اعظم سواتی ویڈیو اسکینڈل: پی ٹی آئی کا تحقیقات کیلئے قائم پارلیمانی کمیٹی کا بائیکاٹ

اپ ڈیٹ 13 نومبر 2022
مولانا غفور حیدری نے اعظم سواتی کی اجلاس میں عدم شرکت پر افسوس کا اظہار کیا— فائل فوٹو: ڈان نیوز
مولانا غفور حیدری نے اعظم سواتی کی اجلاس میں عدم شرکت پر افسوس کا اظہار کیا— فائل فوٹو: ڈان نیوز

سینیٹر اعظم سواتی کی ’قابل اعتراض‘ ویڈیو کی مبینہ لیک کی تحقیقات کے لیے چیئرمین سینیٹ کی جانب سے بنائی گئی خصوصی کمیٹی کے بائیکاٹ کے فیصلے پر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) ڈٹ گئی ہے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق پی ٹی آئی نے کمیٹی کے کنوینر مولانا عبدالغفور حیدری سے کہا کہ وہ اس معاملے پر کسی بھی بیان سے گریز کریں۔

یہ بھی پڑھیں: ایف آئی اے نے سینیٹر اعظم سواتی سے منسوب ویڈیو جعلی قرار دے دی

اعظم سواتی کی کمیٹی کے اجلاس میں عدم شرکت پر مولانا عبدالغفور حیدری کی جانب سے تنقید پر ردعمل دیتے ہوئے اپوزیشن لیڈر سینیٹر شہزاد وسیم نے کہا کہ پی ٹی آئی پہلے ہی چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کی جانب سے بنائی گئی کمیٹی کو مسترد کر چکی ہے کیونکہ اعظم سواتی، سپریم کورٹ سے انصاف چاہتے ہیں۔

مزید برآں ڈاکٹر شہزاد وسیم نے کہا کہ 7 نومبر کو پی ٹی آئی اور اپوزیشن کی اتحادی جماعتوں کے مشترکہ پارلیمانی پارٹی اجلاس میں بھی ایک قرارداد کے ذریعے کمیٹی کو مسترد کردیا گیا تھا اور فیصلہ کیا گیا تھا کہ وہ اس کی کارروائی کا حصہ نہیں بنیں گے۔

مزید پڑھیں: نامعلوم نمبر سے میری بیوی کو ہماری ذاتی ویڈیو بھیجی گئی، اعظم سواتی

انہوں نے کہا کہ اعظم سواتی اور پی ٹی آئی کی اتحادی جماعتوں کے واضح مؤقف کے بعد اعظم سواتی کی اجلاس سے غیر حاضری سے متعلق کنوینر کا بیان حقیقت کے برعکس اور نامناسب تھا۔

2 روز قبل (جمعہ کو) کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرنے کے بعد مولانا غفور حیدری نے اعظم سواتی کی اجلاس میں عدم شرکت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ اس صورتحال میں کمیٹی اعظم سواتی کی کوئی مدد نہیں کرسکے گی۔

تبصرے (0) بند ہیں