متحدہ عرب امارات کی نمبیبیا کے خلاف جیت، نیدرلینڈز سپر12 مرحلے میں پہنچ گیا

20 اکتوبر 2022
متحدہ عرب امارات نے ٹی20 ورلڈ کپ میں پہلی فتح حاصل کرلی—فوٹو: اے ایف پی
متحدہ عرب امارات نے ٹی20 ورلڈ کپ میں پہلی فتح حاصل کرلی—فوٹو: اے ایف پی

ٹی20 ورلڈ کپ کے پہلے مرحلے کے ایک اہم میچ میں متحدہ عرب امارات نے نمیبیا کو 7 رنز سے شکست دے کر نہ ایونٹ میں نہ صرف پہلی کامیابی سمیٹی بلکہ گروپ کی دوسری ٹیم نیدرلینڈز کو سپر12 مرحلے میں پہنچادیا۔

آسٹریلیا کے شہر گیلونگ میں کھیلے گئے میچ میں متحدہ عرب امارات نے ٹاس جیت کر پہلے خود بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔

متحدہ عرب امارات کے اوپنرز نے 8 اوورز میں 39 رنز کا آغاز کیا اور وریتیا ارویند 32 گیندوں پر 21 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

دوسری وکٹ پر محمد وسیم اور کپتان چندینگاپوئیل رضوان نے ایک اچھی شراکت کی اور اسکور 97 رنز تک پہنچایا۔

محمد وسیم نے اس شراکت میں 41 گیندوں پر ایک چوکے اور 3 چھکوں کی مدد سے نصف سنچری مکمل کی اور آؤٹ ہوئے۔

کپتان رضوان 29 گیندوں پر 43 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے اور ٹیم کے دوسرے نمایاں بلے باز تھے۔

باسل حمید نے 14 گیندوں پر 2 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 25 رنز بنا کر آخری اوورز میں جارحانہ بیٹنگ کی اور ٹیم کو قابل دفاع ہدف تک پہنچایا۔

متحدہ عرب امارات نے مقررہ اوورز میں 3 وکٹوں پر 148 رنز بنائے۔

نمیبیا کی جانب سے ڈیوڈ ویزے، برنارڈ اسکولز اور بین شیکونگو نے ایک،ایک وکٹ حاصل کی۔

ایک آسان ہدف کے تعاقب میں نمیبیا کا آغاز ناقص ثابت ہوا اور ابتدائی 3 وکٹیں محض 26 رنز پر گر گئیں۔

کپتان جیرہارڈ ایراسمس اور جین فریلنک نے بالترتیب 16 اور 14 رنز کی اننگز کھیل کر ٹیم کا اسکور ہدف کے قریب لے جانے کی کوشش کی لیکن انہیں کامیابی نہیں ملی۔

دونوں بلے باز 67 کے اسکور پر پویلین لوٹ چکے تھے اور ایراسمس کے بعد جے جے سمیت 3 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوئے۔

نمیبیا کا اسکور 13 ویں اوور میں 69 رنز پر پہنچاتھا تو وکٹ کیپر زین گرین کی صورت میں ساتویں وکٹ گرگئی۔

یہ بھی پڑھیں: ٹی 20 ورلڈکپ: نیدرلینڈز کو ہرا کر سری لنکا سپر 12 مرحلے میں پہنچ گیا

ڈیوڈ ویزے نے مشکل وقت میں ٹیم کی ذمہ داری سنبھالی اور برق رفتار اننگز کے ذریعے ٹیم کو جیت کی امید دلائی اور اپنی نصف سنچری بھی مکمل کی۔

دوسرے اینڈ سے روبین ٹرمپیلمین نے 24 گیندوں پر 25 رنز بنا کر ڈیوڈ ویزے کا بھرپور ساتھ دیا لیکن آخری اوور کی پانچویں گیند پر ٹیم کی امیدیں ٹوٹ گئیں۔

ڈیوڈ ویزے 36 گیندوں پر 3 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے 55 رنز بنا کر محمد وسیم کی گیند پر آؤٹ ہوئے تو نمیبیا ایک مرتبہ پھر شکست کے دہانے پر پہنچی۔

نمیبیا نے مقررہ 20 اوورز میں 149 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 8 وکٹوں پر 141 رنز بنائے اور میچ میں 7 رنز سے شکست ہوئی۔

متحدہ عرب امارات کی جانب سے باسل حمید اور ظہور خان نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔

محمد وسیم کو نصف سنچری اور ایک وکٹ لینے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

نمیبیا اس شکست کے ساتھ ٹی20 ورلڈ کپ کے سپر مرحلے تک رسائی کی دوڑ سے باہر ہوگئی اور نیدرلینڈز کی ٹیم 4 پوائنٹس کے ساتھ اگلے مرحلے میں پہنچ گئی۔

گروپ اے سے سری لنکا پہلے ہی 4 پوائنٹس کے ساتھ سپر 12 میں پہنچ چکی ہے جبکہ نمیبیا نے پہلے میچ میں سری لنکا کو اپ سیٹ شکست دے کر خطرے کی گھنٹی بجائی تھی۔

ٹی20 ورلڈ کپ کے پہلے مرحلے کے آخری دو میچ گروپ بی کی ٹیموں کے درمیان پہلا میچ آئرلینڈ اور ویسٹ انڈیز اور دوسرا میچ اسکاٹ لینڈ اور زمبابوے کے درمیان کھیلا جائے گا۔

آسٹریلیا میں جاری ٹی20 ورلڈ کپ کے سپر12 مرحلے کا آغاز 22 اکتوبر کو آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے درمیان میچ سے ہوگا، جس کے بعد افغانستان اور انگلینڈ کی ٹیمیں مدمقابل ہوں گی۔

پاکستان اپنا پہلا میچ 23 اکتوبر کو میلبورن میں روایتی حریف بھارت کے خلاف کھیلے گا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں