الیکشن کمیشن کی ہدایت پر پنجاب میں اعلیٰ افسران کے تبادلے منسوخ

08 اکتوبر 2022
قومی اسمبلی کی 8 خالی نشستوں پر انتخابات 16 اکتوبر کو ہوں گے—فائل فوٹو: اے ایف پی
قومی اسمبلی کی 8 خالی نشستوں پر انتخابات 16 اکتوبر کو ہوں گے—فائل فوٹو: اے ایف پی

الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) کی ہدایت پر پنجاب ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن ڈپارٹمنٹ نے اعلیٰ افسران کے تبادلے معطل کردیے۔

ڈان اخبار میں شائع رپورٹ کے مطابق الیکشن کمیشن نے اُن اضلاع کے افسران کے تبادلے اور تعیناتیاں روکیں جہاں 16 اکتوبر کو ضمنی انتخابات ہوں گے۔

یہ بھی پڑھیں: الیکشن کمیشن کے حکم پر ڈسکہ کے اسسٹنٹ کمشنر، 2 ڈی ایس پیز معطل

رواں ہفتے پنجاب ایکسائزاینڈ ٹیکسیشن ڈیپارٹمنٹ نے صوبے بھر میں 50 اعلیٰ افسران کے تبادلے کیے تھے، ان افسران میں 8 ڈائریکٹرز، 10 انسپیکٹرز، 31 ایکسائز اور ٹیکسیشن افسران شامل تھے۔

تاہم 5 اکتوبر کو الیکشن کمیشن نے ان تبادلوں کا نوٹس لیتے ہوئے فیصل آباد، ملتان اور ننکانہ صاحب کے اضلاع سے تبادلوں کا نوٹیفیکشن معطل کرنے کی ہدایات جاری کی تھیں۔

محکمے نے الیکشن کمیشن کو ان ہدایات پر سختی سے تکمیل کے حوالے سے آگاہ کیا۔

وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہیٰ کے لندن روانہ ہونے سے چند روز قبل پنجاب ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن ڈپارٹمنٹ کی جانب سے تبادلوں اور تقرریوں کا سلسلہ سامنے آیا۔

محکمے کے مطابق افسران کے تبادلوں اور تقرریوں کے پیچھے ایک ریٹائرڈ افسر نے منصوبہ بنایا تھا۔

مزید پڑھیں: بلدیاتی الیکشن: سندھ، پنجاب میں تقرریوں، تبادلوں پر پابندی

یہ احکامات افسران کے خلاف انتقامی کارروائی کے طور پر معلوم ہوتے ہیں ان افسران کے تبادلے پاکستان تحریک انصاف کے اقتدار اور پنجاب میں حمزہ شہباز کی زیر قیادت مسلم لیگ(ن) کی حکومت کے مختصر دورمیں ہوئے تھے کیونکہ اب بظاہر انہیں سائیڈ لائن کیا جارہا ہے یا نچلے درجے کے عہدوں پر تعینات کیا جارہا ہے۔

مثال کے طور پر راولپنڈی میں ایکسائز اور ٹیکسیشن کے ڈائریکٹر تنویرعباس گوندل کو انفورسمنٹ ڈائریکٹرکے طور پر سب سے نچلے درجے کی ذمہ داری سونپی گئی، تنویر عباس کی جگہ ساہیوال سے ایک اہلکار کو تعینات کیا گیا ہے۔

اسی طرح بی ایس-19 کے شاہد علی جن کا تبادلہ لاہور میں ایکسائز ڈپارٹمنٹ کے ڈائریکٹرکے طور پر ہوا تھا اور ان کے جانشین لاہور میں گریڈ 18 کے افسر نعمان خالد تھے۔

یہ بھی پڑھیں: سندھ: 65 بیوروکریٹس کے تبادلوں کا حکم

اس کے علاوہ آپریشن ڈائریکٹر قمرالحسن سجاد کو سائیڈلائن کرکے انہیں انتظامی محکمہ میں رپورٹ کرنے کو کہا گیا، ان کی جگہ ڈپٹی ڈائریکٹر محمد سمیر کو تعینات کیا گیا، محمد سمیر اس سے پہلے گوجرانوالہ میں تعینات تھے۔

ڈان نے اس حوالے سے ایکسائز ٹیکسیشن ڈپارٹمنٹ کی چیف انفارمیشن آفیسر صوبیہ ملک سے رابطہ کرنے کی کوشش کی گئی لیکن ان سے رابطہ نہ ہوسکا۔

واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے ایم این اے کے استعفوں کی منظوری کے بعد قومی اسمبلی کی 8 خالی نشستوں پر انتخابات 16 اکتوبر کو ہوں گے۔

مزید پڑھیں: کراچی میں بلدیاتی انتخابات 23 اکتوبر کو کرانے کا فیصلہ

جن 8 حلقوں میں انتخابات ہوں گے اُن میں این اے 22 مردان، این اے 24 چاسدہ، این اے 31 پشاور، این اے 45 خرم، این اے 108 فیصل آباد، این اے 118 ننکانہ صاحت، این اے 237 ملیر اور این اے 239 کراچی شامل ہیں۔

یاد رہے کہ پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان نے اعلان کیا تھا کہ وہ قومی اسمبلی کے تمام 9 حلقوں میں ہونے والے ضمنی انتخاب میں خود حصہ لیں گے۔

تبصرے (0) بند ہیں