صوبائی سرکاری عہدیداروں کی پی ٹی آئی لانگ مارچ میں شرکت پر پابندی

اپ ڈیٹ 12 اکتوبر 2022
رانا ثنااللہ نے کہا کہ زیرو پونٹ انٹرچینج سمیت مختلف مقامات پر بھی مٹی سے بھرے کنٹینرز رکھے گئے ہیں — فوٹو: محمد وسیم
رانا ثنااللہ نے کہا کہ زیرو پونٹ انٹرچینج سمیت مختلف مقامات پر بھی مٹی سے بھرے کنٹینرز رکھے گئے ہیں — فوٹو: محمد وسیم

وفاقی حکومت نے چاروں صوبوں، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے چیف سیکریٹریز کو ہدایت کی ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے لانگ مارچ میں کوئی سرکاری عہدیدار شرکت نہیں کرے گا۔

ڈان اخبار میں شائع رپورٹ کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے اسلام آباد کی جانب لانگ مارچ کے حوالے سے وزیر داخلہ رانا ثنااللہ کی زیر صدارت اجلاس ہوا۔

یہ بھی پڑھیں: عمران خان کا بیان قابل مواخذہ ہے، مقدمہ درج کرنے کا جائزہ لے رہے ہیں، رانا ثنااللہ

اجلاس میں سیکریٹری داخلہ، چیف سیکریٹریز اور چاروں صوبوں سمیت گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے پولیس چیفس اور اسلام آباد کے چیف کمشنر نے شرکت کی۔

وزیر داخلہ نے چیف سیکریٹریز سے کہا کہ اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ تمام صوبائی حکومت کے سرکاری عہدیدار اسلام آباد میں لانگ مارچ کا حصہ نہیں بنیں گے۔

ان کا کہا تھا کہ ریاست کے خلاف جارحانہ اقدام کو روکنا حکومتی افسران کی ذمہ داری ہے، رانا ثنااللہ نے کہا کہ وفاقی حکومت نے 25 مئی کے لانگ مارچ میں شرکت کرنے والے افراد پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ لانگ مارچ کو روکنے کے لیے افرادی قوت اور وسائل وفاقی حکومت فراہم کرے گی۔

اجلاس کے دوران پی ٹی آئی کے ممکنہ لانگ مارچ سے نمٹنے کے لیے حکمت عملی کا بھی جائزہ لیا گیا۔

مزید پڑھیں: حکومت کا پی ٹی آئی کے لانگ مارچ کو روکنے کا اعلان

اجلاس میں تمام شرکا نے یقین دہائی کروائی کہ لانگ مارچ کی صورت میں آئین اور قانون کی پاسداری کریں گے، یہ صوبائی حکومت کی آئینی ذمہ داری ہے کہ سیاسی جماعت کے غیر قانونی اقدام کو روکا جائے۔

چیف سیکریٹریز اور چاروں صوبوں اور گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے پولیس چیفس سے بھی یقین دہانی کروائی گئی کہ آئین اور قانون کی پاسداری کو یقینی بنائیں، ان کا مزید کہنا تھا کہ کسی بھی سیاسی جماعت، گروپ یا کسی مسلح گروہ کو اسلام آباد پر حملہ کرنے اجازت نہیں دی جائے گی۔

واضح رہے کہ پچھلے ہفتے حکمراں اتحاد نے پنجاب اور خیبر پختونخوا کی صوبائی حکومتوں کو پاکستان تحریک انصاف کے اسلام آباد کی جانب لانگ مارچ میں شرکت کرنے پر خبردار کیا تھا۔

وزارت داخلہ کے ذرائع نے بتایا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حمایت کرنے والے افسران یا پارٹی کے احتجاج یا لانگ مارچ کے لیے پی ٹی آئی کی مدد کرنے والے افسران اور حکام کی نشاندہی کی جاچکی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: خونی لانگ مارچ کا بیان واپس نہ لیا تو گھر سے باہر نہیں نکلنے دوں گا، وزیر داخلہ

ذرائع نے مزید بتایا کہ پاکستان تحریک انصاف کی مالی معاونت کرنے والے تاجر، کاروباری شخصیات اور دیگر افراد کی بھی نشاندہی کی جارہی ہے، اس حوالے سے مختلف ذرائع سے تفصیلات اکٹھی کی جارہی ہیں تاکہ ان کے خلاف کارروائی کی جاسکے۔

اسی دوران اسلام آباد ڈی چوک میں کنٹینر رکھے گئے ہیں جبکہ پولیس اورانتظامیہ کے حکام کا کہنا ہے کہ ڈی چوک پر مٹی سے بھرے کنٹینر بھی رکھے گئے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ زیرو پوائنٹ انٹرچینج سمیت مختلف مقامات پر بھی مٹی سے بھرے کنٹینرز رکھے گئے ہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں