پاکستان میں پولیو کے خاتمے کیلئے جاپان کا 38 لاکھ ڈالر کی امداد کا اعلان

09 دسمبر 2022
حکومت جاپان و یونیسف اور جاپان انٹرنیشنل کوآپریشن ایجنسی و یونیسیف کے درمیان معاہدے پر دستخط ہوئے—فائل فوٹو: ٹوئٹر
حکومت جاپان و یونیسف اور جاپان انٹرنیشنل کوآپریشن ایجنسی و یونیسیف کے درمیان معاہدے پر دستخط ہوئے—فائل فوٹو: ٹوئٹر

پولیو ویکسین کی خریداری کے لیے جاپان کی طرف سے پاکستان کو 38 لاکھ 70 ہزار ڈالر سے زائد کی امداد فراہم کرنے کے لیے معاہدے پر دستخط ہوگئے۔

ڈان اخبار میں شائع رپورٹ کے مطابق امداد سے خریدی جانے والی ویکسین سے پولیو سے پولیو سے متاثرہ اضلاع میں 5 سال سے کم عمر کے ایک کروڑ 86 لاکھ سے زائد بچوں کی ویکسینیشن کی جائے گی۔

گزشتہ روز (8 دسمبر کو) اسلام آباد میں جاپانی حکومت اور اقوام متحدہ چلڈرن فنڈ (یونیسیف) کے درمیان اور جاپان انٹرنیشنل کوآپریشن ایجنسی (جائیکا ) اور یونیسیف کے درمیان معاہدہ پر دستخط ہوئے، دستخط کی تقریب میں وفاقی وزیر برائے نیشنل ہیلتھ سروسز عبدالقادر پٹیل بھی موجود تھے۔

اسی موقع پر بات کرتے ہوئے عبدالقادر پٹیل نے کہا کہ گزشتہ 30 سالوں سے پاکستان نے پولیو کے خاتمے کے لیے طویل سفر طے کیا ہے اور سنہ 1980 اور 1990 میں ہزاروں بچے پولیو وائرس کا شکار ہوئے، لیکن حکومت کی جانب سے اٹھائے گئے اقدامات کے ذریعے پولیو کیسز کی تعداد کو کافی حد تک کم کرنے میں ہم کامیاب رہے۔

انہوں نے پولیو کے خاتمے کے لیے حکومت کے عزم کا ذکرکرتے ہوئے کہا کہ وفاقی وزیر صحت عبدالقادر پٹیل نے کہا کہ انسداد پولیو پروگرام نے کامیابی سے خیبر پختونخوا کے مقامی اضلاع تک وائرس کی گردش کو محدود کر دیا ہے۔

عبدالقادر پٹیل نے اُمید ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ سال 2023 تک پاکستان میں پولیو وائرس کا مکمل خاتمہ ہوجائے گا۔

جاپان کے سفیر واڈا مٹسوہیرو نے حکومت اور یونیسیف کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ خیبرپختونخوا میں ایمرجنسی ویکسین مہم اور پولیو وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے جنوبی وزیرستان میں ٹرانزٹ پوائنٹس بنانے کے لیے حکومت اور یونیسیف کی کوششیں قابل دید ہیں، انہوں نے کہا کہ جاپان پولیو کے خاتمے کے لیے پاکستان اور یونیسیف کی مدد کرتا رہا گا۔

جاپان کے سفیر نے امید ظاہر کی کہ آئندہ سالوں میں نیشنل اور سَب نیشنل مہم محفوظ اور کامیاب رہے گی۔

پاکستان میں جاپان انٹرنیشنل کوآپریشن ایجنسی کے نمائندہ نے کہا کہ حکومت ، یونیسیف اور جاپان سال 2023 کے آخر تک پاکستان کو پولیو سے پاک کرنے کا ہدف حاصل کرنے میں کامیاب ہوجائیں گے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں