزم کے خلاف تعزیرات پاکستان کی دفعہ 337-ایچ (جلد بازی یا لاپرواہی سے نقصان پہنچانے کی سزا) اور دیگر متعلقہ قوانین کے تحت مقدمہ درج کیا ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں