’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ 50 کروڑ روپے کمانے والی پہلی پاکستانی فلم

پاکستانی سینما کی تاریخ میں آج تک کسی فلم نے پہلے ہی ہفتے اتنی زیادہ کمائی نہیں کی۔
شائع 18 اکتوبر 2022 06:05pm

فواد خان، ماہرہ خان، حمزہ علی عباسی اور حمیمہ ملک کی مرکزی کاسٹ پر مبنی ایکشن فلم ’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ ریلیز کے پہلے ہی ہفتے 50 کروڑ روپے کمانے والی اب تک کی پہلی پاکستانی فلم بن گئی۔

پاکستانی تایخ میں آج تک کسی فلم نے ریلیز کے پہلے دن 50 کروڑ روپے نہیں کمائے اور نہ ہی آج تک کسی اور فلم کو بیک وقت دنیا کے 25 ممالک کی 500 اسکرینز پر نمائش کے لیے پیش کیا جا چکا ہے۔

تاہم ’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ نے کئی ریکارڈ اپنے نام کرتے ہوئے ریلیز کے پہلے ہی ہفتے پاکستان سمیت دنیا بھر سے 50 کروڑ روپے سے زائد کی کمائی کرلی۔

یہ بھی پڑھیں: انتظار ختم، ’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ ریلیز

فلم کی پروڈیوسر عمارہ حکمت اور فلم کے آفیشل انسٹاگرام پیج پر شیئر کی گئی اسٹوری میں بتایا گیا کہ فلم نے 18 اکتوبر تک دنیا بھر سے 23 لاکھ امریکی ڈالر اور پاکستانی 50 کروڑ روپے سے زائد کی کمائی کرلی۔

پوسٹ میں بتایا گیا کہ فلم نے بیرون ممالک میں سب سے زیادہ کمائی متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں کی، جہاں فلم نے 5 لاکھ امریکی ڈالر سے زائد کی کمائی کی۔

فلم نے مجموعی طور پر سب سے زیادہ کمائی پاکستان میں ہی کی، تاہم متحدہ عرب امارات کی کمائی مقامی انڈسٹری سے تھوڑی سی کم رہی۔

مزید پڑھیں:’مولا جٹ‘ 400 سے زائد عالمی سینما اسکرینز پر ریلیز ہونے والی پہلی پاکستانی فلم

بیرون ممالک کی کمائی میں برطانیہ دوسرے اور امریکا تیسرے نمبر پر رہا جب کہ کینیڈا چوتھے اور آسٹریلیا پانچویں نمبر پر رہا اور مجموعی طور پر فلم نے پاکستان سمیت دنیا کے 25 ممالک سے صرف 5 دن میں 50 کروڑ روپے سے زائد کی کمائی کی۔

یعنی ’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ نے یومیہ دنیا بھر سے 10 کروڑ روپے کی کمائی کی جو کہ متعدد پاکستانی فلموں کی پوری زندگی کی کمائی کے برابر ہے۔

یہ بھی پڑھیں: دعا ہے ’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ 200 کروڑ روپے کمائے، مصطفیٰ قریشی

حالیہ چند سال میں اگرچہ پاکستانی فلموں کی کمائی میں اضافہ دیکھا گیا، تاہم اس باوجود کسی فلم نے ریلیز کے ابتدائی 5 دن میں 50 کروڑ روپے نہیں کمائے۔

حالیہ چند سال میں ریلیز ہونے والی فلموں ’جوانی پھر نہیں آنی، نامعلوم افراد، پنجاب نہیں جاؤں گی، لندن نہیں جاؤں گا، قائد اعظم زندہ باد اور ایکٹر ان لا‘ جیسی فلموں نے اچھی کمائی کی اور بعض فلموں کا مجموعی بزنس 50 کروڑ روپے تک بھی گیا لیکن کسی فلم نے یومیہ 10 کروڑ اور پانچ دن میں 50 کروڑ روپے نہیں کمائے۔

مزید پڑھیں: ’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ کی شوٹنگ کے دوران بیمار پڑ گئی تھی، ماہرہ خان

ذرائع کے مطابق ’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ کو پاکستانی 50 سے 60 کروڑ روپے کے بجٹ سے تیار کیا گیا، تاہم اس حوالے سے فلم کی ٹیم نے کوئی وضاحت نہیں کی۔

’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ پنجابی زبان کی فلم ہے جو کہ 1979 میں ’مولا جٹ‘ کے نام سے بنائی گئی فلم کا نیا ورژن ہے اور اس فلم کو تقریبا ایک دہائی میں مکمل کرکے ریلیز کیا گیا۔