فیفا ورلڈ کپ: فائنل میں شکست کے باوجود ایمباپے کا نام امر ہو گیا

19 دسمبر 2022
نوجوان فٹبالر نے عالمی کپ میں سب سے زیادہ 8 گول اسکور کیے اور گولڈن بوٹ کا ایوارڈ لے اڑے— فوٹو: اے ایف پی
نوجوان فٹبالر نے عالمی کپ میں سب سے زیادہ 8 گول اسکور کیے اور گولڈن بوٹ کا ایوارڈ لے اڑے— فوٹو: اے ایف پی

فرانس کے نوجوان سپر اسٹار کائلیان ایمباپے فرانس کو فتح کے انتہائی قریب پہنچانے کے باوجود دوبارہ عالمی چیمپیئن تو نہ بنوا سکے لیکن اپنی عمدہ کارکردگی سے انہوں نے تاریخ میں اپنا نام امر کر لیا۔

محض 23سال کی عمر میں ورلڈ کپ فائنل کھیلنا اور اس میں گول کرنا کسی بھی کھلاڑی کا خواب ہوتا ہے لیکن کائلیان ایمباپے نے اس کم عمری میں ناصرف لگاتار دوسرا فائنل کھیلنے کا اعزاز حاصل کیا بلکہ ایک ہی میچ میں چار گول کا نیا عالمی ریکارڈ بھی بنا دیا۔

لوسیل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے فائنل میچ میں ہیٹ ٹرک سمیت چار گول کرنے والے نوجوان فٹبالر نے عالمی کپ میں سب سے زیادہ 8 گول اسکور کیے اور گولڈن بوٹ کا ایوارڈ لے اڑے۔

فٹبال ورلڈ کپ کی 92سالہ تاریخ میں آج تک کسی بھی کھلاڑی نے ورلڈ کپ فائنل میچ میں ایمباپے سے زیادہ گول اسکور نہیں کیے۔

اس سے قبل 2018 میں کروشیا کے خلاف ورلڈ کپ فائنل میں بھی ایمباپے نے گول کیا تھا اور ان کے ورلڈ کپ میں مجموعی گولوں کی تعداد 12 ہو گئی ہے اور وہ عالمی کپ میں 10سے زائد گول کرنے والے دنیا کے سب سے کم عمر کھلاڑی بن گئے ہیں۔

ان دونوں فائنل مقابلوں میں گول کی بدولت نوجوان اسٹار برازیل کے عظیم کھلاڑی پیلے، مغربی جرمنی کے پال بریٹنر اور فرانس کے زین الدین زیڈان کے ہم پلہ ہو گئے ہیں۔

جہاں لیونل میسی کو ٹورنامنٹ کو بہترین کھلاڑی کی گولڈن بال دی گئی وہیں دوسرے بہترین کھلاڑی کی سلور بال ایمباپے کو دی گئی۔

ادھر دوسری جانب لیونل میسی نے اپنے کیریئر کے آخری ورلڈ کپ کو یادگار بناتے ہوئے فیفا ورلڈ کپ جیتنے کا تاج سر پر سجا لیا۔

25سالہ میسی نے فائنل میں تین گول سمیت مجموعی طورپر 7 مرتبہ گیند کو گول کی راہ دکھائی اور اپنی ٹیم کو چیمپیئن بنوانے میں مرکزی کردار ادا کیا۔

میچ اور ٹورنامنٹ کے بہترین کھلاڑی کا اعزاز جیتنے والے میسی دو ورلڈ کپ میں گولڈن بال جیتنے والے دنیا کے پہلے فٹبالر بن گئے ہیں، اس سے قبل انہوں نے 2014 کے عالمی کپ میں بھی گولڈن بال کا اعزاز اپنے نام کیا تھا۔

ٹورنامنٹ میں دوسرے سب سے زیادہ گول اسکور کرنے پر میسی سلور بوٹ جیتنے میں کامیاب رہے جبکہ فرانس کے اولیور جیرو کو برانز بوٹ دیا گیا۔

ٹورنامنٹ میں تین کلین شیٹس سمیت فائنل کے ایکسٹرا ٹائم کے آخری لمحات میں شاندار گول بچانے پر ارجنٹائن کے گول کیپر کو بہترین گول کیپر قرار دیا گیا جبکہ 21سالہ نوجوان اینزو فرنینڈیز ایونٹ کے بہترین ینگ کھلاڑی قرار پائے۔

پورے ٹورنامنٹ میں سب سے کم فاؤل کرنے پر انگلینڈ کی ٹیم کو فیئر پلے ایوارڈ سے نوازا گیا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں