آزادی کے 75 سال مکمل ہونے پر شوبز شخصیات کے خصوصی پیغامات

شوبز شخصیات نے یوم آزادی کے موقع پر قومی پرچم کے ہمراہ تصاویر بھی شیئر کیں—فوٹو : انسٹاگرام
شوبز شخصیات نے یوم آزادی کے موقع پر قومی پرچم کے ہمراہ تصاویر بھی شیئر کیں—فوٹو : انسٹاگرام

ملک کے 76 ویں یوم آزادی کے موقع پر جہاں سیاسی و سماجی شخصیات نے قوم کو مبارک باد پیش کی وہیں شوبز شخصیات نے بھی خصوصی پیغامات جاری کیے۔

اداکار عدنان صدیقی نے جشن آزادی کی مبارکباد دیتے ہوئے دعا کہ کہ ’ہمارا عظیم ملک ہر میدان میں ترقی کرے، ہم اپنے ملک کے بانیان کی اقدار کو برقرار رکھیں، آمین‘۔

اداکار فیصل قریشی نے یوم آزادی کی مناسبت سے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ویڈیو پیغام جاری کرتے ہوئے صارفین کو مبارکباد دی۔

معروف گلوکار اور اداکار علی ظفر نے یوم آزادی کے موقع پر امریکا میں کنسرٹ کا اہتمام کیا۔

ان کے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر شیئر کی گئی کنسرٹ کی ویڈیو میں شرکا کی بڑی تعداد ہاتھوں میں قومی پرچم تھامے نظر آئی۔

اداکار فیروز خان نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر یوم آزادی مبارکباد دیتے ہوئے لکھا ’اج کل اور بار بار، پاکستان زندہ باد‘۔

شوبز انڈسٹری کی لیجنڈ اداکارہ بشریٰ انصاری نے بھی یوم آزادی کی مبارکباد دیتے ہوئے لکھا کہ ’صرف اور صرف باتیں نہیں پاکستان کے لیے کام بھی کریں‘۔

انہوں نے مزید لکھا کہ ’خود کو درست کریں تو پاکستان بھی ٹھیک ہوجائے گا، پاکستان زندہ باد‘۔

معروف اداکارہ مایا علی نے بھی جشن آزادی کی مناسبت سے سبز اور سفید لباس میں تصاویر شیئر کیں۔

اپنے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر انہوں نے لکھا کہ ’آئیے اپنے آپ سے وعدہ کریں کہ ہم اپنے ملک اور اپنی آنے والی نسلوں کے لیے ہمیشہ متحد رہیں گے‘۔

انہوں نے مزید لکھا کہ ’آئیے اپنے پاس موجود ہر چیز کی تعریف کریں اور آزادی کے عظیم معجزے کا جشن منائیں، ہم آزاد ہیں اور آزاد رہیں گے‘۔

ڈرامہ انڈسٹری کی مشہور اداکارہ ایمن خان نے سبز لباس میں اپنی بیٹی کے ہمراہ تصویر شیئر کرتے ہوئے جشن آزادی کی مبارکباد دی۔

ان کی بہن اداکارہ منال خال کے شوہر احسن محسن اکرام نے بھی 14 اگست کا جشن مناتے ہوئے انسٹاگرام پر ویڈیو شیئر کی۔

اداکارہ حرا مانی نے بھی اپنا انسٹاگرام اکاؤنٹ پر جشن آزادی کی مبارکباد دیتے ہوئے ’زندہ باد پاکستان‘ کا نعرہ درج کیا۔

اداکارہ ماورہ حسین، مائرہ خان اور کومل اقبال نے بھی اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹس پر قومی پرچم کی تصاویر شیئر کیں اور دعائیہ کلمات درج کیے۔

اداکار بہروز سبزواری کے بیٹے شہروز سبزواری نے ایک شاپنگ مال میں یوم آزادی کی مناسبت سے تقریب کی میزبانی کی۔

اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر تقریب کی تصاویر شیئر کرتے ہوئے انہوں نے دعا کی کہ ’اللہ ہمارے پیارے وطن کو خوش و خرم اور سلامت رکھے۔‘

اداکارہ مشعل خان نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر جشن آزادی کے حوالے سے اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے ایک طویل نوٹ درج کیا۔

انہوں نے لکھا کہ ’یہ مٹی جو ہمیں اتنی پیاری ہے اسے آج سے 75 سال پہلے پاکستان کا نام دیا گیا، آئیے آج کے دن ہم اپنے ان تمام اجداد کے لیے دعا کریں جنہوں نے اس سرزمین کو پاکستان کا نام دینے کے لیے اپنی زندگیاں وقف کر دیں‘۔

مشعل خان نے کہا کہ ’آئیے ہر روز بہتر سے بہتر پاکستانی بننے کی کوشش کریں، یاد رکھیں کہ اس سرزمین کے بغیر ہم کچھ بھی نہیں ہیں، اس لیے آئیں ہم اسے وہ احترام دینے کی کوشش کریں جس کا یہ مستحق ہے‘۔

انہوں نے مزید کہا کہ ’مجھے امید ہے کہ بحیثیت قوم ہم لڑائی کم اور پیار زیادہ کر سکتے ہیں، نفرت کم اور ایک دوسرے کا زیادہ تحفظ کر سکتے ہیں، جشن آزادی مبارک ہمیشہ ہمیشہ، پاکستان زندہ باد‘۔

تبصرے (0) بند ہیں