ٹی 20 ورلڈ کپ: کیمفر نے اسکاٹ لینڈ سے فتح چھین لی، آئرلینڈ 6 وکٹوں سے کامیاب

اپ ڈیٹ 19 اکتوبر 2022
آئرلینڈ نے 177 رنز کا ہدف ایک اوور پہلے ہی حاصل کرلیا — فوٹو: کرک انفوٹوئٹر
آئرلینڈ نے 177 رنز کا ہدف ایک اوور پہلے ہی حاصل کرلیا — فوٹو: کرک انفوٹوئٹر

ٹی20 ورلڈ کپ کے کوالیفائنگ مرحلے میں کرٹس کیمفر کی شاندار بلے باز کی بدولت آئرلینڈ نے اسکاٹ لینڈ کو 6 وکٹوں سے شکست دے دی۔

اسکاٹ لینڈ نے آئرلینڈ کے خلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔

اسکاٹ لینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 176 رنز اسکور کیے اور آئرلینڈ کو ٹورنامنٹ میں پہلی جیت کے لیے 177 رنز کا ہدف دیا۔

اسکاٹ لینڈ کی جانب سے مائیکل جونز نے ورلڈ کپ میں اپنی پہلی نصف سینچری اسکور کی۔

ہدف کے تعاقب میں آئرلینڈ کی ٹیم آغاز میں مشکلات کا شکار نظر آئی لیکن پھر مڈل آرڈر بیٹر کرٹس کیمفر کی شاندار بیٹنگ کے باعث میچ میں فتح حاصل کرنے میں کامیاب رہی۔

کرٹس کیمفر نے اپنے ٹی 20 کیریئر کی پہلی نصف سنچری اسکور کی اور 72 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے، انہوں نے 9 رنز دے کر 2 وکٹیں بھی حاصل کی تھیں، شاندار آل راؤنڈر کارکردگی پر انہیں پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔

آئرلینڈ نے 177 رنز کا ہدف ایک اوور پہلے ہی حاصل کرلیا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز زمبابوے نے کوالیفائنگ مرحلے کے اپنے پہلے میچ میں سکندر رضا کی شاندار بیٹنگ کی بدولت آئرلینڈ کو باآسانی 31 رنز سے شکست دی تھی۔

اس سے قبل کھیلے گئے میچ میں اسکاٹ لینڈ نے 2 مرتبہ کی ٹی20 چمپیئن ویسٹ انڈیز کو شکست دے کر اپ سیٹ کردیا تھا، اسی طرح اس سے ایک روز قبل نمیبیا نے سری لنکا جیسی مضبوط ٹیم کو زیر کرکے میگا ایونٹ کا شاندار آغاز کیا تھا۔

ٹی20 ورلڈ کپ کے پہلے مرحلے میں کوالیفائنگ میچز کھیلے جارہے ہیں، مین گراؤنڈ کے لیے مجموعی طور پر 12 ٹیموں کو 2 گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے۔

پہلے مرحلے کے اختتام پر 4 ٹیمیں مین راؤنڈ کے لیے کوالیفائی کریں گی، مین راؤنڈ کا آغاز 22 اکتوبر سے ہوگا۔

ایونٹ میں میزبان آسٹریلوی ٹیم اپنے اعزاز کا دفاع کرے گی، پاکستان ٹی20 ورلڈ کپ میں اپنی مہم 23 اکتوبر کو ملبورن میں روایتی حریف بھارت کے خلاف شروع کرے گا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں