داعش کا سربراہ ابو حسن الہاشمی القریشی ہلاک

اپ ڈیٹ 01 دسمبر 2022
— فائل فوٹو: اے ایف پی
— فائل فوٹو: اے ایف پی

شدت پسند تنظیم داعش کا سربراہ ابو حسن الہاشمی القریشی لڑائی کے دوران مارا گیا۔

ڈان اخبار میں شائع رپورٹ کے مطابق بدھ کے روز جاری اپنے بیان میں داعش نے کہا کہ اس کا رہنما ابو حسن الہاشمی القریشی لڑائی میں مارا گیا ہے، شدت پسند گروپ نے ہلاک رہنما کی جگہ متبادل قائد کا اعلان بھی کردیا۔

داعش کے ترجمان نے کہا کہ عراقی نژاد ابو حسن الہاشمی القریشی خدا کے دشمنوں کے خلاف لڑائی میں مارا گیا، ترجمان نے اس کے مارے جانے کی تاریخ یا کن حالات میں وہ مارا گیا اس بارے میں کچھ نہیں بتایا۔

ایک آڈیو پیغام میں بات کرتے ہوئے ترجمان داعش نے گروپ کے نئے رہنما کا تعارف ابو الحسین الحسینی القریشی کے طور پر کرایا۔

انہوں نے نئے رہنما کے بارے میں مزید تفصیلات فراہم نہیں کیں اور صرف اتنا کہا کہ وہ رہنما ’تجربہ کار‘ جہادی ہے اور داعش سے منسلک تمام گروپوں سے اپنی وفاداری کا عہد کرنے کا کہا۔

2014 میں عراق اور شام میں تیزی سے طاقت حاصل کرنے کے بعد داعش نے وسیع علاقے کو فتح کیا جب کہ جارحیت اور تشدد کے باعث اپنی نام نہاد خلافت کو جارحیت کی لہر کے باعث گرتے دیکھا۔

داعش کو 2017 میں عراق میں اور اس کے 2 سال بعد شام میں شکست ہوئی لیکن شدت پسند گروپ کے سلیپر سیلز اب بھی دونوں ممالک میں حملے جاری رکھے ہوئے ہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں